بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ساٹھ ہزار روپے ملکیت میں آنے کے بعد اس کی زکات کا حکم


سوال

 میں سال پہلے اپنی وائف کو 60000 روپیہ خرچے کا دے کر دبئی چلا گیا، اب وائف کو ہر مہینہ دبئی سے بھی بھیجتا رہاہوں،  سال کے بعد اس کے پاس بچی رقم میں سے زکات ادا کرنی پڑے گی؟

جواب

زکات واجب ہونے کے لیے بنیادی اور ماہانہ ضروری اخراجات (راشن اور یوٹیلیٹی بل وغیرہ) منہا کرنے کے بعد نصاب کا مالک بننے کے بعد  سال پورا ہونے پر نصاب کے بقدر مالیت کا ملکیت میں ہونا شرط ہے۔

اور نصاب سے مراد یہ ہے کہ  کسی کی ملکیت میں ساڑھے باون تولہ چاندی یا  اس کی قیمت کے بقدر پیسے موجود ہوں، اور صرف سونا ہو تو ساڑھے سات تولہ سونا، یا ان تینوں یا بعض کی مجموعی مالیت ساڑھے باون تولہ ہو۔ 

لہٰذا اگر آپ نے بیوی کو ساٹھ ہزار روپے مالک بناکر ذاتی اخراجات کے لیے دیے تھے، (گھر کے اجتماعی ضروری ماہانہ اخراجات کے لیے نہیں دیے تھے)، اس وقت اگر وہ ساٹھ  ہزار روپے ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے بقدر یا اس سے زیادہ بنتے تھے اور سال پورا ہونے کے بعد بھی آپ کی بیوی کی ملکیت میں کم از کم اتنے پیسے موجود ہوں جن کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی ہو تو پھر بچے ہوئے پیسوں کی زکات آپ کی بیوی کے ذمے واجب ہوگی۔ لیکن اگر بچے ہوئے پیسے نصاب کے بقدر نہ ہوں تو پھر ان پیسوں پر زکات واجب نہیں ہوگی۔

اگر بیوی کو یہ رقم امانتاً دی ہو کہ وہ  بوقتِ ضرورت خرچہ لیتی رہے، لیکن باقی رقم آپ کے لیے محفوظ رکھتی رہے، تو اس صورت میں اصل مالک آپ ہوں گے، آپ کے دیگر اموال کے ساتھ اس کا حساب کیا جائے گا۔ اور اگر مذکورہ رقم بیوی کو گھر کے اجتماعی اخراجات (بچوں یا والدین سمیت سب کے اخراجات) کے لیے دی ہو، تو یہ دیکھا جائے گا کہ جس وقت یہ رقم دی اس مہینے کے بنیادی ضرورت کے اخراجات منہا کرکے بقیہ رقم نصاب کے برابر یا اس سے زیادہ تھی اور سال پورا ہونے پر بھی رقم نصاب کے برابر تھی تو جو بھی (آپ یا آپ کی بیوی) اس رقم کا مالک ہوگا اس پر اس کی زکاۃ واجب ہوگی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144107200411

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں