بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

21 شوال 1445ھ 30 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

آرمی کے جوانوں کے لیے کالے خضاب کے استعمال کرنے کا حکم


سوال

پاکستان آرمی کے نوجوان جو کہ بارڈر ایریا یا کسی بھی ایریا میں ہیں،  ان کےلیے سیاہ ہئیر کلر استعمال کرنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

عام حالات میں سفید  بالوں کو سیاہ کرنے کے لیے کالا خضاب لگانا  جائز نہیں،  احادیثِ مبارکہ میں خالص کالے رنگ کاخضاب لگانے کی ممانعت اور سخت وعیدآئی ہے، لہٰذا خالص کالے رنگ کا خضاب لگانا جائز نہیں ہے، خالص سیاہ رنگ کے علاوہ کسی بھی رنگ (مثلاً:سرخ، براؤن  یاسیاہی مائل رنگ)کاخضاب لگاسکتے ہیں۔

  البتہ صرف حالتِ جہاد میں دشمن کو مرعوب رکھنے اور اس کے سامنے جوانی اور طاقت کے اظہار کے لیے کالا خضاب استعمال کرنے کی  اجازت دی گئی ہے، لہذا صورتِ مسئولہ  میں آرمی کے جوانوں کے لیے   دشمنانِ  اسلام کے خلاف  جنگ کے موقع  پر   (یا جہاں مقابل کفار ممالک کے فوجیوں سے موازنہ یا مشقیں ہوں، یا اسلامی شوکت کا اظہار ہو) کالا خضاب استعمال کرنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ عام حالات  میں  خالص سیاہ رنگ کے خضاب کے استعمال کی اجازت نہیں ہے ۔

سنن ابی داؤد میں ہے:

"عن ابن عباس، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «يكون قوم يخضبون في آخر الزمان بالسواد، كحواصل الحمام، لا يريحون رائحة الجنة ."

(ج:4، ص:87، ط:دار الفكر۔بیروت)

ترجمہ:"حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہماارشادفرماتے ہیں: جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:آخری زمانہ میں کچھ لوگ ہوں گے جوسیاہ خضاب لگائیں گے،جیسے کبوترکاسینہ،ان لوگوں کوجنت کی خوشبوبھی نصیب نہ ہوگی"۔

فتاویٰ ہندیہ میں ہے:

"اتفق المشايخ رحمهم الله تعالى أن الخضاب في حق الرجال بالحمرة سنة، و أنه من سيماء المسلمين وعلاماتهم، وأما الخضاب بالسواد فمن فعل ذلك من الغزاة؛ ليكون أهيب في عين العدو فهو محمود منه، اتفق عليه المشايخ رحمهم الله تعالى، ومن فعل ذلك ليزين نفسه للنساء وليحبب نفسه إليهن فذلك مكروه، وعليه عامة المشايخ."

(ج:5، ص:359، ط:دار الفكر۔بیروت)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144504100295

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں