ایک ہی ڈھیلے پر بار بار تیمم کرنے کا حکم
سوال
میرے والد صاحب چھ مہینے سے فالج کی وجہ سے بستر پر ہیں اور پانی استعمال نہیں کر سکتے۔ ہم نے کھیت کی صاف مٹی کا ایک ڈھیلا سکھا کر پلاسٹک میں لپیٹ کر ان کے سرہانے رکھ دیا ہے۔ وہ پانچوں نمازوں کے لیے اسی پر تیمم کرتے ہیں۔ اب وہ ڈھیلا ہاتھ لگ لگ کر چکنا سا ہو گیا ہے اور کبھی کبھی بستر پر بھی گر جاتا ہے۔
ایک رشتہ دار کہتے ہیں کہ جس مٹی پر ایک بار تیمم ہو جائے وہ استعمال شدہ ہو جاتی ہے، اس پر دوبارہ تیمم نہیں ہوتا۔ کیا والد صاحب کا اس ڈھیلے پر بار بار تیمم کرنا درست ہے؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں مٹي كے جس ڈھيلے پر هاتھ مار كر تيمم كيا جائےاس سے وه ڈھيلا مستعمل نهيں کہلائے گا۔ لہٰذا والد صاحب کا پانچوں نمازوں کے لیے اسی ایک ڈھیلے پر بار بار تیمم کرنا درست ہے، اور رشتہ دار کی بات درست نہیں۔البتہ ہاتھ ڈھیلے کے کھلے ہوئے مٹی والے حصے پر مارے جائیں، پلاسٹک پر ہاتھ مارنے سے تیمم نہیں ہوگا۔نیز مئی کے ڈھیلے کے بجائے مٹی سے بنی ہوئی اینٹ یا ٹائل بھی استعمال کی جاسکتی ہے ۔ مٹی کا ڈھیلا ہونا ضروری نہیں۔
قرآن کریم میں ہے:
﴿فَلَمْ تَجِدُوا مَاءً فَتَيَمَّمُوا صَعِيدًا طَيِّبًا فَامْسَحُوا بِوُجُوهِكُمْ وَأَيْدِيكُمْ﴾
ترجمہ:
"پھر تم کو پانی نہ ملے تو تم پاک زمین سے تیمم کر لیا کرو، یعنی اپنے چہروں اور ہاتھوں پر ہاتھ پھیر لیا کرو۔"
(سورۃ النساء: 43)
البنایۃ شرح الہدایۃ میں ہے:
«ويجوز التيمم بالتراب المستعمل عندنا، وفي قول للشافعي وظاهر مذهبه لا يجوز، والمستعمل ما يقام في العضو. وقال بعض أصحابه: ما بقي في العضو مستعمل دون ما يتناثر عنه، كذا في الحلية، ولو تيمم جماعة بحجر واحد أو لبنة واحدة أو أرض جاز.»
(کتاب الطہارۃ، باب التیمم، ج:1، ص:550، ط: دار الکتب العلمیۃ)
تبیین الحقائق (حاشیۃ الشلبی) میں ہے:
«قال في الدراية: ويجوز التيمم بالتراب المستعمل عندنا، وفي قول للشافعي وفي ظاهر مذهبه لا يجوز، والمستعمل ما تناثر من العضو.»
(کتاب الطہارۃ، باب التیمم، ج:1، ص:38، ط: المطبعۃ الکبری الامیریۃ)
فتاوی شامی میں ہے:
«(من جنس الأرض وإن لم يكن عليه نقع) أي غبار.»
(کتاب الطہارۃ، باب التیمم، ج:1، ص:239، ط: سعید)
وفیہ ایضاً:
«جاز تيمم جماعة من محل واحد.»
(کتاب الطہارۃ، باب التیمم، ج:1، ص:254، ط: سعید)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

