ایک مرد کے نکاح میں رہتے ہوئے عورت کا دوسرا نکاح کرنا
سوال
ایک عورت نے ایک شخص سے نکاح کیا، پھر پہلے شوہر کے عقد میں رہتے ہوئے اس عورت نے دوسرا نکاح کرلیا، اس نکاح ثانی کا کیا حکم ہے؟
وضاحت: پہلے شوہر سے نہ طلاق لی ہے، نہ خلع ہوا ہے اور نہ ہی تنسیخِ نکاح ہوا ہے۔
جواب
کسی عورت کا ایک مرد کے نکاح میں رہتے ہوئے دوسرے مرد سے نکاح کرنا ناجائز اور حرام ہے، ایسا نکاح باطل ہے، منعقد ہی نہیں ہوتا ، لہٰذا اگر واقعتًا مذکورہ عورت کو اس کے شوہر نے نہ طلاق دی ہے، نہ خلع و تنسیخ کا معاملہ ہوا ہے تو اس عورت کا دوسرے مرد سے نکاح منعقد ہی نہیں ہوا، بلکہ پہلے شوہر سے اس کا نکاح برقرار ہے۔
رد المحتار میں ہے:
"أما منكوحة الغير فهي غير محل إذ لا يمكن اجتماع ملكين في آن واحد على شيء واحد."
(كتاب النكاح، ج:3، ص:517، ط:سعيد)
فقط والله أعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

