بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

زمین کو راستہ کے لیے وقف کرنے کے بعد قیمت کا مطالبہ کرنا


سوال

ایک شخص اپنی زمین میں سے کچھ حصہ الگ کرکے فی سبیل اللہ اپنے والدین کے ایصالِ ثواب کےلیےبطور سڑک وقف کردیتا ہےاور اہل محلہ اپنے خرچہ پر اس زمین کی کھدائی کرکےاور پختہ دیواریں  نکال کر روڈ نکال لیتے ہیں اور بارہ سال سے روڈ حالتِ استعمال میں ہو۔

1۔کیا وہ شخص بارہ سال بعد اس کے پیسے مانگنے کا حق رکھتا ہے؟

2۔اگر حق رکھتا ہے تو کیا  اس کو اس روڈ کی قیمت موجودہ نرخ پر ادا کی جائےگی یا اس نرخ پر جس وقت روڈ نکالی گئی ہو؟

3۔اگر اہلِ محلہ اس کو پیسے ادا کرنے کی استطاعت نہ رکھتے ہوں اورروڈ بند ہوجائےتو کیا اہل محلہ وہ خرچہ اس سے لینے کے حق دار ہیں جو انہوں نےاس کی رضامندی سے روڈ پر خرچ کیے ہوں؟

اسی روڈ میں متعلقہ شخص کی زمین سے آگے تین مالکان اور بھی ہیں جنہوں نے فی سبیل اللہ اپنی زمین بھی وقف کی اور آج تک ان کی طرف سے کوئی پابندی نہیں ہےاور باقی روڈ اہل محلہ نے اپنی جیب سے پختہ کردی ہےاور تقریبا چارسو فٹ پر سرکاری فنڈ استعمال ہوا ہے۔

جواب

1۔صورتِ مسئولہ میں   مذکورہ شخص نے اگر واقعۃً اپنی زمین کا  حصہ فی سبیل اللہ سڑک کے  لیے وقف کردیا تو وہ  حصہ اس (واقف) کی ملکیت سے نکل کر اللہ تعالیٰ کی ملکیت میں چلا گیا ، وقف مکمل ہونے کے بعد  اس  سے نہ رجوع جائز ہے اور نہ  کسی قسم کی تبدیلی جائز  ہے؛ لہذا اب مذکورہ شخص کے لیے اس زمین کی قیمت کا مطالبہ کرنے کا شرعا حق نہیں  اور نہ اہلِ محلہ پر اس کی  ادائیگی لازم ہے۔

2،3۔محلہ والوں پر اس وقف شدہ زمین کی قیمت کی  ادائیگی لازم ہی  نہیں ہے۔

"الفقہ الاسلامی وادلتہ" میں ہے:

"إذا صحّ الوقف خرج عن ملك الواقف، وصار حبیسًا علی حکم ملك الله تعالی، ولم یدخل في ملك الموقوف علیه، بدلیل انتقاله عنه بشرط الواقف (المالك الأول) كسائر أملاكه، وإذا صحّ الوقف لم یجز بیعه ولاتملیکه ولاقسمته."

(الفقه الإسلامي و أدلته ، الباب الخامس الوقف، الفصل الثالث حکم الوقف 7617/10  ط: رشیدیہ کوئٹہ)

فقط واللہ ا علم


فتوی نمبر : 144306100299

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں