بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بہت عرصے سے جس گناہ کے کام میں مبتلا ہوں اس سے کیسے جان چھڑائی جائے؟


سوال

میری ایک بری عادت ہے جو میں چھوڑ نہیں پارہا ہوں، جب بھی فری (فارغ) ٹائم (وقت) ہوتا ہے تو میں اس میں مصروف ہوجاتا ہوں، مجھے اپنے آپ سے نفرت ہونے لگی ہے، لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھ سے بہت زیادہ ناراض ہیں، میں اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کرتا ہوں،  لیکن شاید مجھے دعا کرنا نہیں آتی، یہ کام بہت ٹائم سے کر رہا ہوں، اپنے آپ پر حد (سزا) بھی لگائی کہ اگر اب کیا تو ہر  مرتبہ کرنے پر پانچ سو روپےصدقہ کروں گا، وہ پیسے بھی ماہانہ صدقہ کرتا ہوں، اس سے بھی فائدہ نہیں ہورہا ہے۔  براہِ  مہربانی کوئی ایسی دعا بتائیں کہ جس میں ایسی تاثیر ہو کہ میں اس بری عادت سے نکل جاؤں!

جواب

درج ذیل اعمال کا اہتمام کیجیے، ان شاء اللہ تعالیٰ گناہ چھوٹ جائیں گے:

1-  ہر وقت پاکیزہ اور باوضو رہنے کا اہتمام کریں۔

2- پانچ وقت نماز باجماعت کی پابندی کریں۔

3- اٹھتے، بیٹھتے، چلتے، پھرتے کثرت سے استغفار کریں، اور روزانہ دن یا رات میں کوئی ایک وقت مقرر کرکے اچھی طرح وضو کرکے تنہائی میں دو رکعت نماز، توبہ اور حاجت کی نیت سے پڑھ کر گڑگڑا کر اللہ تعالیٰ سے اپنے گزشتہ گناہوں کی معافی مانگیں، خوب روئیں، اگر رونا نہ آئے تو رونے کی کوشش کریں اور رونے جیسی شکل بنا لیں، اللہ تعالیٰ سے سچے دل سے دعا کریں کہ وہ آپ کو تمام گناہوں، خصوصاً اس گناہ سے نجات دے دے، اور ساتھ ساتھ آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ عزم بھی کریں۔ صبح و شام اور دیگر اوقات میں سید الاستغفار  بھی پڑھا کریں، سید الاستغفار یہ ہے: 

"اَللّٰهَمَّ أَنْتَ رَبِّيْ لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ، خَلَقْتَنِيْ وَأَنَا عَبْدُكَ، وَأَنَا عَلَی عَهْدِكَ وَوَعْدِكَ مَا اسْتَطَعْتُ، أَعُوْذُبِكَ مِنْ شَرِّ مَا صَنَعْتُ ، أَبُوْءُ لَكَ بِنِعْمَتِكَ عَلَيَّ وَأَبُوْءُ بِذَنْبِيْ، فَاغْفِرْلِيْ فَإِنَّه لَایَغْفِرُ الذُّنُوْبَ إِلَّا أَنْتَ". [رواه مسلم]

ترجمہ: ’’اے اللہ!  تو ہی میرا رب ہے،  تیرے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں، تو نے مجھے پیدا کیا اور میں تیرا بندہ ہوں اور تیرے عہد اور وعدے پر قائم ہوں جس قدرطاقت رکھتا ہوں، میں نے جو کچھ کیا اس کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں،اپنے آپ پر تیری نعمت کا اقرار کرتا ہوں اور اپنے گناہوں کا اعتراف کرتا ہوں،پس مجھے بخش دے؛  کیوں کہ تیرے علاوہ کوئی گناہوں کو نہیں بخش سکتا۔‘‘ 

4-  نیک لوگوں کے ساتھ  رہیں، بری صحبت اور ماحول سے بچیں۔ کسی متبعِ سنت بزرگ عالم سے اصلاح تعلق قائم کرلیں، ان کی مجالس میں پابندی سے شرکت کریں۔
5- اب تک شادی نہ ہوئی ہو تو جلد شادی کرنے کی فکر اور کوشش کریں۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201341

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں