
تالیف: مفتی عبیدالرحمٰن (رئیس دارالافتاء والارشاد، مردان)۔ صفحات: ۱۹۱۔ قیمت: ۲۵۰ روپے۔ ناشر: مکتبہ دارالتقویٰ، مردان۔ملنے کا پتہ: دارالافتاء والارشاد، مردان۔ رابطہ نمبر: 03009326101
علم فقہ احکامِ شریعت کا وہ علم ہے جو شریعت کے بنیادی دلائل (قرآن، حدیث، اجماع اور قیاس)سے حاصل ہوتا ہے۔ درحقیقت فقہ شریعت کا آئین و قانون ہے، جس کی روشنی میں ایک مسلمان اپنی زندگی گزارتا ہے۔ فرض، واجب، سنت و مستحب،جائز وناجائز، حلال وحرام، مکروہ، وغیرہ احکام کے درجات اسی علم کے ذریعہ حاصل ہوتے ہیں۔ اس علم سے متعلق بہت سی ابحاث اور موضوعات ہیں،جن سے واقفیت ایک عالم اور مفتی کے لیے ضروری ہے، زیرِتبصرہ کتاب میں انہی ضروری ابحاث کو جمع کیاگیا ہے۔ کتاب میں کل سات ابواب ہیں جن کا مختصر خاکہ درج ذیل ہے:
بابِ اول میں فقہ کی تعریف، غرض وغایت، اہمیت، فضیلت وفوائد ،فقہی کتابوں کی ترتیب و تبویب وغیرہ موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ بابِ دوم میں فقہی مباحث کے دائرہ کار، علم فقہ کی شاخیں، فقہ حنفی کی شاخیں، فقہ حنفی کی کتب، علم فقہ سے متعلق دیگر نو علوم کا تعارف،وغیرہ موضوعات لائے گئے ہیں۔ بابِ سوم میں فقہ وحدیث اور طبقاتِ فقہاء ومحدثین کا باہمی ربط و تعلق، مجتہد اور عام فقیہ کے درمیان فرق وغیرہ عنوانات سے بحث کی گئی ہے۔ بابِ چہارم میں برصغیر میں فقہ کا پس منظر، نتائج اور تجاویز اور فقہ کے خلاف مختلف تحریکوں جیسے تحریک عدمِ تقلید، جدت پسندی اور سہولت پسندی وغیرہ سے متعلق مواد جمع کیا گیا ہے۔ بابِ پنجم میں فقہی اختلافات کے اسباب ونتائج اور ائمہ اربعہ کے اختلاف کے اسباب وغیرہ کو ذکر کیا گیا ہے۔ بابِ ششم میں فقہ کی تدوینِ جدید کے دعوے کی واقعیت اور ضرورت پر بحث کرکے تجدید کے دعوے داروں کے دعاوی کا تجزیہ اور تردید کی گئی ہے۔ بابِ ہفتم میں فقاہت، اہمیت، معیار اور اس کے حاصل کرنے کے طریقہ کار کو موضوعِ بحث بنایا گیا ہے۔ متعلقہ موضوع پر اچھی اور مفید معلومات جمع کی گئی ہیں، جو لائقِ مطالعہ ہیں۔ جزوی طور پر اختلاف کی گنجائش کے ساتھ مجموعی اعتبار سے کتاب کے مندرجات قابلِ اطمینان ہیں۔