بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

13 جمادى الاخرى 1448ھ 24 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

نذر یا قسم کے منعقد ہونے کے لیے زبان سے الفاظ کا ادا کرنا شرط ہے

سوال

میں نے اللہ تعالی سے خیال ہی خیال میں کہا تھا کہ جب تک میں زندہ ہوں مجھے فلاں پریشانی سے مت گزاریے گا، تو میں ساری زندگی میں ہر مہینے ایک  روزہ رکھوں گی ، اللہ تعالی نے مجھے اب تک اس پریشانی سے نہیں گزارا، اور میں ماہانہ ایک روزہ رکھ بھی رہی ہوں ، سوال یہ ہے کہ کیا ساری زندگی میں ہر ماہ ایک روزہ رکھنا مجھ پر لازم ہے ؟ اگر لازم ہے تو میرے لیے اب رکھنا مشکل ہو رہا ہے، اپنی صحت کی وجہ سے ، میں بیمار ہوں اور رمضان کے روزے رکھنے کے لیے بھی دواؤں کا سہارا لینا پڑتا ہے ، تو اس ماہانہ ایک روزے سے خلاصی کیسے ممکن ہو گی ؟ 

جواب

واضح رہے کہ  نذر یا قسم کےمنعقد اورلازم ہونے کے لیے زبان سے الفاظ کا ادا کرنا بنیادی شرط ہے،محض دل میں خیال لانے، نیت کرنے یا سوچنے سے نذر شرعاً منعقد نہیں ہوتی، چونکہ آپ نے یہ بات صرف خیال ہی خیال میں (دل میں) کہی تھی ،اور زبان سے نذر کا کوئی لفظ ادا نہیں کیا تھا، اس لیے شرعی اعتبار سے آپ کی یہ نذر سرے سے منعقد ہی نہیں ہوئی اور نہ ہی آپ پر ساری زندگی ہر ماہ ایک روزہ رکھنالازم ہے،پس اب تک جتنے روزے رکھے ہیں، اس کا سائلہ کو ثواب ہوگا، البتہ آئندہ ہر ماہ ایک روزہ رکھنے کا معمول جاری رکھنا شرعاً ضروری نہیں ہوگا۔آپ کے ذمے کسی قسم کا فدیہ یا قسم کا کفارہ بھی لازم نہیں ہوگا۔

بدائع الصنائع میں ہے:

"فركن النذر هو الصيغة الدالة عليه وهو قوله: " لله عز شأنه علي كذا، أو علي كذا، أو هذا هدي، أو صدقة، أو مالي صدقة، أو ما أملك صدقة، ونحو ذلك."

(كتاب النذر، بيان ركن النذر وشرائطه، ج: 5،ص: 81، ط: دار الكتب العلمية)

العرف الشذی میں ہے:

"ومنها أنه عمل اللسان لا القلب فقط، وصيغته صيغة الشرط والجزاء."

(أبواب النذور والأيمان،ج: 1، ص: 279، ط: سعيد)

 شرح مختصر الطحاوي میں ہے:

"لاتفاق المسلمين على أنَّ حكم الكفارة لا يتعلق بعقد القلب دون القول، ألا ترى أنَّ من نوى اليمين وقصدها: لم تلزمه كفارة."

(كتاب الأيمان والكفارات والنذور،ج: 7، ص: 381،ط: دار البشائر الإسلامية)

الفقه الإسلامي وأدلته للزحيلي میں ہے:

"وركنه عند الحنفية: هو الصيغة الدالة عليه مثل قول الشخص: (لله علي كذا) و (علي كذا) أو (علي نذر) أو (هذا هدي) أو (صدقة) أو (مالي صدقة) أو (ما أملك صدقة) ونحوها."

(الفصل الثاني: النذور خطة الموضوع،تعريف النذر وركنه، ج: 4، ص: 2552،ط:دار الفكر)

 مجمع الأنهر في شرح ملتقى الأبحر میں ہے:

"ويبطل بالاستثناء كل ما تعلق بالقول من عبادة ومعاملة بخلاف المتعلق بالقلب."

(كتاب الأيمان، فصل حروف القسم، ج: 1، ص: 548، ط: دار إحياء التراث العربي)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144806101062
تاریخ24-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں