
جیسے کہ آپ کے علم میں ہوگا آج کل آٹومیٹک واشنگ مشینیں(automatic washing machine) آئی ہوئی ہیں ،جن میں کپڑا ایک دفعہ ڈالیں تو وہ تین دفعہ پانی نچوڑ کر کپڑا صاف کر دیتی ہیں۔اس مشین کے اندر کپڑے کے اندر سے پانی ایک دفعہ آتا ہے اور پھر کپڑا دھو کر پانی نکل جاتا ہے، پھر دوبارہ اسی طرح سے دوسری دفعہ بھی نیا پانی آتا ہے اور وہ کپڑا صاف کر کے دوبارہ نکل جاتا ہے ،پھر تیسری دفعہ بھی نیا پانی آتا ہے اور وہ صاف کر کے چلا جاتا ہے ۔
میں یہ جاننا چاہتا ہوں اس طرح کپڑے کی پاکی ناپاکی کا مسئلہ جو ہے وہ رہتا ہے یا ختم ہو جاتا ہے؟ کپڑے کے اوپر غلاظت نجاست لگی ہو تو وہ پاک ہو جاتا ہے کپڑا؟ ایسے بنا نچوڑے مشین کے اندر خود ہی سے کپڑا پاک ہو جاتا ہے؟
صورت مسئولہ میں اگر واشنگ مشین کپڑے سے پانی تین دفعہ گزار کر مکمل باہر پھینک دیتی ہے، اور کپڑے کو بھی اس طرح نچوڑ دیتی ہے کہ اس سے پانی ٹپکنا بند ہوجائے، اور ناپاکی بھی لگی باقی نہ رہے، تو اس صورت میں تو ناپاک کپڑا واشنگ مشین میں اس طرح دھونے سےپاک ہوجائے گا، اور اگر یہ تمام شرائط نہیں پائی گئیں، تو پھر کپڑا پاک نہیں ہوگا۔
بہتر یہی ہے کہ پہلے کپڑے پر موجودناپاک جگہ کو پاک کرلیا جائے، پھر واشنگ مشین میں ڈالا جائے۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:
"وإزالتها إن كانت مرئية بإزالة عينها وأثرها إن كانت شيئا يزول أثره ولا يعتبر فيه العدد ... وإن كانت غير مرئية يغسلها ثلاث مرات. كذا في المحيط ويشترط العصر في كل مرة فيما ينعصر ويبالغ في المرة الثالثة حتى لو عصر بعده لا يسيل منه الماء ويعتبر في كل شخص قوته وفي غير رواية الأصول يكتفي بالعصر مرة وهو أرفق. كذا في الكافي وفي النوازل وعليه الفتوى. كذا في التتارخانية والأول أحوط. هكذا في المحيط."
( کتاب الطہارۃ، الفصل الاول فی تطہیر الانجاس،ج:1، ص:41-42، ط:رشیدیہ)
وفیہ ایضاً:
"ثوب نجس غسل في ثلاث جفان أو في واحدة ثلاثا وعصر في كل مرة طهر لجريان العادة بالغسل. هكذا فلو لم يطهر لضاق على الناس."
( کتاب الطہارۃ،الفصل الاول فی تطہیر الانجاس،ج:1، ص: 42، ط:رشیدیہ)
فقط واللہ اعلم
فتویٰ نمبر : 144710101549
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن