عذر کی بناء پر پندرہ دن کا حمل ساقط کرنا
سوال
میرے 6 بچے ہیں اور میری اہلیہ کو دوبارہ حمل ٹھہر گیا ہے ، جسے ابھی 15 دن ہوئے ہیں۔ میری اہلیہ کافی کمزور ہیں اور پچھلے بچے کی ولادت کے وقت انہیں خون کی بوتلیں بھی لگی تھیں۔ ڈاکٹر کے مطابق اب ان کو خطرہ ہے، تو کیا وہ حمل ساقط کرنے کی گولیاں کھا سکتی ہیں؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں اگر واقعۃً حمل پندرہ دن کا ہے اور کسی مستند و دین دار ڈاکٹر کے مطابق سائل کی اہلیہ کی صحت کو اس سے شدید خطرہ لاحق ہونے کا غالب گمان ہو ، تو ان کے لیے حمل ساقط کرنا کی گنجائش ہوگی ۔ البتہ اگر اسقاطِ حمل معاشی تنگی کے خوف یا محض بچوں کی کثرت کی وجہ سے کیا جائے، تو یہ شرعاً ناجائز ہے۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:
"امرأة مرضعة ظهر بها حبل وانقطع لبنها وتخاف على ولدها الهلاك وليس لأبي هذا الولد سعة حتى يستأجر الظئر يباح لها أن تعالج في استنزال الدم ما دام نطفة أو مضغة أو علقة لم يخلق له عضو وخلقه لا يستبين إلا بعد مائة وعشرين يوما أربعون نطفة وأربعون علقة وأربعون مضغة كذا في خزانة المفتين."
(كتاب الكراهية، الباب الثامن عشر في التداوي والمعالجات، ج:5، ص:356، ط:دار الفكر )فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

