بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عورتوں کےلیے ہیئراسٹائل بنانےکاحکم


سوال

کیا لڑکیاں ہیئر سٹائل بناسکتی ہیں؟

جواب

واضح رہےکہ بالوں کے سلسلہ میں اصولی بات یہ ہےکہ مسلمانوں کوایسی وضع قطع اختیارکرنے کی اجازت نہیں جس میں کافروں یافاسقوں اوربدکاروں کی مشابہت پائی جائے،نیز اسلام نے مردوں کوعورتوں کے ساتھ اورعورتوں کومردوں کے ساتھ بھی مشابہت سے منع کیاہے اورایساکرنے والوں کولعنت کامستحق قراردیاہے،لہٰذا خواتین کےلیےبالوں کی ایسی ہیئت بنانا جس میں مردوں کے ساتھ مشابہت ہویافساق وفجار کے ساتھ مشابہت ہو یا بال کاٹنا پڑتے ہوں ،ناجائزوحرام ہے۔

حدیث شریف میں ہے:

"قال النبي صلى الله عليه وسلم: «‌لعن ‌الله ‌المتشبهين من الرجال بالنساء والمتشبهات من النساء بالرجال» . رواه البخاري."

(مشكاة المصابيح، كتاب اللباس، 1262/2، ط: المكتب الإسلامي بيروت)

ترجمہ:'' رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:اللہ تعالی کی لعنت ہے ان مردوں پر جو عورتوں کی مشابہت اختیارکرتے ہیں اور ان عورتوں پر جومردوں کی مشابہت اختیار کرتی ہیں''۔

عورتوں کو بال بنانے کے سلسلے میں شریعت نے جو ہدایات دی ہیں، وہ د رج ذیل ہیں:

1۔عورت کے لیے سر کے بال کٹواناجائزنہیں،عورت کے لیے سرکے بال مثل مردوں کی داڑھی کے ہے،لہذاعورتوں کے لیے بال کٹاناحرام ہے۔

2-عورتوں کی دوچوٹیوں کافیشن غلط ہے۔

3- اونٹ کے کوہان کی طرح چوٹیاں بنانا بھی درست نہیں۔

4-ٹیڑھی مانگ نکالنااسلامی تعلیم کے خلاف ہے ،مسلمانوں میں اس کارواج گمراہ قوموں کی تقلیدسے ہواہے اس لیے ترک کرناواجب ہے۔

5-عورت کو بالوں کی مینڈھیاں بنانے اور نہ بنانے دونوں کا اختیار ہے، اور جتنی چاہیں مینڈھیاں بنا سکتی ہیں،اور اگر چاہیں تو بالوں کو کھلا بھی چھوڑ سکتی ہیں لیکن بالوں کو بے ڈھنگے انداز میں نہ چھوڑیں۔

حاصل یہ ہےکہ عورتوں کےلیےشرعی حدود میں رہتےہوئےاپنےبال بنانا اورسنوارناجائزہے،جب کہ بالوں کی ایسی ہیئت بنانا جس میں مردوں کے ساتھ مشابہت ہویافساق وفجار کے ساتھ ،ناجائزوحرام ہے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144407100532

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں