بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بد نظری کا علاج


سوال

بد نظری کا علاج کیا ہے؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں بدنظری سے بچنے کا باقاعدہ کوئی وظیفہ تو نہیں ہے، البتہ  حضورصلی اللہ علیہ وسلم  کی  دو حدیثیں  ذہن میں رکھیں امید ہے  کہ بد نظری سے بچنے کی توفیق ملے گی، پہلی یہ کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم   نے فرمایا کہ کوئی  مسلمان اگر کسی عورت کے محاسن پر اول مرتبہ نظر پڑتے ہی اپنی نظر نیچی کرلے تو اللہ تعالیٰ اسے ایک ایسی عبادت کی توفیق عطا فرماتے ہیں جس کی حلاوت اسے محسوس ہوتی ہے، اور  دوسری  حدیث میں آتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ اے علی! پہلی نظر جو دفعةً کسی عورت پر پڑجائے وہ تو معاف ہے اور اگر تم نے نظر کو جمائے رکھا یا دوبارہ نظر ڈالی تو اس کا وبال قیامت میں تم پر ہوگا۔

اس کے علاوہ  نیک ماحول اور صحبت اختیار کریں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ جس طرح آپ اس بات کو ناپسند کریں گے کہ کوئی آپ کی بہن ،بیٹی کو بری نظر سے دیکھے اسی طرح ہر لڑکی کسی کی بہن اور کسی کی بیٹی ہے، اس کی عزت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ۔ 

اسی طرح راستے میں چلتے ہوئے نگاہیں جھکا کر چلنے کی عادت بنائیں یہ اللہ تعالی کا حکم بھی ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کی سنت بھی، اور ایک مسلمان کے لیے دنیا میں عافیت اور آخرت میں نجات اللہ تعالی کے اوامر پر سنت کے مطابق عمل کرنے ہی میں ہے۔ 

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"وعن أبي أمامة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «ما من مسلم ينظر إلى محاسن امرأة أول مرة ثم يغض بصره إلا أحدث الله له عبادة يجد حلاوتها»."

(کتاب النکاح ، باب النظر الی المخطوبة و بیان العورات جلد 2 ص: 936 ط: المکتب الاسلامي)

وفیہ ایضا:

"وعن بريدة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم لعلي: «يا علي لا تتبع النظرة النظرة فإن لك الأولى وليست لك الآخرة»."

(کتاب النکاح ، باب النظر الی المخطوبة وبیان العورات جلد 2 ص: 933 ط: المکتب الاسلامي)

فقط و اللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144406102175

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں