بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 جمادى الاخرى 1448ھ 21 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

ایشیئن اوپن بل پرندے کے شکار کرنے اور اس کا گوشت کھانے کا حکم

سوال

ایک آبی پرندہ ہے جسے انگلش میں ایشیئن اوپن بل کہتے ہیں ،پنجاب میں پانی کی جگہوں میں پایا جاتا ہے، انٹرنیٹ پر اس کی معلومات دستیاب ہیں، کیا اسے شکار کر کے کھانا شرعی طور پر حلال ہے؟

جواب

واضح رہے کہ شریعت میں وہ پرندے حرام ہیں جو اپنے تیز پنجوں (مِخلب) سے شکار کرتے اور چیر پھاڑ کرتے ہیں، جیسے باز، شکرہ یا چیل۔ ایشیئن اوپن بل پنجوں سے شکار نہیں کرتا، بلکہ پانی میں چل کر اپنی چونچ سے خوراک پکڑتا ہے۔ اسی طرح اس پرندے کی اصل خوراک آبی گھونگھے (Snails)، مچھلی، مینڈک اور آبی کیڑے مکوڑے ہیں، اس لیے یہ مردار خور نہیں ہے کہ اس بنا پر اس کو حرام قرار دیا جائے۔

پس صورتِ مسئولہ میں ایشیئن اوپن بل کو اپنے پنجوں سے شکار نہ کرنے کی وجہ سے حلال قرار دے کر اس کا شکار کرنا اور کھانا جائز ہے۔

صحیح مسلم میں ہے :

"عن ابن عباس : أن رسول الله صلى الله عليه وسلم « نهى عن كل ذي ناب من السباع، وعن كل ذي مخلب من الطير .»"

(كتاب الصيد والذبائح وما يؤكل من الحيوان،باب تحريم أكل ۔۔۔وكل ذي مخلب من الطير،ج:6،ص:60 ،الناشر: دار الطباعة العامرة)

ترجمہ : "حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ہر اس درندے کو کھانے سے منع فرمایا جو کچلی والا ہو، اور ہر اس پرندے کو کھانے سے منع فرمایا جو پنجوں سے شکار کرتا ہو۔"

البحرا لرئق شرح کنز الدقائق میں ہے :

"قال رحمه الله: (ولا يؤكل ذو ناب ولا مخلب من سبع وطير) يعني لا يحل أكل ذي ناب من سباع البهائم وذي مخلب من سباع الطير لما روى ابن عباس - رضي الله تعالى عنهما - أن النبي صلى الله عليه وسلم «نهى عن أكل ذي ناب ومخلب من سبع وطير» رواه مسلم والجماعة والسباع جمع سبع وهو كل مختطف منتهب جارح قاتل عادة والمراد بذي المخلب ما له مخلب هو سلاح وهو مفعل من الخلب وهو مزق الجلد ويعلم بذلك أن المراد بذي مخلب هو سباع الطير لأن كل ما له مخلب وهو الظفر كما أريد به في ذي ناب من سباع البهائم لا كل ما له ناب..."

(كتاب الذبائح،فصل فيما يحل ولا يحل من الذبائح، ج؛ 8 ، ص : 195، ط :  دار الكتاب الإسلامي)

بہشتی زیور میں ہے:"جو جانور اور جو پرندے شکار کر کے کھاتے رہتے ہیں یا ان کی غذا فقط گندگی ہے ان کا کھانا جائز نہیں ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔ اور جو ایسے نہ ہوں جیسے طوطا ، مینا ، فاختہ ، چڑیا، بٹیر ، مرغابی ، کبوتر ، نیل گائے ، بطخ ، خرگوش و غیرہ سب جائز ہیں۔"

(تیسرا حصہ، حلال و حرام چیزوں کا بیان، ص : 181، ط: اسلامک بک سروس)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144806100398
تاریخ20-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں