سنتِ مؤکدہ اور غیر مؤکدہ کو کس طرح پڑھا جاتا ہے؟ تفصیل سے بتا دیں، ممکن ہو تو مثال سے بھی سمجھا دیں۔
سنتیں، مؤکدہ ہوں یا غیرمؤکدہ ، دو ہوں یا چار، ان کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے ساتھ سورت یا کم از کم تین مختصر آیات یا ایک طویل آیت ملانا واجب ہے۔
البتہ چار رکعات سنتِ مؤکدہ میں (جیسے ظہر اور جمعے سے پہلے کی چار رکعات اور جمعے کے بعد کی چار رکعات میں) پہلے قعدہ میں صرف تشہد پڑھ کے تیسری رکعت کے لیے اٹھ جانا واجب ہے، درود اور دعا کا پڑھنا جائزنہیں۔ اور سنتِ غیر مؤکدہ (جیسے عصر اور عشاء سے پہلے کی چار رکعات) میں افضل یہ ہے کے پہلے قعدہ میں بھی درود شریف اور دعا پڑھ کر تیسری رکعت کے لیے اٹھا جائے اور پھر تیسری رکعت کا آغاز بھی ثنا اور تعوذ و تسمیہ سے کیاجائے، تاہم اگر کسی نے ایسے نہ کیا تو بھی سنتِ غیر مؤکدہ ادا ہوجائیں گی۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144108200217
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن