بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

اگر تم نے میرے موبائل یا لیپ ٹاپ کو ہاتھ بھی لگایا تو تم آزاد ہو،کہنے کا حکم


سوال

میرے ایک دوست نے بیوی کو لڑائی اور غصہ کی حالت میں کہا ، اگر تم نے میرے موبائل یا لیپ ٹاپ کو ہاتھ بھی لگایا تو تم آزاد ہو، اسکا مقصد بیوی کو صرف ڈرانا یا تنبیہ کرنا تھا، اس کی بیوی نے بعد میں لیپ ٹاپ کو جان بوجھ کر ہاتھ لگا دیا تو کیا طلاق واقع ہو گئی؟ اگر ہو گئی ہے تو کیا عدت ختم ہونے سے پہلے رجوع کر سکتے ہیں؟ 

جواب

واضح رہے کہ لفظِ آزاد ہمارےعرف میں وقوعِ طلاق کے بارے میں صریح  ہے، یعنی لفظ آزاد سے طلاق دی جائے تو نیت کے بغیر ہی طلاقِ بائن   واقع ہو جاتی ہے،جس سے  نکاح  اسی وقت ٹوٹ جاتا ہے، پھر دوبارہ ساتھ رہنا شرعاً جائز نہیں ہوتا، دوبارہ ساتھ رہنے کے لیے شرعی طریقے سے تجدیدِ نکاح  کرنا ضروری ہوتا ہے۔

لہذا صورت مسئولہ میں اگرسائل کے دوست نے اپنی بیوی کو  یہ الفاظ کہے تھے کہ "اگر تم نے میرے موبائل یا لیپ ٹاپ کو ہاتھ بھی لگایا تو تم آزاد ہو"اور اس کے بعد  اس کی بیوی نے لیپ ٹاپ کو جان بوجھ کر ہاتھ لگا دیا تو ایسی صورت میں شرط کے پائے جانے کی وجہ سے سائل کے مذکورہ دوست کی بیوی پر ایک طلاقِ بائن واقع ہو کرنکاح ٹوٹ چکا ہے،اب رجوع جائز نہیں ، البتہ اگر سائل کا دوست اور اس کی مطلقہ دونوں باہمی رضامندی سے دوبارہ آپس میں گھر آباد کرنا چاہیں تو  دو گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر  کے ساتھ تجدیدِ نکاح کر کے اپنا گھر بسا سکتے ہیں،اور آئندہ کے لیے سائل کے دوست کے پاس بقیہ دو طلاقوں  کا حق ہو گا،اور اگرسائل کے دوست کی بیوی علیحدہ ہونے کے وقت سے اپنی عدت( پوری تین ماہواریاں اگر حمل نہ ہو تو،اور اگر حمل ہو تو بچے کی پیدائش تک ) گزار کر کسی دوسری جگہ نکاح کرنا چاہے تو بھی کر سکتی ہے، سائل کا دوست  یا دوسراکوئی بھی  شخص تجدیدِ نکاح پر مجبور نہیں کر سکتا۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق."

(كتاب الطلاق،الباب الرابع في الطلاق بالشرط ج:1،ص:420،ط:رشيديه)

قرآنِ مجید میں ہے:

"{وبُعُولَتُهُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّهِنَّ فِي ذَٰلِكَ إِنْ أَرَادُوا إِصْلَاحًا}."[البقرة: 228]

ترجمہ: "اور ان (مطلقہ عورتوں) کے شوہر انہیں واپس (اپنے نکاح میں) لوٹانے کے زیادہ حق دار ہیں اگر وہ اصلاح چاہیں۔"

فتاوی ہندیہ میں ہے :

"إذا كان الطلاق بائناً دون الثلاث فله أن يتزوجها في العدة وبعد انقضائها."

(كتاب الطلاق، ج: 1 ، ص: 472، ط : رشيديه)

فتاوی شامی میں ہے:

"(قوله: فيقع بلا نية؛ للعرف) أي فيكون صريحاً لا كناية، بدليل عدم اشتراط النية وإن كان الواقع في لفظ الحرام البائن؛ لأن الصريح قد يقع به البائن، كما مر، لكن في وقوع البائن به بحث سنذكره في باب الكنايات، وإنما كان ما ذكره صريحاً؛ لأنه صار فاشياً في العرف في استعماله في الطلاق، لايعرفون من صيغ الطلاق غيره، ولا يحلف به إلا الرجال، وقد مر أن الصريح ما غلب في العرف استعماله في الطلاق بحيث لايستعمل عرفاً إلا فيه من أي لغة كانت، وهذا في عرف زماننا كذلك، فوجب اعتباره صريحاً، كما أفتى المتأخرون في "أنت علي حرام" بأنه طلاق بائن؛ للعرف بلا نية، مع أن المنصوص عليه عند المتقدمين توقفه على النية."

 (در مع الرد،كتاب الطلاق،3/ 252،ط:سعيد)

البحر الرائق میں ہے:

"والأوجه عندي أن يقع بائنا كما في فتح القدير، وفي المعراج، والأصل الذي عليه الفتوى في الطلاق بالفارسية أنه إن كان فيه لفظ لا يستعمل إلا في الطلاق فذلك اللفظ صريح يقع بلا نية إذا أضيف إلى المرأة مثل زن رها كردم في عرف أهل خراسان، والعراق بهيم لأن الصريح لا يختلف باختلاف اللغات وما كان بالفارسية يستعمل في الطلاق وغيره فهو من كنايات الفارسية فحكمه حكم كنايات العربية في جميع الأحكام."

(البحر الرائق شرح كنز الدقائق ومنحة الخالق وتكملة الطوري،کتاب الطلاق، 3/ 323)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"أنت حرة۔۔۔۔۔۔يقع الطلاق وإن قال لم أنو الطلاق لا يصدق قضاء."

 الفتاوى الهندية،کتاب الطلاق، 1/ 375)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144403101113

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں