بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 محرم 1448ھ 23 جون 2026 ء

دارالافتاء

 

بغیر کسی جسمانی عمل کے انزال ہو جائے تو روزے کا کیا حکم ہے؟


سوال

کیا روزے کی حالت میں بغیر مشت زنی کے شہوت کی وجہ سے انزال ہو جائے تو کیا میرا روزہ ٹوٹ جائے گا؟ اس کا کیا حکم ہے؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں روزے کی حالت میں، مشت زنی وغیرہ کے بغیر صرف شہوت کی وجہ سے خود بخود انزال ہو جائے تو روزہ نہیں ٹوٹے گا، لیکن ذہن کو ان چیزوں سے پاک صاف رکھنا چاہئے تاکہ مذکورہ چیزوں سے روزے کی حفاظت ہو، اور ثواب میں کمی نہ آئے۔ اور اگر آدمی کے اپنے عمل دخل کے نتیجے میں انزال ہو جائے تو اس سے روزہ فاسد ہو جائے گا، اور ایسے شخص پر صرف قضا لازم ہوگی، کفارہ لازم نہیں ہوگا۔ اور ساتھ ساتھ توبہ و استغفار بھی کر لینا چاہئے تاکہ ماہِ رمضان اور روزے کی جو بے حرمتی ہوئی ہے، اس کی تلافی ہو جائے۔

فتاویٰ ھندیہ میں ہے:

واذا نظر الی امرأة بشهوة فی وجهها او فرجها کرر النظر اولا لا یفطر اذا انزل کذا فی فتح القدیر، وکذا لا یفطر بالفکر اذا امذی هکذا فی السراج الوهاج۔"

وفيه ایضا:

"الصائم اذا عالج ذکره حتی امذی فعلیه القضاء، وهو المختار وبه قال عامة المشائخ کذا فی البحر الرائق۔ واذا عالج ذکره بید امرأته فأنزل فسد صومه کذا فی السراج الوهاج۔"

(کتاب الصوم، باب ما یفسد صومه، ج:1، ص:204/205، ط: دار الفکر، بیروت)

فقط واللہ اعلم


فتویٰ نمبر : 144609102136

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں