بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

4 شوال 1445ھ 13 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

b4u کمپنی سے منافع حاصل کرنے کا حکم


سوال

کیا b4u کمپنی میں انویسٹ کرنا اور منافع حاصل کرنا جائز ہے؟

جواب

مذکورہ کمپنی  (B4U) کے کاروبار کا مکمل طریقہ، و منافع کی تقسیم کا طریقہ کار و شرائط اب تک مکمل طور پر واضح نہیں ہیں، ہمیں جو معلومات دست یاب ہوئیں  اس کے مطابق  b4u  نامی  کمپنی  میں سرمایہ کاری کرنے پر کمپنی دوقسم کے پیکج دیتی ہے:

 1-   آپ کا منافع فکس ہوگا۔    2-  آپ کامنافع فکس نہیں رہتا، کم بھی اور زیادہ بھی ہوسکتا ہے۔

دوسری بات یہ ہے کہ مذکورہ کمپنی  (B4U Traders) کرپٹو کرنسی میں بھی سرمایہ کاری کرتی ہے،  کرپٹو کرنسی حکومتِ  پاکستان کی جانب سے منظور شدہ بھی نہیں ہے اور اس کا طریقہ کار بھی مکمل طور سے واضح نہیں ہوا ہے؛ اس لیے فی الحال اس کرنسی کے جواز و عدمِ جواز پر مفتیان کرام نے توقف اختیار کیا ہے اور فی الحال اس کرنسی کو استعمال کرنے یا اس کے ذریعہ سرمایہ کاری کرنے سے منع کیا ہے۔

ان تمام تفصیلات کی روشنی میں B4U کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے کا شرعی حکم یہ ہے کہ پہلا پیکج جس میں کمپنی کی طرف سے فکس منافع دیا جاتا ہے وہ تو مطلقًا ناجائز ہے، کیوں کہ سرمایہ کاری میں فکس منافع دینے کا معاہدہ کرنا ہی خلافِ شریعت اور ناجائز ہے اور ایسی کمائی بھی ناجائز  اور  حرام ہوگی۔  جب کہ دوسرا پیکج  جس میں منافع  فکس (متعین) نہیں کیا جاتا ہے اس میں بھی سرمایہ کاری کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے؛ کیوں کہ اس پیکج میں سرمایہ کاری کرنے سے کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنا لازم آئے گا جو کہ فی الحال از روئے فتویٰ ممنوع ہے، دوسری بات یہ ہے کہ  صرف منافع فکس نہ ہونے سے منافع حلال نہیں ہوتا، بلکہ دیگر شرعی حدود و شرائط کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے، اس لیے اس دوسرے پیکج میں سرمایہ کاری کرنے کے طریقہ کار کی مکمل تفصیل اور شرائط وغیرہ دیکھ کر ہی اس بارے میں مزید واضح حکم بتایا جاسکتاہے، چنانچہ  جب تک مذکورہ کمپنی کے تمام پہلو مکمل واضح نہ ہو جائیں، اس وقت تک  دوسری قسم(  یعنی جس میں منافع متعین نہیں ہوتا) میں بھی انویسٹمنٹ کرنے سے   اجتناب کیا جائے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(وكون الربح بينهما شائعًا) فلو عين قدرًا فسدت."

(كتاب المضاربة، ج:5، ص:648، ط:ايج ايم سعيد)

مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح میں ہے:

"وعن النعمان بن بشير - رضي الله عنهما - قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " «الحلال بين والحرام بين، وبينهما مشتبهات لايعلمهن كثير من الناس، فمن اتقى الشبهات استبرأ لدينه وعرضه، ومن وقع في الحرام كالراعي يرعى حول الحمى يوشك أن يرتع فيه، ألا وإن لكل ملك حمى، ألا وإن حمى الله محارمه، ألا وإن في الجسد مضغة إذا صلحت صلح الجسد كله، وإذا فسدت فسد الجسد كله، ألا وهي القلب» ". متفق عليه."

(باب الكسب وطلب الحلال، ج:5، ص:1891، ط:دار الفكر.بيروت)

B4U a Secure Cryptocurrency Trading Company its Infrastructure Facilitates Investment in the Cryptocurrencies industry with Daily Profit Growth on Investment. B4U is group of people who have large experience of trading, investment tricks and market scope. By using their skills and expertise we trade your investment in the market and earn profit. our major investment domains are as following: Investment in property deals Investment in Crypto Exchange Investment in Information Technologies Investment in Transport Services Investment in Trading ۔

مآخذ: https://www.b4uglobal.com/)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144207201424

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں