بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شعبان 1441ھ- 03 اپریل 2020 ء

دارالافتاء

 

حلال روزی کے حصول میں آنے والی رکاوٹوں کے دور کرنے کے لیے وظیفہ/ خواب میں پانی، کتا، چیتا، شیر اور اژدھا دیکھنے کی تعبیر


سوال

1- میں گزشتہ بارہ برس سے جدہ شہر میں نوکری کرتا تھا اور اپنی فیملی کے ساتھ اللہ کی طرف سے عطا کی گئیں تمام نعمتوں کے ساتھ خوش زندگی گزار رہا تھا۔ رواں سال میں سعودی عرب کے نوکریوں کے حالات خراب ہونے کے باعث میں نے کینڈا کی امیگریشن کا کیس اپلائی کردیا اور جنوری میں فیملی کے ساتھ مکمل طور پر مزید اچھے مستقبل کے حصول کے لیے رہائش پذیر ہوگیا۔ میں آڈٹ کے پیشہ سے منسلک ہوں اور مجھے مسلسل نئی نوکریوں کی پیشکش آتی رہی ہیں، مگر کینیڈا  آنے کے بعد میرے بہت اچھے انٹرویو ہوتے ہیں اور میرے تعلیم و تجربے کو باقاعدہ سراہا جاتا ہے مگر آخر میں بغیر وجہ بتائے نوکری دینے سے معذرت کرلی جاتی ہے۔ میرے جس کام میں پیسہ آنا ہو یا لگایا ہوا ہو ایک ایک کرکے وہ تمام راستے مکمل بند ہوگئے ہیں۔ میرے گھر میں مجھ سمیت تمام افراد نماز کی پابند ہیں اور باقاعدہ اللہ کے ناموں کی تسبیحات اور قرآن بھی پڑھا جاتا ہے، اور ابھی تک اللہ پر یقینِ کامل ہے جو ہمیشہ پختہ رہے گا۔ آپ سے گزارش ہے کہ کوئی خاص آیت یا دعا سے راہ نمائی فرمادیں اور مجھے اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھیں!

2- ایک اور بات یہ کہ میں تین روز سے مسلسل خواب دیکھ رہاہوں، پہلے دن دیکھا کہ میرے گھر  کی چھت کے ایک کونے سے پانی بہہ کر نیچے آرہا ہے اور پانی صاف ہے، دوسرے روز خواب میں دیکھا کہ ایک کتا میرے پیچھے پڑا ہے، اور میرے بائیں ہاتھ پر کاٹ لیا ہے، تیسرے روز خواب میں دیکھا کہ چیتا میرے پیچھے پڑا ہے اور جان بچانے کے لیے میں ایک پول پر چڑھ گیا ہوں۔  مزید یہ کہ خوابوں میں اژدھے یا شیر کا مجھ پر حملہ کرتے دیکھنا، مگر میں بچ جاتا ہوں یہ سب مسلسل دیکھ رہا ہوں!

جواب

1- باجماعت پنج وقتہ نمازوں کی پابندی جاری رکھیے، اور استغفار و درود شریف کی کثرت کریں، اس کے علاوہ بزرگوں کے مجربات میں سے ایک عمل یہ بھی ہے کہ چالیس دن تک روزانہ عشاء کی نماز کے بعد کسی سے بات کیے بغیر ۷۱ مرتبہ ’’درود تنجینا‘‘ پڑھیں۔ درود تنجینا یہ ہے:

’’اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ صَلَاةً تُنْجِيْنَا بِهَا مِنْ جَمِيْعِ الْأَهْوَالِ وَالْآفَاتِ وَتَقْضِيْ لَنَا بِهَا جَمِيْعَ الْحَاجَاتِ وَتُطَهِّرُنَا بِهَا مِنْ جَمِيْعِ السَّيِّئَاتِ وَتَرْفَعُنَا بِهَا عِنْدَكَ أَعْلَى الدَّرَجَاتِ وَتُبَلِّغُنَا بِهَا أَقْصَى الْغَايَاتِ مِنْ جَمِيْعِ الْخَيْرَاتِ فِي الْحَيَاةِ وَبَعْدَ الْمَمَاتِ‘‘.

نزهة المجالس ومنتخب النفائس (2/ 85):
"قال بعض العارفين: كنت في مركب فعصفت علينا الريح فأشرفنا على الغرق فرأيت النبي صلى الله عليه وسلم في منامي، فقال: قل لهم يقولون: اللهم صل على محمد صلاةً تنجينا بها من جميع الأهوال والآفات وتقضي لنا بها جميع الحاجات وتطهرنا بها من جميع السيئات وترفعنا بها عندك أعلى الدرجات وتبلغنا بها أقصى الغايات من جميع الخيرات في الحياة وبعد الممات، فاستيقظت فقلناها جميعاً فسكن الريح بإذن الله تعالى، وقال النبي صلى الله عليه وسلم: أكثروا من الصلاة علي فإنها تحل العقد وتفرج الكرب".

2- آپ کے پہلے خواب میں گھر میں تنگی آنے کی طرف اشارہ ہے۔  دوسرے خواب میں بے دین لوگوں کی صحبت کی وجہ سے خود کا اور گھر والوں کا بے دینی اور بے پردگی میں مبتلا ہونے کی طرف اشارہ ہے؛ اس لیے بے دین لوگوں کی صحبت سے خود بھی اجتناب کریں اور گھر والوں (بیوی بچے اور بہن بھائی وغیرہ) سے بھی اجتناب کروائیں۔  تیسرے خواب کی تعبیر یہ ہے کہ آپ دین دار لوگوں کی صحبت سے دور ہیں، آپ کو  چاہیے کہ دین دار لوگوں کی صحبت اختیار کریں۔ شیر اور چیتا خواب میں دیکھ کر ان سے دور بھاگنے کی یہی تعبیر ہے۔ باقی خواب میں ازدھے کے حملہ میں نفس کے حملہ کرنے کی طرف اشارہ ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ آپ دین دار بزرگوں کی صحبت اختیار کریں، گناہوں سے بچنے کی کوشش کریں اور بے دینوں کی صحبت سے بہت زیادہ بچنے کا اہتمام فرمائیں۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144012201443

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاشں

کتب و ابواب

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے یہاں کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے

سوال پوچھیں

ہماری ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے