بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

6 جمادى الاخرى 1448ھ 17 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

داماد کا اپنے غریب ساس سسر کی مالی امداد کرنے کا حکم

سوال

اگر ساس سسر کی مالی حالت ٹھیک نہ ہو تو کیا اُن کا داماد کچھ مدد کرسکتا ہے؟

جواب

اگر ساس و سسر غریب و نادار ہوں تو داماد کے لیے اُن کی مالی مدد کرنا نہ صرف جائز بلکہ باعثِ اجروثواب ہے، ساس اور سسر بلاشبہ والدین کے قائم مقام ہوتے ہیں ، چنانچہ اخلاق و مروت کا بھی تقاضا ہے کہ اُن کے ساتھ تعاون و احسان سعادت سمجھ کر کیا جائے۔ نیز ساس سسر  اگر مستحقِ زکات ہوں تو داماد اُنہیں زکات بھی دے سکتا ہے، ورنہ فقط نفلی صدقات، خیرات اور  ہدایا وغیرہ سے مالی تعاون کیا جائے۔

 زکات کے مستحق سے مراد وہ  شخص ہے  جس  کی  ملکیت میں   ضرورتِ  اصلیہ (مثلا رہنے سہنے، کھانے پینے، لباس پوشاک اور استعمال کی  سواری وغیرہ)  کے علاوہ     نصاب  (ساڑھے سات تولہ سونا یا ساڑھے باون تولہ چاندی یا   اس کے بقدر رقم یا  ان سب کو ملا کر مجموعی طور پر ساڑھے  باون تولہ چاندی) کے برابر  رقم نہ ہو ، اور نہ ہی  اس  قدر ضرورت سے زائد  سامان ہو کہ جس کی مالیت نصاب (ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے) کے برابر بنتی ہے ،   اور نہ  ہی  وہ سید  ، ہاشمی، علوی،  اعوان، عباسی ہو، تو اس کو زکوٰۃ دینا جائز ہے۔

حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہٗ لکھتے ہیں:

”قرابت داروں کے حقوق:۔ اپنے سگے اگر محتاج ہوں اور کھانے کمانے کی قدرت نہ رکھتے ہیں تو گنجائش کے موافق ان کے ضروری خرچ کی خبر گیری کرے۔ گاہ گاہ ان سے ملتا رہے۔ ان سے قطع قرابت نہ کرے بلکہ اگر کسی قدر ان سےا یذا بھی پہنچے تو صبر افضل ہے۔

علاقہ مصاہرت یعنی سسرالی رشتہ:۔ قرآن مجید میں خدائے تعالیٰ نے نسب میں ذکر فرمایا ہے  اس سے معلوم ہوا کہ ساس اور سسر اور سالے اور بہنوئی اور داماد اور بہو اور بیوی کی پہلی اولاد اور اسی طرح میاں کی پہلی اولا دکا بھی کسی قدر حق ہوتا ہے اس لئے ان علاقوں میں رعایت احسان و اخلاق کی اوروں سے زیادہ رکھنا چاہئے۔“

(بہشی زیور، حقوق کا بیان، حصہ پنجم، ص:۲۴۰، ناشر: توصیف پبلی کیشنز)

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع میں ہے:

"ويجوز دفع الزكاة إلى من سوى الوالدين والمولودين من الأقارب ومن الإخوة والأخوات وغيرهم؛ لانقطاع منافع الأملاك بينهم ولهذا تقبل شهادة البعض على البعض والله أعلم".

(کتاب الزکاۃ، فصل حولان الحول هل هو من شرائط أداء الزكاة، ج:1، ص:50، ط:دار الكتب العلمية)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"لا يجوز دفع الزكاة إلى من يملك نصابا أي مال كان دنانير أو دراهم أو سوائم أو عروضا للتجارة أو لغير التجارة فاضلا عن حاجته في جميع السنة هكذا في الزاهدي والشرط أن يكون فاضلا عن حاجته الأصلية، وهي مسكنه، وأثاث مسكنه وثيابه وخادمه، ومركبه وسلاحه، ولا يشترط النماء إذ هو شرط وجوب الزكاة لا الحرمان كذا في الكافي. ويجوز دفعها إلى من يملك أقل من النصاب، وإن كان صحيحا مكتسبا كذا في الزاهدي. ولا يدفع إلى مملوك غني غير مكاتبه كذا في معراج الدراية."

(کتاب الزکوۃ، الباب السابع  فی المصارف، ج:1، ص:189، ط:دار الفکر)

فقط والله اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805101724
تاریخ16-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں