میں نے بیوی سے کہا کہ: ’’اگر آج کے بعد تم بغیر نقاب (گاؤن) کے باہر گئی تو تمہیں میری طرف سے طلاق۔‘‘مہربانی فرما کر اس کا جواب بتا دیں کہ:کیا ایک بار باہر جانے سے طلاق معلق ہو جائے گی اور شرط پوری ہونے پر طلاق واقع ہو جائے گی؟یا جب جب وہ باہر جائے گی تو طلاق ہوتی جائے گی؟نیز، اگر ایک بار شرط پوری ہو جائے تو کیا بغیر نکاح کے رجوع ہو سکتا ہے یا تجدیدِ نکاح ضروری ہو گی؟
صورتِ مسئولہ میں سائل کا اپنی بیوی سے یہ کہنے کے بعد کہ: "اگر آج کے بعد تم بغیر نقاب (گاؤں) کے باہر نکلی تو تمہیں میری طرف سے طلاق"— تو سائل کے یہ الفاظ ایک معلق طلاق کے ہیں، لہٰذا مذکورہ معلق طلاق کے بعد اگر بیوی بغیر نقاب کے باہر گئی تو اس سے ایک طلاقِ رجعی واقع ہو جائے گی۔ جس کے بعد سائل کو اپنی بیوی کی عدت (پوری تین ماہواریاں اگر حمل نہ ہو، اور اگر حمل ہو تو بچہ کی پیدائش تک) کے اندر رجوع کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ اگر عدت کے اندر رجوع نہ کیا تو عدت گزرنے کے بعد نکاح ختم ہو جائے گا، پھر رجوع نہیں ہو سکتا۔ البتہ دونوں میاں بیوی اپنی رضامندی سے نئے مہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کر سکتے ہیں، لیکن شوہر کے پاس اس کے بعد دو طلاقوں کا اختیار باقی رہے گا۔ ایک مرتبہ شرط پوری پائی جانے کے بعد دوبارہ اگر بیوی بغیر نقاب کے باہر گئی تو مزید کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی۔
الدر مع الرد میں ہے:
"(وفيها) كلها (تنحل) أي تبطل (اليمين) ببطلان التعليق (إذا وجد الشرط مرة إلا في كلما فإنه ينحل بعد الثلاث) لاقتضائها عموم الأفعال.
(قوله أي تبطل اليمين) أي تنتهي وتتم، وإذا تمت حنث فلا يتصور الحنث ثانيا إلا بيمين أخرى لأنها غير مقتضية للعموم والتكرار لغة نهر."
(کتاب الطلاق،باب التعليق،ج:3،ص:341،ط:سعید)
وفيه أيضاً :
"(هي استدامة الملك القائم)بلا عوض ما دامت (في العدة)...(إن لم يطلق بائنا) فإن أبانها فلا.
(قوله: إن لم يطلق بائنا) هذا بيان لشرط الرجعة...قلت: هي أن لا يكون الطلاق ثلاثا في الحرة".
(كتاب الطلاق،باب الرجعة،ج:3،ص:397/400،ط: سعید )
بدائع الصنائع میں ہے:
"وأما شرائط جواز الرجعة فمنها قيام العدة، فلا تصح الرجعة بعد انقضاء العدة؛ لأن الرجعة استدامة الملك، والملك يزول بعد انقضاء العدة، فلا تتصور الاستدامة إذ الاستدامة للقائم لصيانته عن الزوال لا للمزيل".
(كتاب الطلاق،فصل في شرائط جواز الرجعة،ج:3،ص:183،ط:سعید)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144610100785
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن