بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

12 جمادى الاخرى 1448ھ 23 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

شرکتِ فاسدہ میں نفع کی تقسیم کا طریقہ

سوال

ایک شخص نے ہوٹل کرایہ پر لیا ہوا تھا، اور اس میں کام کررہا تھا، پھر اس شخص نے مالک سے کہا کہ میرے لیے اکیلے ہوٹل سنبھالنا تھوڑا مشکل ہے، تو اس میں مالک کے مشورے سے دوسرا پاٹنر شریک کر لیا ہے، انہوں نے اس چلتے ہوئے ہوٹل کی قیمت 8 لاکھ روپے لگائی، ہوٹل میں سامان تقریباً ایک لاکھ روپے کا تھا، لیکن ہوٹل چلتا ہوا ہونے کی وجہ سے اس کی قیمت 8 لاکھ روپے لگائی، 4 لاکھ ایک پارٹنر کی طرف سے اور 4 لاکھ دوسرے پارٹنر کی طرف سے ہوں گے، اس کے علاوہ ایڈوانس رقم کی ادائیگی اور دیگر اخراجات بھی دونوں نے مشترکہ طور پر آدھے آدھے کیے، اس طور پر کہ ایک نے کل خرچہ کیا، اور دوسرے کے حصے کا خرچہ بطورِ قرض اپنی طرف سے کیا، جو بعد میں اس سے وصول کرے گا، ان میں سے ایک سلیپنگ پارٹنر ہوگا (یعنی وہ کام نہیں کرے گا)، اور اس کو کہا ہے کہ آپ اگرچہ کام نہ کرو، ہم آپ کو مہینے کا متعین 30 ہزار روپے آپ کے حصہ کا نفع دیں گے، اور سالانہ 10 فیصد اس نفع پر اضافہ کیا جائے گا ، اور یہ معاہدہ دونوں فریقوں کی وفات کے بعد ان کی اولاد پر بھی لاگو ہوگا۔یہ تمام باتیں معاہدہ میں ذکر کی گئیں، پھر آپ کے دار الافتاء سے ایک فتوٰی اس متعلق لیا گیا، جس میں معاہدہ میں مذکور شقوں کی وجہ سے اس معاملہ کے فاسد ہونے کا حکم مذکور تھا۔چنانچہ اب دونوں فریق اس معاہدہ کو ختم کرکے درج ذیل طریقے سے دوبارہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں:

1۔ دونوں فریق اس بات پر رضامند ہیں کہ ٹھیے (یعنی ہوٹل کی شہرت) کی قیمت نہ لگائی جائے۔

2۔ ہوٹل کی مرمت پر کیے گئے خرچے کا (محمد کلیم) مطالبہ نہیں کر سکے گا، ہاں ان کا خریدا ہوا نیا سامان ان ہی کی ملکیت ہوگا اور بلا عوض ہوٹل میں استعمال ہوگا۔

3۔ ہوٹل کا پرانا سامان دونوں شرکاء کی ملکیت ہوگا، اور بطورِ عوض استعمال ہوگا۔

4۔ محمد شفیق چوں کہ خود کرایہ دار ہے، لیکن اصل مالکِ دکان کی طرف سے آگے دکان ٹھیکے پر دینے کا مجاز ہے۔

5۔ اس معاہدہ میں نفع میں سالانہ ٪10 اضافہ ہوگا۔

6۔ معاہدے کی ہر سال تجدید ہوگی۔

کیا مندرجہ بالا معاہدہ باجازتِ اصل مالک شرعاً درست ہو سکتا ہے؟ نیز سابقہ معاہدہ جوکہ فاسد تھا، کے مطابق گذشتہ چار ماہ تک جو نفع آیا تھا، اس کا کیا حکم ہوگا؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں دونوں شرکاء کا فساد کو ختم کرنے کے لیے سابقہ شرکت کا معاہدہ ختم کرکے دوبارہ سے معاہدہ کرنا جائز ہے۔

جو نیا معاہدہ کیا گیا ہے، اس میں مذکور تمام شقیں شرعاً درست ہیں، البتہ اس میں سالانہ 10 فیصد اضافے والی شرط لگانا جائز نہیں ہے، اس شق کو معاہدہ سے ختم کیا جائے، اس شق کو اس طور پر ذکر کیا جاسکتا ہے کہ ہر سال نفع کی تقسیم کا طریقہ کار باہمی رضامندی سے نئے سرے سے مقرر کیا جائے گا، اور یہ تناسب حقیقی نفع کے فیصد کے مطابق ہوگا۔

چونکہ سابقہ معاہدہ درست نہ ہونے کی وجہ سے شرکت کا معاملہ شرعاً فاسد تھا، تو اس کے مطابق چار ماہ تک جو نفع حاصل ہوا ہے اس پر بھی شرکتِ فاسدہ کا حکم لگے گا، اور شرکتِ فاسدہ کا حکم یہ ہے کہ اس میں ہر شریک اپنے واقعی لگائے گئے سرمایہ کے تناسب سے نفع کا حق دار ہوتا ہے، اور جس پارٹنر نے کام کیا ہے، وہ اپنے عمل کے بدلے میں اجرتِ مثل (یعنی اس طرح کام کرنے کی جو عرف میں اجرت طے کی جاتی ہے) کا مستحق ہوتا ہے۔

لہٰذا گذشتہ چار ماہ سے جو نفع حاصل ہوا ہے، اس میں کاروبار کی آمدنی اور اخراجات کا مکمل حساب کرکے حاصل شدہ نفع میں دونوں شریک اپنے لگائے گئے سرمایہ کے تناسب سے حق دار ہیں، اور جس شریک نے کام کیا ہے، وہ اجرتِ مثل کا مستحق ہے۔اگر کسی شریک کو اپنے حق سے زیادہ نفع حاصل ہوا ہے، تو وہ واپس لوٹانا واجب ہے، یا پھر دونوں شریک اگر چاہیں تو ایک دوسرے کو باہمی رضامندی سے کمی بیشی معاف کرسکتے ہیں۔

فتح باب العنایہ بشرح النقایہ میں ہے:

" (وشرطها) أي شركة العقد (أن لا يعين لأحدهما دراهم من الربح) لأن هذا التعيين قد يقطع الشركة: بأن لا يبقى بعد تلك الدراهم ربح يشتركان فيه. قال ابن المنذر: ولا خلاف فيه لأحد."

(کتاب الشرکة، ج:2، ص:526، ط:دار الأرقم بن أبي الأرقم)

فتح القدیر لابن الھمامؒ میں ہے:

" قوله (ولا تجوز الشركة إذا شرط لأحد دراهم مسماة من الربح) قال ابن المنذر: لا خلاف في هذا لأحد من أهل العلم. ووجهه ما ذكره المصنف بقوله لأنه شرط يوجب انقطاع الشركة فعساه لا يخرج إلا قدر المسمى فيكون اشتراط جميع الربح لأحدهما على ذلك التقدير، واشتراطه لأحدهما يخرج العقد عن الشركة إلى قرض أو بضاعة على ما تقدم. وقوله (ونظيره في المزارعة) يعني إذا شرطا لأحدهما قفزانا مسماة بطلت لأنه عسى أن لا تخرج الأرض غيرها."

(كتاب الشركة، ج:6، ص:183، ط:دار الفکر)

فتاوی شامی میں ہے:

" (والربح في الشركة الفاسدة بقدر المال ولا عبرة بشرط الفضل ) فلو كل المال لأحدهما فللآخر أجر مثله، كما لو دفع دابته لرجل ليؤجرها والأجر بينهما فالشركة فاسدة، والربح للمالك وللآخر أجر مثله، وكذلك السفينة والبيت، ولو لم يبع عليها البر فالربح لرب البر وللآخر أجر مثل الدابة."

(کتاب الشرکة، ‌‌فصل في الشركة الفاسدة، ج:4، ص:326، ط:سعید)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

" وكل شركة فاسدة فالربح فيها على قدر رأس المال كألف لأحدهما مع ألفين فالربح بينهما أثلاثا، وإن كانا شرطا الربح بينهما نصفين بطل ذلك الشرط."

(كتاب الشركة، الباب الخامس في الشركة الفاسدة، ج:2، ص:335، ط:رشیدیة)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144806100852
تاریخ22-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں