
باسمہٖ تعالیٰ
محترم جناب امام صاحب ومعزّزاراکین مسجد کمیٹی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم اور آپ سب سے امت کی صلاح و فلاح کاکام لے، آمین!
دینِ اسلام ہماری ضرورت ہے، بقدر ضرورت دینی احکام جاننا ہر مسلمان پر فرض ہے اور بعض مسلمانوں پر سرپرست ہونے کے ناطے اپنے بچوں اور ماتحتوں کو دین کے ضروری احکام سے آگاہ کرانے کا فریضہ بھی عائد ہوتا ہے، اور دیگر فرائض کی طرح اس فریضہ کی کوتاہی پر بھی باز پرس ہوگی۔ عام طور پر اس فریضہ کا احساس ہی نہیں یا پھر ہمارا نظام الاوقات اس سلسلہ میں رکاوٹ ہے اور ہم چاہت و حسرت کے باوجود اس کے لیے وقت نہیں نکال سکتے۔ بالخصوص ہمارے نونہال بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کی ضرورت کومدنظر رکھتے ہوئے جو ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے کماحقہ اسے پورا نہیں کرتے۔ یہ واضح ہے کہ اولاد کی ضروری تعلیم و تربیت کا حق ادا کرنے کی کوشش نہ کی تو یہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے علاوہ اللہ تعالیٰ کی حکم عدولی بھی ہوگی۔اس نزاکت اور ضرورت کے تحت سالانہ تعطیلات (جون جولائی) میںسکول و کالج میں زیر تعلیم طلباء کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے مختلف مساجد میں گزشتہ چند سالوں سے چالیس روزہ کورس کا اہتمام کیاجارہا ہے، حوصلہ افزا کامیابی، مفید ثمرات اور مسلمان بچوں کےشوق و رغبت کو دیکھتے ہوئے یہ از حد مفید سمجھتے ہیں کہ اس سلسلہ کو جتنا وسیع کیا جائے بہتر ہے۔
اس لیےہماری آپ سے خیر خواہانہ درخواست ہےکہ آپ بھی اپنی مساجد میں اس طرح کے کورس کا اہتمام فرمائیں۔
شکریہ!