بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 ربیع الاول 1446ھ 13 ستمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

جن جانوروں کا گوشت کھایا جاتا ہے ان کے پیشاب کا حکم


سوال

حلال گوشت جانوروں کا پیشاب کیا حکم رکھتا ہے ؟ کیا وہ پاک ہے؟  کیا اس کی چھینٹوں والے کپڑے سے نماز ہوجاتی  ہے؟

جواب

جن  جانوروں کا گوشت کھایا جاتا ہے،  ان کا پیشاب  بھی ناپاک ہے، البتہ یہ نجاستِ خفیفہ  ہے۔ 

باقی نماز کے درست ہونے کے لیے کپڑوں کا پاک ہونا ضروری ہے، ناپاک کپڑوں میں نماز  ادا کرنا جائز نہیں ہے اور اس سے نماز ادا نہیں ہوتی،  البتہ اگر کپڑوں پر معمولی نجاست ہو اور اس کے ساتھ نماز ادا کرلی تو نماز ادا ہوجاتی ہے، اور  چوں کہ جن جانوروں کا گوشت کھایا جاتا ہےان کا پیشاب نجاستِ خفیفہ ہے، اور اس   کا حکم یہ ہے کہ وہ  کپڑے کے چوتھائی حصے تک معاف ہے، چوتھائی کپڑے سے مراد کپڑے کا وہ حصہ جس پر نجاست لگی ہو، مثلاً آستین الگ شمار ہوگی، دامن الگ شمار  ہوگا، متاثرہ حصے کے چوتھائی کے برابر یا اس سے زیادہ نجاستِ خفیفہ لگی ہو تو اس کپڑے میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

         اور معاف ہونے  کا مطلب یہ ہے کہ اسی حالت میں نماز پڑھ لی تو نماز ہوجائے گی، اور دوبارہ لوٹانا ضروری نہیں ہے، لیکن اس نجاست کا دور کرنا اور کپڑے کا پاک کرنا بہرحال ضروری ہے، اور اگر نجاست کا پہلے سے علم ہو تو کپڑے کو پاک کرکے نماز ادا کرنی چاہیے، اور ایسی صورت میں نماز کے بعد کپڑے پاک کرکے نماز دہرا لینا بہتر  ہے۔

اللباب فی شرح الکتاب میں ہے:

"(وإن أصابته نجاسة مخففة كبول ما يؤكل لحمه) ومنه الفرس، ... (جازت الصلاة معه ما لم يبلغ ربع) جميع (الثوب) ... وقيل: ربع الموضع الذي أصابه كالذيل والكم والدخريص، إن كان المصاب ثوبا. وربع العضو المصاب كاليد والرجل، إن كان بدناً وصححه في التحفة والمحيط والمجتبى والسراج، وفي الحقائق: وعليه الفتوى".

 (ص؛68، فصل فی النجاسة، ط: قدیمی) 

فقط والله اعلم

مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک پر فتاوی ملاحظہ کیجیے:

اونٹ کا پیشاب پینا

اونٹ کے پیشاب کا حکم اور اس سے متعلق حدیث کی توجیہ


فتوی نمبر : 144210201331

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں