بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

پے سلیش کمپنی سے پیسہ کمانا


سوال

پے سلیش کمپنی میں پیسے رکھ کر کاروبار کرنا کیسا ہے؟

جواب

پےسلیش (Payslash) کمپنی میں دو طریقوں سے پیسہ کمایا جا سکتا ہے:

1-نیٹ ورک مارکیٹنگ۔

2 -انویسٹمنٹ پیکج۔

ان دونوں طریقوں سے پیسہ کمانا ناجائز ہے۔

پہلے طریقہ  "نیٹ ورک مارکیٹنگ" (Network Marketing) یا ملٹی لیول مارکیٹنگ (Multi Level Marketing) میں بہت سےمفاسد پائے جاتے ہیں،  چند ایک کا یہاں ذکر کیا جاتا ہے:

اس میں مصنوعات  بیچنا اصل مقصد نہیں ہوتا، بلکہ ممبر سازی کے ذریعے  کمیشن در کمیشن کاروبار چلانا  اصل مقصد ہوتا ہے جو  کہ جوئے کی ایک نئی شکل ہے۔  اس کی تفصیل یہ ہے کہ جیسے جوئے میں پیسے لگاکر  یہ امکان بھی ہوتا ہے کہ اسے کچھ نہ ملے اور یہ امکان بھی ہوتا ہے کہ اسے بہت سارے پیسے مل جائیں، اسی  طرح نیٹ ورک مارکیٹنگ میں  کام کرنے میں یہ امکان بھی ہے کہ کچھ نہ ملے  اور یہ امکان بھی ہے کہ بہت سے پوائنٹس مل جائیں۔

نیز شرعی طور پر دلال (ایجنٹ) کو اپنی دلالی کی جو اجرت (کمیشن) ملتی ہے وہ کسی اور کی محنت کے ساتھ مشروط نہیں ہوتی، لیکن مذکورہ کمپنی کے ممبر کی اجرت دوسرے  ما تحت ممبران کی محنت پر مشروط ہوتی ہے جو کہ  شرعاً درست نہیں؛       لہذا نیٹ ورک مارکیٹنگ کے ساتھ منسلک ہونا اور دوسروں کو اس میں شامل کراکے کمیشن وصول کرنا ناجائز ہے۔

دوسرا طریقہ انوسٹمنٹ پیکج میں پیسہ کمانے کے جواز کے لیے منجملہ شرائط کے ایک شرط یہ ہوتی ہے کہ منافع متعین نہ ہو اور مذکورہ کمپنی میں انوسٹمنٹ پیکج کے اعتبار سے منافع متعین ہوتا ہے، اس وجہ سے مذکورہ طریقہ سے بھی پیسہ کمانا جائز نہیں۔

خلاصہ یہ کہ پےسلیش (Payslash) کمپنی  میں مذکورہ دونوں طریقوں سے پیسہ کمانا جائز نہیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144203201027

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں