بہن کا بہن کو زکات دینا
سوال
مجھ پر پچھلے چار سال کی زکات باقی ہے جو میں نے ادا نہیں کی ہے اور اس سال ادا کرنے کا ارادہ تھا اور اس مہینے میری چھوٹی بہن کی شادی ہے جس کے پاس اب تک کوئی سونا اور چاندی وغیرہ کچھ نہیں تھا اور والد صاحب بھی مالی اعتبار سے کمزور ہیں اور جس طرح سے میری شادی ہوئی مجھے اتنا سونا ملا تھا اور سسرال میں عزت رہ گئی تھی اس طرح سے والد صاحب میری چھوٹی بہن کو نہیں دے پائیں گے اور اگر تھوڑا بہت بھی دینے کا ہوا تو وہ قرض لے کر دیں گے تو میں نے نیت کی تھی کہ اپنی چھوٹی بہن کو ہی زکات کے طور پر سونا یا نقد دے دوں کہ وہ سونا اپنا بنا لے لیکن اس سے پہلے یہ ہوا کہ امی کے پاس جو ایک پونے دو تولے کا ایک بریسلیٹ تھا وہ امی نے دو دن پہلے ہی اس کو دے دیا اور حالانکہ اسی ہفتے ارادہ تھا کہ میں اپنا کچھ سونا بیچ کر اس میں سے اپنی چھوٹی بہن کو زکات کے طور پر دے دوں گی اور والد صاحب نے ایک سنار کے پاس چار تولہ بھی شادی کے لیے روک کے رکھا ہے بہن کو دینے کی نیت سے تو مجھے یہ بتائیں کہ بہن کا سسرال میں مان رہ جائے اور سونا تھوڑا اس کا بڑھ جائے اس نیت سے میں زکات کے طور پہ دینا چاہ رہی تھی کہ اس کے علاوہ میرے پاس رقم نہیں ہے جو میں اس کو تحفے کے طور پر بھی دے سکوں تو کیا میں اب بھی اس کو زکات دے سکتی ہوں سونے یا نقد کی صورت میں یازکات نہیں لگے گی؟
جواب
واضح رہے کہ بہن اگر مستحقِ زکات ہو تو اسے زکات دینا جائز ہے، بلکہ اس میں صلہ رحمی کی وجہ سے دوہرا ثواب ہے۔ اور مستحقِ زکات وہ ہے جس کی ملکیت میں ضرورتِ اصلیہ سے زائد نصاب کے بقدر مال نہ ہو، اور وہ سید یا ہاشمی نہ ہو۔
نصاب کی تفصیل یہ ہے کہ اگر کسی کے پاس صرف سونا ہو، اور اس کے علاوہ بنیادی ضرورت سے زائد نقدی، چاندی یا مالِ تجارت کچھ نہ ہو، تو اس کا نصاب ساڑھے سات تولہ سونا ہے۔ لیکن اگر سونے کے ساتھ ضرورت سے زائد کچھ نقدی، چاندی یا مالِ تجارت بھی ہو، تو پھر نصاب ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت ہے، اور سب کی مجموعی مالیت اس کے برابر ہو جائے تو وہ مستحقِ زکات نہیں۔
نیز کسی مستحق کو بغیر ضرورت اتنی زکات دینا کہ وہ خود صاحبِ نصاب بن جائے مکروہ ہے، البتہ زکات ادا ہو جاتی ہے، اور ضرورت کی صورت میں ایسا کرنا مکروہ بھی نہیں۔ اور شادی کے لیے کسی مستحق کو زکات دینا جائز ہے، بشرطیکہ اسے مالک بنا کر دی جائے۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں:
۱۔ اگر سائلہ کی بہن کی ملکیت میں والدہ کے دیے ہوئے پونے دو تولہ سونے کے علاوہ بنیادی ضرورت سے زائد کوئی نقدی، چاندی یا مالِ تجارت نہیں، تو اس کا نصاب ساڑھے سات تولہ سونا ہے، اور چونکہ اس کے پاس اس سے کم سونا ہے، اس لیے وہ مستحقِ زکات ہے، اور سائلہ اسے زکات میں سونا یا نقدی دے سکتی ہے۔
۲۔ اور اگر اس سونے کے ساتھ بہن کی ملکیت میں ضرورت سے زائد کچھ نقدی یا چاندی بھی ہو، تو سونے اور نقدی کی مجموعی مالیت دیکھی جائے گی، اگر وہ ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر یا اس سے زیادہ ہو تو بہن مستحقِ زکات نہیں، اور اسے زکات دینا جائز نہیں۔
۳۔ والد صاحب نے جو چار تولہ سونا سنار کے پاس روک رکھا ہے، وہ جب تک بہن کو دے کر اس کا مالک نہ بنا دیں، والد ہی کی ملکیت ہے، اس لیے اس کا شمار بہن کی ملکیت میں نہیں ہوگا۔ البتہ بہتر یہ ہے کہ سائلہ اپنی زکات والد کا سونا بہن کے حوالے ہونے سے پہلے ادا کر دے، تاکہ استحقاق میں کوئی شبہ نہ رہے۔
۴۔ اگر سائلہ کی دی ہوئی زکات سے بہن کا مجموعی سونا ساڑھے سات تولہ یا اس سے زیادہ ہو جائے، تو اس طرح زکات دینا (شادی کی ضرورت نہ ہو تو) مکروہ ہے، لیکن زکات ادا ہو جائے گی۔ البتہ جب بہن صاحبِ نصاب بن جائے تو اس کے بعد اسے مزید زکات دینا درست نہیں ہوگا، اس لیے جو زکات دینی ہو وہ ایک ساتھ دی جائے۔
۵۔زکات کی ادائیگی کے لیے ضروری ہے کہ سونا یا رقم بہن کو مالک بنا کر اس کے قبضے میں دی جائے۔
فتاویٰ ہندیہ میں ہے:
"أما تفسيرها فهي تمليك المال من فقير مسلم غير هاشمي، ولا مولاه بشرط قطع المنفعة عن المملك من كل وجه لله - تعالى - هذا في الشرع كذا في التبيين."
(كتاب الزكوة، الباب الأول في تفسيرها وصفتها وشرائطها، ج: 1، ص: 170، ط: دار الفکر)
بدائع الصنائع میں ہے:
"ويجوز دفع الزكاة إلى من سوى الوالدين والمولودين من الأقارب ومن الإخوة والأخوات وغيرهم ؛ لانقطاع منافع الأملاك بينهم ولهذا تقبل شهادة البعض على البعض والله أعلم."
(فصل حولان الحول، ركن الزكاة، 2/ 50، الناشر: دار الكتب العلمية، بيروت)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

