بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

12 جمادى الاخرى 1448ھ 23 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

’’اگر تم والد کے گھر گئیں تو طلاق دے دوں گا‘‘ کہنے سے طلاق واقع ہوتی ہے؟

سوال

میری بہن کو شوہر نے غصے میں کہا: ”اگر تم اپنے والد کے گھر گئیں تو میں تمہیں طلاق دے دوں گا۔“ اب ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کیا اس جملے سے طلاق واقع ہوئی ہے، اور کیا اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے؟

جواب

صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص نے  جو الفاظ اپنی بیوی سے کہے ہیں  کہ   :’’اگر تم اپنے والد کے گھر گئیں تو میں تمہیں طلاق دے دوں گا‘‘ یہ چوں کہ  مستقبل میں طلاق دینے کی دھمکی پر دلالت کرتے ہیں، جس سے طلاق واقع نہیں ہوتی۔ لہٰذا اس جملے  کے بعد  اگر   بیوی اپنے  والدین کے گھر جاتی ہے تو اس جملہ کی وجہ سے اس پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی، نکاح بدستور قائم رہے گا،تاہم   شوہر آئندہ اس طرح کے  الفاظ  کہنے سے گریز کرے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"أن التهديد بالطلاق في معنى عرض الطلاق عليها؛ لأن قوله أطلقك إن فعلت كذا بمنزلة قوله: أبيع عبدي هذا."

(کتاب العتق ، فرع قال أحد شريكين للآخر بعت منك نصيبي، ج:3، ص: 669، ط:سعید)

" العقود الدرية في تنقيح الفتاوى الحامدية "  میں ہے:

" (سئل) في رجل له زوجة موافقة لأمها مطيعة لها وكل منهما في مسكن على حدة فقال لزوجته ما دمت مع أمك تكوني طالقة فانقطعت عن موافقتها وإطاعتها مدة ولفظ تكوني مغلب في الحال ونيته في المعية المذكورة ما ذكر من الموافقة والإطاعة لها فما الحكم؟

(الجواب) : صيغة المضارع لا يقع بها الطلاق إلا إذا غلب في الحال كما صرح به الكمال بن الهمام وحيث تركت ذلك المدة المذكورة فإذا عادت لموافقتها وإطاعتها لا يقع عليه الطلاق لأن كلمة ما دام غاية ينتهي اليمين بها كما تقدم عن التنوير وشرحه."

(كتاب الطلاق، ج:1، ص:38، ط:دارالمعرفة)

فقط والله اعلم 

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805101273
تاریخ23-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں