بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

6 صفر 1442ھ- 24 ستمبر 2020 ء

دارالافتاء

 

انگوروں کا عشر بائع پر یا مشتری پر؟


سوال

ہمارا ایک انگور کا باغ ہے، جس کو ہم نے ٹھیکیدار کو اس سال ٹھیکے پر دیا، اس حال میں کہ انگور کی بیلوں پر انگور ابھی تک اگے نہیں تھے، صرف چھوٹی چھوٹی  کلیاں تھیں۔ ٹھیکیدار نے چار پانچ مہینے اس باغ پر محنت کی، گویا یہ پانچ مہینے اس باغ پر ٹھیکیدار کی ملکیت تھی۔

 اب پوچھنا یہ ہے کہ اس باغ کی زکاۃ اس سال کس پر آئے گی؟ٹھیکیدار پر یا پھر ہم پر؟

جواب

واضح رہے کہ زمینی پیداوار مثلاً انگور وغیرہ پر عشر (دسواں/ بیسواں حصہ) لازم ہوتا ہے ، زکاۃ نہیں۔

باقی صورتِ مسئولہ اگر سوال سے مراد یہ ہے کہ باغ میں موجود انگور کی کلیاں ٹھیکہ دار کو فروخت کردی گئی تھیں تو یہ بیع سرے سے درست ہی نہیں ہوئی، اس لیے کہ درخت پر پھلوں  کی بیع کے لیے ضروری ہے کہ وہ پھل ظاہر ہو چکے ہوں۔لہٰذا آپ کوچاہیے کہ آپ اس بیع کو ختم کر کے ازسرِ نو بیع کریں ۔

اور بیع کی دوصورتیں ہو سکتی ہیں: اول یہ کہ انگور اگنے کے بعد اور پکنے سے پہلےبیع کر دی جائے، دوسری یہ کہ انگور پکنے کے بعد بیع کر دی جائے۔ اول صورت (انگور اگنے کے بعد اور پکنے سے پہلےبیع کر دینے )میں عشر خریدنے والے پر لازم ہو گا اور بائع (بیچنے والے) پر ان پھلوں سے حاصل شدہ قیمت پر اپنی شرائط کے ساتھ زکاۃ  لازم ہوگی، اور دوسری صورت (انگور پکنے کے بعد بیع کر دینے) میں عشر بائع پر لازم ہوگا۔

(اور اگر سوال سے مراد کچھ اور ہے تو اس کو واضح کرکے دوبارہ  استفتا ارسال کریں)

درِمختار میں ہے:

"(ومن باع ثمرةً بارزةً) أما قبل الظهور فلایصح اتفاقاً

وفي الرد: (قوله: أما قبل الظهور) أشار إلى أن البروز بمعني الظهور  والمراد به انفراك الزهر عنها و انعقادها ثمرة و إن صغرت". (كتاب البيوع ، فصل في ما يدخل في البيع تبعاً و مالايدخل، 4/ 555 ط:سعيد)

درِ مختار میں ہے:

"ولوباع الزرع إن قبل إدراكه فالعشر على المشتري، و لو بعده فعلى البائع". (كتاب الزكاة، باب العشر، 2/333 ط:سعيد)فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144001200422

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

کتب و ابواب

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں