بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

30 ذو الحجة 1447ھ 16 جون 2026 ء

بینات

 
 

تبصرہ وتعارف، نقدونظر

تبصرہ وتعارف، نقدونظر

 

الجزاء الأوفٰی في ذکر أسماء المصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم  مع الصلٰوۃ علی النبي المصطفٰی  صلی اللہ علیہ وسلم 

تالیف: مولانا غلام یاسین بن محمد صاحب۔ صفحات: ۲۲۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: شعبہ دارالتصنیف والتحقیق وناشر خانقاہِ صدیقیہ، جامع مسجد ابوبکر صدیقؓ، آرائیں واہن، تحصیل میلسی، ضلع وہاڑی۔ رابطہ نمبر:   03027457824
زیرِتبصرہ کتاب میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کے ۸۳۳ صفاتی نام اور اسماء مبارکہ جمع کیے گئے ہیں۔ ذکر کردہ اسماء مبارکہ بالخصوص درج ذیل کئی کتابوں سے اخذ کیے گئے ہیں: علامہ ابن دحیہؒ کی ’’المستوفی في أسماء المصطفٰی  صلی اللہ علیہ وسلم‘‘، علامہ سخاویؒ کی ’’القول البدیع‘‘، ملاعلی قاریؒ کی ’’شرح الشفاء‘‘، علامہ محمد بن یوسف صالحی شامیؒ کی ’’سبل الھدی والرشاد في سیرۃ خیر العباد‘‘، علامہ عبدالباسط بلقینیؒ کی کتاب ’’الوفا بشرح الاصطفاء من أسماء المصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ اور علامہ قسطلانیؒ کی ’’المواہب اللدنیۃ‘‘ مع شرح زرقانیؒ۔ ان کے علاوہ دیگر کتب سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔ اردو ذخیرہ میں یہ کتاب سیرتِ طیبہ کے موضوع پر ایک جامع اور بابرکت اضافہ ہے۔ 
اسماء مبارکہ کو محض ترتیب وار ذکر کرنے کے بجائے ہر اسم مبارک سے پہلے اور بعد میں درود شریف لکھا گیا ہے، اور ساتھ میں ہر اسم مبارک کا ترجمہ بھی دیا گیا ہے۔ بطور نمونہ چند مثالیں ملاحظہ فرمائیے:
 

اَللّٰہُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰی سَیِّدِنَا ’’الْأبَرِّ بِاللہِ‘‘ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَعَلٰی اٰلِہٖ وَأصْحَابِہٖ وَبَارَکَ وَسَلَّمَ
سب سے زیادہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت کرنے والے 
اَللّٰہُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰی سَیِّدِنَا ’’الْأبْطَحِيِّ‘‘ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَعَلٰی اٰلِہٖ وَأصْحَابِہٖ وَبَارَکَ وَسَلَّمَ
وادیِ بطحاء کے سردار 
اَللّٰہُمَّ صَلِّ وَسَلِّمْ عَلٰی سَیِّدِنَا ’’أتْقَی النَّاسِ‘‘ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَعَلٰی اٰلِہٖ وَأصْحَابِہٖ وَبَارَکَ وَسَلَّمَ
سب سے بڑھ کر متقی 

صفحہ نمبر :۴۲ سے صفحہ نمبر :۱۸۰ تک ۸۳۳؍ اسماء مبارکہ مع درود شریف درج کیے گئے ہیں،اور صفحہ نمبر: ۱۸۱ سے صفحہ نمبر: ۲۲۰ تک تمام اسماء مبارکہ کے مآخذ کا حوالہ دیا گیا ہے۔ 
کتاب میں مذکور تمام اسماء مبارکہ کو ہفتہ کے اعتبار سے سات منزلوں پر تقسیم کیا گیا ہے، یعنی روزانہ چند اسماء مبارکہ کے ساتھ درود شریف کی ایک منزل پڑھنے سے سات دنوں میں تمام اسماء مبارکہ مع درود شریف پڑھے جاسکتے ہیں۔ یہ عمل موجبِ برکت وثواب ہے، ان شاء اللہ۔ 
دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، مؤلف کے لیے ذخیرۂ آخرت بنائے اور تمام مسلمانوں کو حضور نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و شفاعت نصیب فرمائے، آمین!

توضیح التوضیح شرح اردو التوضیح والتنقیح (۲ جلدیں)

شارح: مفتی سید رحیم الدین صاحب۔ صفحات جلد اول:۴۴۶، صفحات جلد دوم:۹۳۱۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر : اسلامی کتب خانہ، بالمقابل جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی۔ رابطہ نمبر: 03352420737
علومِ اسلامیہ میں علمِ اصولِ فقہ نہایت اہم مقام رکھتا ہے، کیونکہ اس علم میں قرآن و سنت سے شرعی احکام کے اخذ واستنباط کے اصول و قواعد مدون کیے گئے ہیں، اور اسی علم کی بدولت مجتہدین نے دین کے احکام کو منظم انداز میں بیان کیا ہے۔ علمِ اصولِ فقہ دلائل کی ترتیب کو سمجھاتا ہے، علمِ فقہ کو مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے اور ہر دور کے نئے مسائل کو ذخیرۂ فقہِ اسلامی کی روشنی میں حل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ 
علم اصولِ فقہ میں علماء حنفیہ کی تصانیف سے ایک پورا کتب خانہ تیار ہوچکا ہے، ان میں ایک اہم متن، صدر الشریعہ الاصغر علامہ عبید اللہ بن مسعودؒ (۷۴۷ھ) کی کتاب ’’تنقیح الأصول‘‘ اور اس کی مقبول شرح خود انہی کے قلم سے ’’التوضیح في حلّ غوامض التنقیح‘‘ ہے۔ موصوف نے اس متن وشرح کی ترتیب میں پچھلے ذخیرہ سے خوب استفادہ کیا، خاص طور پر تین کتابوں: امام رازی  رحمۃ اللہ علیہ کی ’’المحصول‘‘، ابن حاجب  رحمۃ اللہ علیہ کی ’’المختصر‘‘ اور علامہ فخر الاسلام بزدوی  رحمۃ اللہ علیہ کی ’’کنز الوصول إلی معرفۃ الأصول‘‘ کا جوہر اس کتاب میں سمودیا ہے۔ 
’’التنقیح‘‘ اور اس کی شرح ’’التوضیح‘‘ کی اہمیت کی بنا پر اس متن وشرح کے بہت سے حواشی لکھے گئے ہیں، ان میں علامہ تفتازانی  رحمۃ اللہ علیہ کا حاشیہ ’’التلویح‘‘ بہت مشہور ہے اور درسِ نظامی میں شامل رہا ہے، یہ متن وشرح وحاشیہ درسِ نظامی کی اہم کتابوں میں شمار ہوتے ہیں۔ قبل ازیں اس کتاب کا متن وشرح، مقدماتِ اربعہ تک اور حاشیہ ’’التلویح‘‘ کا ایک حصہ (ابتدا سے بحث خاص تک) بھی شامل تھا، لیکن اب کچھ عرصہ قبل وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی نصابی کمیٹی نے حاشیہ ’’التلویح‘‘ کو خارج کرکے ’’التوضیح‘‘ کو مکمل داخلِ نصاب کردیا ہے۔ 
’’التوضیح‘‘ کی کوئی مکمل اردو شرح ہماری نظر میں نہ تھی، شاید اسی ضرورت کا اِدراک کرتے ہوئےجامعہ کے جواں سال اور ذی استعداد فاضل ومتخصص مفتی سید رحیم الدین حفظہ اللہ نے پیشِ نظر کتاب مرتب کی ہے۔ اس کتاب میں اعراب لگانے کا اہتمام کیا گیا، عبارت کا سلیس ترجمہ وتشریح کی گئی، اور مباحث کا خلاصہ ذکر کیا گیا ہے۔ کتاب دو جلدوں میں ہے، اور شارح نے اپنے تئیں کتاب کو حل کرنے کی عمدہ کوشش کی ہے، مدرّسین وطلبہ کرام کو اُن کی محنت سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ 
مؤلف کے مطابق کتاب کی پہلی جلد میں وفاق کا سابقہ نصاب (مقدماتِ اربعہ تک) اور جلد دوم میں بقیہ کتاب کی شرح ہے۔ اس کی بنا پر دونوں جلدوں کی ضخامت میں توازن نہیں رہا، بظاہر وفاق کے سابقہ نصاب کی رعایت کی ضرورت نہ تھی، بہتر ہوتا کہ دونوں جلدوں کے صفحات میں توازن رکھا جاتا۔ نیز کتاب کے کاغذ کا معیار بھی قابلِ غور ہے، شاید مؤلف و ناشر کا مقصود قارئین کو قیمت میں اضافی بوجھ سے بچانا ہو۔ اُمید ہے کہ کتاب کے آئندہ طبع میں ان اُمور کی رعایت رکھی جائے گی۔

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین