بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

آٹو میٹک مشین میں پاک اور ناپاک کپڑوں کو ایک ساتھ دھونا


سوال

آج کل جو آٹومیٹک کپڑے دھونے کی مشین استعمال ہورہی ہے، جس میں صرف کپڑے ڈال کر وقت طے  کرنا پڑتا ہے جس میں مشین ایک بار سرف میں کپڑے دھوتی ہے اور پھر سارا پانی پھینک کر دوبارہ پانی لے کر کھنگالتی ہے اور پھر کپڑے نچوڑتی ہے۔ اگر اس میں پاک کپڑوں کے ساتھ ناپاک بھی ڈال دیے جائیں تو کیا سارے پاک ہوجائیں گے؟

جواب

اگر پاک اور ناپاک کپڑوں کو ملا کر ایک ساتھ مشین میں ڈال دیا جائے اور مشین میں اس کو دو مرتبہ دھویا جائے تو اس سے کپڑے پاک نہیں ہوں گے۔

اگر دھوئے جانے والے کپڑے پاک اور ناپاک دونوں طرح کے ہوں تو   ان کے دھونے کے لیے یہ طریقے اختیار کیے جائیں:

1۔ جن کپڑوں کے بارے میں یقین ہے کہ یہ پاک ہیں انہیں پہلے دھولیا جائے، اور اس کے بعد ناپاک اور مشکوک کپڑوں کو دھولیا جائے ۔ 

یا

2۔ جو کپڑے ناپاک ہیں، ان میں ناپاک جگہ کو پہلے الگ سے تین مرتبہ اچھی طرح دھوکر اور نچوڑ کر ، یا ناپاک حصے کو جاری پانی یا کثیر پانی میں دھو کر پاک کرلیاجائے، پھر تمام پاک کپڑوں کو واشنگ مشین میں دھولیا جائے، اس صورت میں دوبارہ واشنگ مشین میں تین مرتبہ دھونا یا بہت زیادہ پانی بہانا ضروری نہیں ہوگا۔

فتاوی ہندیہ  میں ہے:

"إِزَالَتُهَا إنْ كَانَتْ مَرْئِيَّةً بِإِزَالَةِ عَيْنِهَا وَأَثَرِهَا إنْ كَانَتْ شَيْئًا يَزُولُ أَثَرُهُ وَلَا يُعْتَبَرُ فِيهِ الْعَدَدُ. كَذَا فِي الْمُحِيطِ ... وَإِنْ كَانَتْ غَيْرَ مَرْئِيَّةٍ يَغْسِلُهَا ثَلَاثَ مَرَّاتٍ. كَذَا فِي الْمُحِيطِ وَيُشْتَرَطُ الْعَصْرُ فِي كُلِّ مَرَّةٍ فِيمَا يَنْعَصِرُ". (1/41، 42، الفصل الأول في تطهیر الأنجاس، ط:رشیدیه)

وفیه أیضاً:

"ثَوْبٌ نَجِسٌ غُسِلَ فِي ثَلَاثِ جِفَانٍ أَوْ فِي وَاحِدَةٍ ثَلَاثًا وَعُصِرَ فِي كُلِّ مَرَّةٍ طَهُرَ  لجرَيَانِ الْعَادَةِ بِالْغَسْلِ. هَكَذَا فَلَوْ لَمْ يَطْهُرْ لَضَاقَ عَلَى النَّاسِ". (1/ 42، الفصل الأول في تطهیر الأنجاس، ط:رشیدیه)  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144104200486

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں