بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 جمادى الاخرى 1448ھ 28 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

خلع کا معاوضہ لینے کا حکم

سوال

میری اپنی بیوی سے مسلسل ناچاقیاں رہتی ہے، میری بیوی نے ایک طلاق نامہ تحریر کروایا، جس میں میری طرف سے تین طلاقیں دینے کے الفاظ مذکورہ ہیں، وہ طلاق نامہ انہوں نے مجھے بھیجاکہ اس پر دستخط کرلیں۔ لیکن اگر مذکورہ طلاق نامے پرمیں دستخط کرتاہوں، تو کل وہ کہہ سکتے ہیں کہ میں نےہی طلاق دی تھی، ان کی طرف سے کوئی مسئلہ نہیں تھا، اس لیے میں نے ان سے کہاکہ آپ خلع نامہ بنوالیں تاکہ ریکارڈ رہے کہ علیحدگی کا اقدام میری طرف سے نہیں تھا بلکہ عورت کی طرف سے تھا۔

سوال یہ ہے کہ کیا اس صورت میں میرا مؤقف درست ہے یا نہیں؟

خلع کی صورت میں ادا کردہ حق مہر مجھے واپس ملے گایا نہیں؟

نیز میں نے اپنی بیوی کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ روپے رکھوائے تھے کہ کسی وقت میں کام آئیں گے، وہ مجھے نہیں دے رہی، اس کا کیا حکم ہے؟

جواب

واضح رہے کہ شریعت کا حکم یہ ہے کہ اگر میاں بیوی میں نباہ اور جوڑ نہ آرہاہوں دونوں شریعت کے قائم کردہ حدود پر قائم رہ کر خوشگوار زندگی نہیں گزار سکتے تو شوہر کو چاہیےکہ بلا عوض بیوی کو طلاق دے کر چھوڑدےتاکہ عورت عدت گزار نے کے بعد جہاں چاہے نکاح کرسکے۔ لہذا صورت مسئولہ میں شوہر کو چاہیے کہ طہر (پاکی کی حالت) میں ایک طلاق دے دے، اس کے بعد دونوں الگ رہے۔ عورت عدت گزار نے کے بعد خود آزاد ہوجائےگی۔

تاہم اگر معاملہ خلع ہی کا ہوا تو اس صورت میں شریعت کا حکم یہ ہے اگر زیادتی مرد کی طرف سے ہوں ، تو شوہر کےلیے معاوضہ لیناجائز نہیں ہےاگر شوہر معاوضہ لے لے تو  گناہ گار اور مرتکب حرام ہوگا۔ جس کے بارے میں قرآن کریم کی واضح آیت موجود ہے۔

اور اگر زیادتی عورت کی طرف سےہو اور وہ رشتہ نکاح کو فسخ کرنا چاہتی ہو، اس صورت میں شوہر کے لیے معاوضہ لیناجائز ہے بشرطیکہ حق مہر سے زیادہ نہ ہوں۔

سائل نے جو رقم اپنی بیوی کے اکاؤنٹ میں رکھی تھی اس کے بارے میں حکم یہ ہے اگر سائل نے ملکیت کے طورپر اپنی بیوی کو نہیں دیا ہو بلکہ صرف اس کے اکاؤنٹ میں بطورامانت کے رکھوائے تھے تو بیوی پر شرعا ضروری اور واجب ہے کہ سائل کو مذکورہ رقم واپس کردے، اور اگر سائل نے مذکورہ رقم گفٹ کرکے دیاتھا تو ابھی شوہر کو اسے  واپس لینے کاحق نہیں ہے، وہ بیو ی ہی کی ملکیت ہے۔

قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:

" وَاِنْ اَرَدْتُّمُ اسْتِبْدَالَ زَوْجٍ مَّكَانَ زَوْجٍ ۙ وَّاٰتَیْتُمْ اِحْدٰىهُنَّ قِنْطَارًا فَلَا تَاْخُذُوْا مِنْهُ شَیْـًٔا ؕ اَتَاْخُذُوْنَهٗ بُهْتَانًا وَّاِثْمًا مُّبِیْنًا(سورة النساء20)"

"اور تم بجائے ایک بی بی کے دوسری بی بی کرنا چاہو اور تم اس ایک کو انبار کا انبار مال دے چکے ہو تو تم اس میں سے کچھ بھی مت لو۔ کیا تم اس کو لیتے ہوبہتان رکھ کر اور صریح گناہ کے مرتکب ہوکر ۔"

سورة البقرة ميں ارشاد باری تعالیٰ ہے:

" اَلطَّلَاقُ مَرَّتٰنِ ۪ فَاِمْسَاكٌ بِمَعْرُوْفٍ اَوْ تَسْرِیْحٌ بِاِحْسَانٍ ؕ وَلَا یَحِلُّ لَكُمْ اَنْ تَاْخُذُوْا مِمَّاۤ اٰتَیْتُمُوْهُنَّ شَیْـًٔا اِلَّاۤ اَنْ یَّخَافَاۤ اَلَّا یُقِیْمَا حُدُوْدَ اللّٰهِ ؕ فَاِنْ خِفْتُمْ اَلَّا یُقِیْمَا حُدُوْدَ اللّٰهِ ۙ فَلَا جُنَاحَ عَلَیْهِمَا فِیْمَا افْتَدَتْ بِهٖ ؕ تِلْكَ حُدُوْدُ اللّٰهِ فَلَا تَعْتَدُوْهَا ۚ وَمَنْ یَّتَعَدَّ حُدُوْدَ اللّٰهِ فَاُولٰٓىِٕكَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ(سورة البقرة229)"

"وہ طلاق دو مرتبہ (کی) ہے پھر خواہ رکھ لینا قاعدے کے موافق خواہ چھوڑ دینا خوش عنوانی کے ساتھ اور تمھارے لیے یہ بات حلال نہیں کہ (چھوڑنے کے وقت) کچھ بھی لو (گو) اس میں سے (سہی) جو تم نے ان کو (مہر میں) دیا تھا مگر یہ کہ میاں بیوی دونوں کو احتمال ہو کہ الله تعالیٰ کے ضابطوں کو قائم نہ کرسکیں گے سو اگر تم لوگوں کو یہ احتمال ہو کہ وہ دونوں ضوابط خداوندی کو قا ئم نہ کرسکیں گے تو دونوں پر کوئی گناہ نہ ہوگا اس (مال کے لینے دینے) میں جس کو دے کر عورت اپنی جان چھڑالے ۔ یہ خدائی ضابطے ہیں سو تم ان سے باہر مت نکلنا اور جو شخص خدائی ضابطوں سے بالکل باہر نکل جائے سو ایسے ہی لوگ اپنا نقصان کرنے والے ہیں۔"

فتاوی ہندیہ میں ہے:
"إذا تشاق الزوجان وخافا أن لا يقيما حدود الله فلا بأس بأن تفتدي نفسها منه بمال يخلعها به فإذا فعلا ذلك وقعت تطليقة بائنة ولزمها المال كذا في الهداية.إن كان النشوز من قبل الزوج فلا يحل له أخذ شيء من العوض على الخلع وهذا حكم الديانة فإن أخذ جاز ذلك في الحكم ولزم حتى لا تملك استرداده كذا في البدائع.وإن كان النشوز من قبلها كرهنا له أن يأخذ أكثر مما أعطاها من المهر ولكن مع هذا يجوز أخذ الزيادة في القضاء كذا في غاية البيان."

(كتاب الطلاق، الباب الثامن، ج: 1، ص: 488، ط: سعید)

البحرالرائق میں ہے:
"(قوله وكره له أخذ شيء إن نشز) أي كرهها والنشوز يكون من الزوجين، وهو كراهة كل واحد منهما صاحبه كما في المغرب .. وأراد بالكراهة كراهة التحريم المنتهضة سببا للعقاب، والحق أن الأخذ في هذه الحالة حرام قطعا لقوله تعالى {فلا تأخذوا منه شيئا} [النساء: 20] ولا يعارضه الآية الأخرى {فلا جناح عليهما فيما افتدت به} [البقرة: 229] لأن تلك فيما إذا كان النشوز من قبله فقط، والأخرى فيما إذا خافا أن لا يقيما حدود الله فليس من قبله فقط نشوز على أنهما لو تعارضا كانت حرمة الأخذ ثابتة بالعمومات القطعية فإن الإجماع على حرمة أخذ مال المسلم بغير حق، وفي إمساكها لا لرغبة بل إضرارا، وتضييقا ليقتطع مالها في مقابلة خلاصها من الشدة التي هي معه فيها ذلك، وقال تعالى {ولا تمسكوهن ضرارا لتعتدوا ومن يفعل ذلك فقد ظلم نفسه} [البقرة: 231] فهذا دليل قطعي على حرمة أخذ مالها كذلك فيكون حراما إلا أنه لو أخذ جاز في الحكم أي يحكم بصحة التمليك، وإن كان بسبب خبيث، وتمامه في فتح القدير."

(كتاب الطلاق، باب الخلع، ج: 4، ص: 82، ط: دار الكتاب الإسلامي)

الدرالمختار میں ہے:
"وكره) تحريما (أخذ شئ) ‌ويلحق ‌به ‌الابراء ‌عما ‌لها ‌عليه (إن نشز وإن نشزت لا) ولو منه نشوز أيضا ولو بأكثر مما أعطاها على الاوجه. فتح. وصحح الشمني كراهة الزيادة، وتعبير الملتقى لا بأس به يفيد أنها تنزيهية، وبه يحصل التوفيق."

(‌‌كتاب الطلاق،‌‌ باب الخلع، ج: 1، ص: 235، ط: سعید)

فتاوی شامی میں ہے:

"‌لا ‌يجوز ‌لأحد ‌من ‌المسلمين ‌أخذ ‌مال ‌أحد ‌بغير ‌سبب ‌شرعي."

(كتاب الحدود، باب التعزير، ج: 4، ص: 61، ط: سعید)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144806100063
تاریخ28-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں