بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

حالت حیض میں جماع کا حکم / دینار کی آج کے حساب سے قیمت


سوال

حیض کی حالت میں مباشرت کرنے پر ایک یا آدھا دینار صدقے کا حکم دیا گیا ہے، تو آدھا دینار آج کی تاریخ میں کتنے روپے بنتاہے؟

جواب

اولا یہ واضح رہے کہ حالتِ حیض میں جماع کرنا حرام و ناجائز ہے،قرآن کریم میں صراحتا اس سے منع کیا گیا ہے،نیز یہ طبی اعتبار سے بھی انتہائی نقصان دہ ہے ،لہذا اس سے اجتناب لازم ہے۔

اگر کسی سے یہ گناہ سرزد ہوا ہے،تو  اصل حکم یہ ہے کہ دونوں میاں بیوی خوب  توبہ واستغفار کریں،اور آئندہ نہ کرنے کا پختہ عزم کریں،اور  مستحب یہ ہے کہ بطور فدیہ ایک یا آدھا دینار صدقہ کریں ، فقہاءِ کرام نے لکھا ہے کہ جن دنوں میں خون خالص سرخ ہو تو دینار اور خون زرد رنگ کا ہو تو آدھا دینار۔

دینار کا موجودہ زمانے کے لحاظ سے وزن   4.374   گرام  (یعنی چار گرام اور تین سو چوہتر ملی گرام) سونا ہے،اور آدھے دینار کا وزن 2.187  گرام بنتاہے۔

جس روز ادا کرنا ہو بازار میں اس کی قیمت  معلوم کرلی جائے۔

قرآن کریم میں ہے:

وَ یَسْــٴَـلُوْنَكَ عَنِ الْمَحِیْضِ  قُلْ هُوَ اَذًى فَاعْتَزِلُوا النِّسَآءَ فِی الْمَحِیْضِ وَ لَا تَقْرَبُوْهُنَّ حَتّٰى یَطْهُرْنَۚ(سورة البقرة،222)

فتاوی شامی میں ہے:

"(قوله ويندب إلخ) لما رواه أحمد وأبو داود والترمذي والنسائي عن ابن عباس مرفوعاً «في الذي يأتي امرأته وهي حائض، قال: يتصدق بدينار أو نصف دينار»، ثم قيل: إن كان الوطء في أول الحيض فبدينار أو آخره فبنصفه."

(باب الحیض، ج:1، ص:298، ط:سعید)

فتاویٰ دار العلوم دیوبند میں ہے:

’’(سوال ۳۳۷) اگر کوئی شخص اپنی زوجہ سے حالتِ حیض میں جماع کرے تو اس پر کفارہ لازم آوے گا یا نہ؟
(جواب)در مختار میں ہے کہ حالتِ حیض میں اپنی زوجہ سے وطی کرنا حرام اور کبیرہ گناہ ہے، اس کو توبہ کرنا لازم ہے اور ایک دینار یا نصف دینار صدقہ کرنا مستحب ہے، اور ایک دینار ساڑھے چار ماشے سونے کا ہوتا ہے ۔فقط۔‘‘

(فتاوی دارالعلوم دیوبند ، ج:1 ،ص:211 ،ط:دارالاشاعت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144504100730

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں