بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

کسی کی فون کال ریکارڈ کرکے اس کی تشہیر کرنا


سوال

اگر کوئی موبائل پر آپ سے بات کرتے وقت آپ کی اجازت کے بغیر کال ریکارڈ کرے اور دوسروں کو سنائے،  کیا یہ شرعی لحاظ سے درست ہے کہ نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ کسی مجلس میں ( خواہ مجلس مشافہۃً ہو، یا کتابۃً ہو، یا موجودہ دور میں ٹیلی فون، یا موبائل پر ہو) جو  گفتگو کی جاتی ہے، وہ شرکائے مجلس کے پاس امانت ہوتی ہے،  جس کی باقی شرکاءِ مجلس  کی اجازت کے بغیر  تشہیر کرنا، یا شرکائے مجلس کے علاوہ دیگر افراد سے بیان  کرنا خیانت کے زمرے میں داخل ہونے کی وجہ سے شرعاً ممنوع ہے۔ نیز  عام شخص کے لیے دوسرے کی بات خفیہ طور پر سننے، جاسوسی کرنے اور  اسے ریکارڈ  کرنے کی شرعاً اور اخلاقاً اجازت نہیں ہے۔

البتہ اگر کوئی شخص کسی سے موبائل پر دورانِ گفتگو   کسی شخص کے مالی یا  جانی نقصان یا آبرو ریزی کے حوالے سے گفتگو کرے اور قوی اندیشہ ہو کہ وہ متعلقہ شخص کو نقصان پہنچا سکتاہے تو  نقصان سے بچانے متعلقہ شخص کو بتایا جاسکتاہے کہ آپ کو فلاں سے خطرات لاحق ہیں، اور  اگر وہ یقین نہ کرے  اور واقعتاً نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو تو  بوقتِ ضرورت متعلقہ افراد کو وہ ریکارڈنگ سنائی جاسکتی ہے، اسی طرح اگر کسی کا جرم قومی یا اجتماعی سطح کا ہو اور اس کی گفتگو کے اِخفا کی صورت میں اجتماعی نقصان کا اندیشہ ہو تو جن افراد کو خطرات لاحق ہوں، انہیں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں  کو ریکارڈنگ سنانے کی اجازت ہوگی۔ تاہم ان دونوں مواقع میں بھی دو باتیں ملحوظ رکھنا ضروری ہے: (1) صرف ان ہی لوگوں کو سنائے جنہیں سنانا ضروری ہو، عام تشہیر نہ کرے۔ (2) جس کی بات ریکارڈ ہو، اس کی پردہ دری یا تذلیل مقصود نہ ہو۔ 

خلاصہ یہ ہے کہ کسی عام شخص کے لیے شرعاً و اخلاقاً دوسرے کی آواز اس کی اجازت کے بغیر ریکارڈ کرنا درست نہیں ہے۔ اور اگر ناجائز مقصد  کے لیے گفتگو ریکارڈ کرتا ہے تو ریکارڈ کرنا اور اس کی تشہیر کرنا ناجائز اور گناہ ہے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144104201059

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں