بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا ٹاٹ کا لباس پہننا


سوال

کیا ایسی کوئی حدیث ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے جب ٹاٹ کا کپڑا پہنا تو آسمان کے تمام فرشتوں نے بھی ٹاٹ کا کپڑا پہن لیا؟

جواب

اس واقعے میں  دو باتوں کا جاننا ضروری ہے:

1- حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا ٹاٹ کا لباس پہننا ۔

2- حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا اپنا پورا مال صدقہ کرنا ۔

جہاں تک ٹاٹ کا لباس پہننے کا تعلق ہے تو یہ روایت مختلف حضرات نے تین صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سےنقل کی ہے:

1-  عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما۔ 2- عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما۔  3- ابوہریرہ رضی اللہ عنہ۔

 اور ان تمام سندوں پر مختلف نوعیت کا کلام کیا گیا ہے،  بنا بریں یہ روایت مقبول نہیں ہے،  بلکہ محققین نے اسے من گھڑت قرار دیا ہے۔

رہا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے صدقہ کرنے کا واقعہ تو اس سے متعلق کئی روایتیں موجود ہیں، اور کئی اہلِ علم نے اسے ذکر کیا ، جیسا کہ ابن ابی عاصم رحمہ اللہ (۲۸۷ھ)،فرماتے ہیں:

"أن النبي صلى الله عليه وسلم ندب إلى الصدقة، فجاء أبو بكر بجميع ماله إلى النبي صلى الله عليه وسلم، فقال النبي صلى الله عليه وسلم"ما أبقيت لأهلك؟ قال: الله ورسوله. ولم يفعل هذا أحد منهم". (کتاب السنة لابن أبي عاصم، باب في فضائل أهل البیت:۲۔۶۴۵،ط: المکتب الاسلامی ۱۴۰۰هـ)

محمدبن جریر طبری رحمہ اللہ (۳۱۰ھ)نے ’’تہذیب الآثار‘‘  میں،  حافظ ابن حجر رحمہ اللہ (۸۵۲ھ) نے ’’فتح الباری‘‘ میں اور دیگر کئی حضرات نے  بھی یہ واقعہ نقل کیا ہے، لہذا حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا اپنا پورا مال صدقہ کردینے کا واقعہ درست ہے اور ٹاٹ کا لباس پہننے والا قصہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور فرشتوں کی طرف منسوب کرنا درست نہیں ہے۔ فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144106200563

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں