شادی سے پہلے رشتے کے سلسلے میں لڑکا لڑکی کا ایک دوسرے کو دکھانے کا کیاحکم ہے؟ اور اگر ایک بار دیکھنے میں لڑکے کو تسلی نہ ہو تو دوبارہ دکھاناکیسا ہے؟ کچھ لوگ لڑکے کی لڑکی سے بات کرواتے ہیں چند منٹ کی اس کا کیا حکم ہے ؟
جب کسی جگہ نکاح کرنے کا پختہ ارادہ ہو تو نکاح سے پہلے لڑکا لڑکی کا ایک دوسرے کو ایک مرتبہ براہِ راست دیکھ لینا بہتر ہے، حدیث شریف میں اس دیکھنے کو شادی کے بعد محبت کا سبب بتایا گیا ہے۔ لیکن یہ دیکھنا شرعاً ضروری نہیں، صرف گھر کی خواتین دیکھ لیں تو یہ بھی کافی ہے۔ واضح رہے کہ ایک نظر دیکھنے کی اجازت ہے، تنہائی میں ملاقات یا بار بار دیکھنے کا مطالبہ کرنے نیز دونوں کی بات چیت کروانے کی شرعاً اجازت نہیں ہے، جن ضروری امور کے حوالے سے تسلی مطلوب ہو وہ گھر کی خواتین کے ذریعے کرلی جائے۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144008201266
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن