
عدل ، انصاف ، مساوات ، برابری اور اعتدال میں کیا فرق ہے رہنمائی کیجیے۔
عرف عام اور عام بول چال کے اعتبار سے یہ الفاظ باہم مترادف اور اِن کے مابین معنوی کے اعتبار سے کوئی زیادہ تفاوت نہیں پایا جاتا، اور اِن سب کا بنیادی مشترکہ مقصودی معنی ظلم و زیادتی، غلو وتقصیر اور حق تلفی سے بچنا بچانا ہے۔
البتہ بعض علمائے لغت و مفسرین نےاِن الفاظ میں سے بعض کے درمیان یہ فرق بیان کیا ہے کہ ”عدل“ کا معنی ہر شخص کو اس کا جائز حق دینا ہے، جبکہ”انصاف“ کا معنی آدھا کرنےاور برابری کرنے کے آتے ہیں ۔ اور”مساوات“ اگرچہ انصاف کے ہم معنی ہے البتہ اس کا زیادہ تر اطلاق ناپ تول، حجم، وزن ،مقدار، رتبے اور قدروقیمت میں یکسانیت پر ہوتا ہے۔”اعتدال“عدل سے بنا ہےجو اکثر و بیشتر کسی بھی معاملہ یا فعل و عمل میں افراط و تفریط سے بچنے اور درمیانی روش یعنی میانہ روی اختیار کرنے کے لیے بولا جاتا ہے۔نیز ”برابری“ اردو کا لفظ ہے جوعدل ، انصاف و مساوات اِن سب کا ہم معنی ہے۔
الفروق اللغویہ للعسکری میں ہے:
"الفرق بينه وبين الإنصاف
أن الإنصاف إعطاء النصف والعدل يكون في ذلك وفي غيره ألا ترى أن السارق إذا قطع قيل أنه عدل عليه ولا يقال إنه أنصف وأصل الإنصاف أن تعطيه نصف الشيء وتأخذ نصفه من غير زيادة ولا نقصان وربما قيل أطلب منك النصف كما يقال أطلب منك الإنصاف ثم استعمل في غير ذلك مما ذكرناه ويقال أنصف الشيء إذا بلغ نصف نفسه ونصف غيره إذا بلغ نصفه."
(الباب الثامن عشر، ص: 234، ط: دار العلم والثقافة)
وفیہ ایضاً:
"أن المساواة تكون المقدارين اللذين لايزيد أحدهما على الآخر ولا ينقص عنه والتساوي التكافؤ في المقدار."
(الباب التاسع، ص:155، ط: دارالعلم والثقافة)
تفسیر خازن میں ہے:
"وأصل العدل في اللغة المساواة في كل شيء من غير زيادة في شيء ولا غلو ولا نقصان فيه، ولا تقصير فالعدل هو المساواة في المكافأة إن خيرا فخير، وإن شرا فشر والإحسان أن تقابل الخير بأكثر منه والشر بأن تعفو عنه: وقيل: العدل الإنصاف ولا إنصاف أعظم من الاعتراف للمنعم بإنعامه."
(سورۃ النحل، ج: 3، ص: 95، ط: دار الکتب العلمیة)
احکام القرآن للجصاص میں ہے:
"أما العدل فهو الإنصاف."
(سورۃ النحل، ج: 5، ص: 11، ط: دار إحیاء التراث)
اردو لغت (تاریخی اصول پر) میں ہے:
”بَرابَری:...مساوات ، عدل ، یکساں برتاؤ۔“
(حرف ب، جلد دوم، صفحہ: 971، ط:ترقی اردو بورڈ کراچی)
فقط واللہ اعلم
فتویٰ نمبر : 144712101334
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن