بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر میں جمعہ کی نماز پڑھنا


سوال

ہمارے یہاں ہندوستان میں "کرونا" کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے، نماز کے لیے مسجد جانے کی اجازت نہیں ہے، ایسی صورت میں اگر جمعہ کے روز ہم چار پانچ افراد مل کر گھر پر ہی جمعہ قائم کریں تو کیا ایسا کرنا جائز ہے؟

جواب

جب تک شہر ، فنائے شہر یا بڑی بستی میں  جمعہ کی نماز مسجد میں جاکر پڑھنا ممکن نہ ہو تو کم از کم چاربالغ  مرد  کسی جگہ یا گھر میں اکٹھے ہوکر جمعہ کی نماز پڑھیں، جس جگہ نماز ہورہی ہو اس کا دروازہ کھلا رکھا جائے اور اگر کوئی  نماز میں شریک ہونا چاہے تو اسے منع نہ کیا جائے۔

 جمعہ کی نماز کا طریقہ یہ ہے کہ وقت داخل ہونے کے بعد پہلی اذان دی جائے، سنتیں ادا کرنے کے بعد  جمعہ پڑھانے والا شخص منبر،کرسی یا کسی اونچی جگہ بیٹھے،کوئی شخص اس کے سامنے کھڑے ہوکر دوسری  اذان کہے، اس کے بعدجمعہ پڑھانے والا پہلا خطبہ دے، خطبہ مکمل ہونے کے بعد تھوڑی دیر بیٹھےاور اس کے بعد دوسرا خطبہ کہے، خطبوں کے بعد اقامت  کہہ کر نماز کھڑی کی جائے۔

 اگر کوئی شخص شہر ، فنائے شہر یا بڑی بستی میں  جمعہ کی نماز نہ پڑھ سکا تو وہ جماعت کے بغیر اکیلے ظہر کی نماز پڑھے۔

خطبہ یاد نہ ہو تو دیکھ کر پڑھ لے، اگر دیکھ کر بھی نہ پڑھ سکتا ہو تو دونوں خطبوں کی جگہ قرآن پاک کی کچھ آیات یا کوئی سورت (مثلاً: پہلے خطبے میں سورہ فاتحہ اور دوسرے میں سورہ عصر یا سورہ اخلاص) پڑھ لے، اس سے بھی خطبے کا رکن ادا ہوجائے گا۔ فقط و اللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200046

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں