بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

6 جمادى الاخرى 1448ھ 17 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

مرد و عورت کے لیے زیرِ ناف بال صاف کرنے کی مدت اورحدود و مقام سے متعلق شرعی احکام

سوال

زیرِ ناف بالوں کی صفائی کی مُدت اور حدود (باؤنڈری لائن) کے حوالے سے تفصیلی راہ نمائی درکار ہے۔ یوں تو ہم جانتے ہیں کہ ناف کے نیچے کے ناپسندیدہ بالوں کو صاف رکھنا چاہیے، لیکن مردوں کے لیے باؤنڈری لائن کہاں تک ہے ؟میں نے سنا ہے کہ ناف کے نیچے دائیں اور بائیں لکیر ہے، اس لکیر کے نیچے دو انگلیوں سے صاف کیا جائے، کیا یہ صحیح ہے؟ اس لکیر کے اوپر رہنے والے ہلکے بالوں کا کیا حکم ہے؟ خصیوں پر بال صاف کرنے کا کیا حکم ہے؟ پھر خصیوں کے نیچے سے لے کر پچھلے سرے تک بالوں کو صاف کرنے کا کیا حکم ہے؟نیز خواتین کے لیے ناف کے نیچے کے ناپسندیدہ بالوں کو صاف کرنے کے لیے باؤنڈری لائن کہاں سے کہاں تک ہے؟ کہاں سے کہاں تک صاف کرنا چاہیے؟

جواب

شریعت مطہرہ نے زیرِ ناف بالوں کی صفائی کو امورِفطرت میں سے قرار دے کر اُس کے اہتمام کا حکم دیا ہے، ہفتہ میں ایک مرتبہ صفائی کرنا مستحب اور خاص جمعہ کے دن اس کا اہتمام کرنا باعثِ فضیلت ہے، پندرہ دن یا زائد کی تاخیر سے کرنا بھی جائز ہے، آخری حدچالیس دن تک کی ہے، چالیس دن سے زیادہ تاخیر کرنا مکروہِ تحریمی اور گناہ کا باعث ہے۔

مرد اور عورت  دونوں کے لیے زیرِناف بالوں کی حد ناف کے نیچے سے لے کر رانوں کی جڑوں تک ،شرم گاہ اور اس کے آس پاس کا حصہ،مرد کے  خصیتین، خصیتین سے لے کر پچھلے سِرے تک ،اسی طرح پاخانہ کے مقام اور اُس کے اردگرد کاحصہ اور رانوں کا صرف وہ حصہ جہاں نجاست ٹھہرنے یا لگنے کا خطرہ ہو، یہ زیر ناف بالوں کی حد ہے؛ لہذا ان تمام جگہوں  کےبال  صاف کرنا ضروری ہے۔

آپ کے مسائل اور ان کا حل میں ہے:

’’سوال :… زیرِ ناف بالوں کا حدودِ اربعہ کہاں سے کہاں تک ہے؟

جواب:… ناف سے لے کر رانوں کی جڑ تک اور شرم گاہ (آگے ، پیچھے) کے اردگرد جہاں تک ممکن ہو صفائی کرنا ضروری ہے، ہر ہفتہ صفائی افضل ہے، چالیس دن تک چھوڑنے کی اجازت ہے، اس سے زیادہ وقفہ ممنوع ہے۔‘‘

(کتاب الطہارت، غسل کے مسائل، ج:۳، ص:۱۲۰، ط: مکتبہ لدھیانوی)

شرح النووی علی مسلم  میں ہے:

"وأما الإستحداد فهو حلق العانة سمي استحدادا لاستعمال الحديدة وهي الموسى وهو سنة والمراد به نظافة ذلك الموضع والأفضل فيه الحلق ويجوز بالقص والنتف والنورة والمراد بالعانة الشعر الذي فوق ذكر الرجل وحواليه وكذاك الشعر الذي حوالي فرج المرأة ونقل عن أبي العباس بن سريج أنه الشعر النابت حول حلقة الدبر فيحصل من مجموع هذا استحباب حلق جميع ما على القبل والدبر وحولهما."

(کتاب الطھارة، باب خصال الفطرة، ج:3، ص:148، ط:دار إحياء التراث العربي)

مجمع الانہر فی شرح ملتقی الابحر میں ہے:

"وفي القنية ويستحب حلق عانته وتنظيف بدنه بالاغتسال في كل أسبوع مرة فإن لم يفعل ففي خمسة عشر يوما مرة ولا عذر في تركه وراء أربعين."

(كتاب الكراهية، فصل في المتفرقات، ج:2، ص:556، ط:دار إحياء التراث العربي)

فتاوی شامی میں ہے:

"والعانة: الشعر القريب من فرج الرجل والمرأة، ومثلها شعر الدبر، بل هو أولى بالإزالة ؛ لئلا يتعلق به شيء من الخارج عند الاستنجاء بالحجر." 

( کتاب الحج، فصل في الإحرام وصفة المفرد، ج:2، ص:481، ط:سعید)

وفیه أيضًا:

"قال في القنية: الأفضل أن يقلم أظفاره ويقص شاربه ويحلق عانته وينظف بدنه بالاغتسال في كل أسبوع وإلا ففي كل خمسة عشر يومًا ولا عذر في تركه وراء الأربعين ويستحق الوعيد فالأول أفضل والثاني الأوسط والأربعون الأبعد آهـ ."

(كتاب الصلاة، باب العيدين، مطلب في إزالة الشعر والظفر في عشر ذي الحجة، ج:2، ص:181، ط:سعيد)

وفیہ ایضاً:

"(قوله: وكره تركه) أي تحريما لقول المجتبى ولا عذر فيما وراء الأربعين ويستحق الوعيد اهـ وفي أبي السعود عن شرح المشارق لابن ملك روى مسلم عن أنس بن مالك «وقت لنا في ‌تقليم الأظفار وقص الشارب ونتف الإبط أن لا نترك أكثر من أربعين ليلة» وهو من المقدرات التي ليس للرأي فيها مدخل فيكون كالمرفوع اهـ"

(كتاب الحظر والإباحة، فصل في البيع، ج:6، ص:407، ط:سعيد)

فقط والله اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805101723
تاریخ16-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں