براق کی مروجہ تصویر کی حقیقت اور اس کی خرید و فروخت کا حکم
سوال
ہمارے بازار میں رجب اور ربیع الاول کے دنوں میں ایک تصویر بہت بکتی ہے، جس میں سفید پروں والا ایک گھوڑا بنا ہوتا ہے جس کا چہرہ عورت کا ہوتا ہے، اور نیچے ”براق“ لکھا ہوتا ہے۔ لوگ اسے برکت کے لیے دکانوں اور گھروں میں لٹکاتے ہیں۔ میں ایک دکان پر کام کرتا ہوں، اور دکان کے مالک چاہتے ہیں کہ ہم بھی یہ تصویریں منگوا کر بیچیں۔
کیا براق کی شکل واقعی ایسی تھی؟ اور ایسی تصویر بیچنا اور گھر میں لٹکانا کیسا ہے؟
جواب
واضح رہے کہ احادیثِ صحیحہ میں براق کا حلیہ یہ آیا ہے کہ وہ سفید رنگ کا ایک لمبا چوپایا تھا، جس کا قد گدھے سے بڑا اور خچر سے چھوٹا تھا، اور وہ اپنا قدم وہاں رکھتا تھا جہاں تک اس کی نگاہ پہنچتی تھی۔ پَروں کا ذکر صرف ایک روایت میں ہے جو دوسری روایات میں نہیں ملتا، اور انسان جیسے رخسار کا ذکر ایک ضعیف سند والی روایت میں آیا ہے، جب کہ عورت کے چہرے کا ذکر کسی روایت میں نہیں؛ لہٰذا بازار میں بکنے والی پروں اور عورت کے چہرے والی تصویر کو براق کی شکل قرار دینا بے اصل ہے۔
یہ تصویر اگر براق کے صحیح حلیے کے مطابق بھی بنائی جائے تب بھی جان دار کی تصویر ہے، اور جان دار کی تصویر بنانا، اسے گھر یا دکان میں لٹکانا اور اس کی خرید و فروخت کرنا ناجائز ہے۔ ایسی تصویر سے برکت حاصل ہونے کا اعتقاد بے اصل ہے، بلکہ جس گھر میں جان دار کی تصویر ہو اس میں رحمت کے فرشتے داخل نہیں ہوتے۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں دکان کے مالک اور سائل دونوں کے لیے یہ تصویریں منگوانا اور فروخت کرنا جائز نہیں، اور جن گھروں یا دکانوں میں یہ تصویر لٹکی ہو، وہاں سے اسے ہٹا کر ختم کردینا ضروری ہے۔
صحیح البخاری میں ہے:
"عن ابن عباس عن أبي طلحة رضي الله عنهم عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: لا تدخل الملائكة بيتا فيه كلب ولا صورة."
(کتاب بدء الخلق، باب إذا وقع الذباب في شراب أحدكم فليغمسه، رقم: 3322، ج:4، ص:130، ط: السلطانیۃ)
ترجمہ:
"فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا ہو، اور نہ اس گھر میں جس میں تصویر ہو۔"
وفیہ ایضاً:
"ثم أتيت بدابة دون البغل وفوق الحمار أبيض، فقال له الجارود: هو البراق يا أبا حمزة؟ قال أنس: نعم، يضع خطوه عند أقصى طرفه."
(کتاب مناقب الأنصار، باب المعراج، رقم: 3887، ج:5، ص:52، ط: السلطانیۃ)
ترجمہ:
"پھر میرے پاس ایک سفید جانور لایا گیا جو خچر سے چھوٹا اور گدھے سے بڑا تھا۔ جارود نے پوچھا: اے ابو حمزہ! کیا وہ براق تھا؟ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ہاں، وہ اپنا قدم وہاں رکھتا تھا جہاں تک اس کی نگاہ پہنچتی تھی۔"
صحیح مسلم میں ہے:
"عن أنس بن مالك أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: أتيت بالبراق، وهو دابة أبيض طويل فوق الحمار ودون البغل، يضع حافره عند منتهى طرفه."
(کتاب الإیمان، باب الإسراء برسول الله صلى الله عليه وسلم إلى السماوات وفرض الصلوات، رقم: 162، ج:1، ص:145، ط: دار إحياء التراث العربي)
ترجمہ:
"میرے پاس براق لایا گیا، وہ ایک سفید رنگ کا لمبا جانور تھا، گدھے سے بڑا اور خچر سے چھوٹا، اپنا کھر وہاں رکھتا تھا جہاں اس کی نگاہ کی انتہا ہوتی تھی۔"
فتح الباری میں ہے:
"وفي رواية لابن سعد عن الواقدي بأسانيده: له جناحان، ولم أرها لغيره، وعند الثعلبي بسند ضعيف عن ابن عباس في صفة البراق: لها خد كخد الإنسان وعرف كالفرس وقوائم كالإبل وأظلاف وذنب كالبقر، وكان صدره ياقوتة حمراء."
(کتاب مناقب الأنصار، باب المعراج، ج:7، ص:206، ط: دار المعرفة)
فتاوی شامی میں ہے:
"وظاهر كلام النووي في شرح مسلم الإجماع على تحريم تصوير الحيوان، وقال: وسواء صنعه لما يمتهن أو لغيره، فصنعته حرام بكل حال لأن فيه مضاهاة لخلق الله تعالى، وسواء كان في ثوب أو بساط أو درهم وإناء وحائط وغيرها اهـ."
(کتاب الصلاۃ، باب ما يفسد الصلاة وما يكره فيها، ج:1، ص:647، ط: سعید)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

