بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

4 جمادى الاخرى 1448ھ 15 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

بہن کو زکات کی رقم سے سونا دینے کا حکم

سوال

ایک عورت پر زکوٰۃ فرض ہے، اس کی ایک بہن ہے جس کی شادی ہونے والی ہے، فی الحال اس بہن کے پاس اپنا کوئی مال یا سونا نہیں ہے، البتہ ان کی والدہ کے پاس کچھ سونا موجود ہے۔ اب مذکورہ عورت چاہتی ہے کہ اپنی زکوٰۃ کی رقم اپنی بہن کو بتائے بغیر اپنے والدین کو دے دے، تاکہ وہ اس رقم سے اپنی بیٹی (مذکورہ عورت کی بہن) کے لیے سونا خرید لیں۔ وہ یہ بھی چاہتی ہے کہ اس کی بہن کو معلوم نہ ہو کہ یہ رقم اس کی طرف سے زکوٰۃ کی مد میں دی گئی ہے۔ دریافت طلب امور یہ ہیں:

1۔ کیا مذکورہ عورت اپنی حقیقی بہن کو زکوٰۃ دے سکتی ہے؟

2۔ کیا وہ اپنی بہن کو بتائے بغیر زکوٰۃ کی رقم اپنے والدین کو دے سکتی ہے، تاکہ وہ اس رقم سے اس کی بہن کے لیے سونا خرید لیں؟

3۔ کیا اس طریقے سے زکوٰۃ ادا ہو جائے گی، یا زکوٰۃ کی رقم بہن کی ملکیت میں دینا ضروری ہے؟

4۔ کیا اس معاملے میں کوئی فرق پڑے گا کہ بہن کے پاس فی الحال اپنا کوئی مال یا سونا نہیں ہے، جبکہ والدہ کے پاس کچھ سونا موجود ہے؟ براہِ کرم فقہِ حنفی کی روشنی میں شرعی رہنمائی فرمائیں۔

جواب

واضح رہے کہ مستحق زکات قریبی رشتہ داروں کو زکات دینا دہرے اجر کا باعث ہے، البتہ والدین ، دادا، دادی، نانا، نانی اور اپنی اولاد در اولاد کو زکات دیناجائز نہیں ، اسی طرح میاں بیوی کا ایک دوسرےکو زکات دینا بھی جائز نہیں۔ لہذا:

1:۔ صورت مسئولہ میں مذکورہ عورت اپنی حقیقی بہن کو زکات دے سکتی ہےبشرطیکہ حقیقی بہن مستحق زکات ہو، سید، علوی، ہاشمی نہ ہو۔

2:۔ مذکورہ خاتون زکات کی رقم براہ راست مستحق زکات بہن کو زکات کی نیت سے دے دے، اور اس سے کہہ دے کہ یہ رقم  تمہارے زیورات کے لیے دی ہے، یا خود  سونا خرید کر  بہن کو دے دے، بہن کو زکات کا بتانا ضروری نہیں، البتہ خود نیت کرنا ضروری ہے۔ البتہ اگر زکات کی رقم والدین کو دینی ہو، تاکہ والدین اس رقم سے سونا خریدکربیٹی کودیں تو اس صورت میں زکات ادا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ سائلہ اپنی والدہ کو وکیل بنا کر یہ کہے کہ اس سے سونا خرید کر میری بہن کومیری طرف سے بطور زکات دے دیں، تو سائلہ کی زکات ادا ہوجائے گی، بہن کو یہ کہنا ضروری نہیں ہےکہ یہ زکات کا سونا ہے۔ 

3:۔ زکات کی رقم سے خریدا ہوا سونا مستحق بہن کی ملکیت میں دینا ضروی ہوگا، زکات کی رقم دینا ضروری نہیں ہے۔

4:۔ والدہ کی ملکیت میں ان کاذاتی جو سوناہے اس کی وجہ سے بالغ بیٹی (مذکورہ خاتون کی بہن) صاحب نصاب شمار نہیں ہوگی، لہذا اگر بہن مستحق زکات ہو، تو اس کو زکات دی جاسکتی ہے۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:
"أما تفسيرها فهي تمليك المال من فقير مسلم غير هاشمي، ولا مولاه بشرط قطع المنفعة عن المملك من كل وجه .. وأما شرط أدائها فنية .. إذا وكل في أداء الزكاة أجزأته النية عند الدفع إلى الوكيل فإن لم ينو عند التوكيل ونوى عند دفع الوكيل جاز كذا في الجوهرة النيرة وتعتبر نية الموكل في الزكاة دون الوكيل كذا في معراج الدراية فلو دفع الزكاة إلى رجل وأمره أن يدفع إلى الفقراء فدفع، ولم ينو عند الدفع جاز. .. ومن أعطى مسكينا دراهم وسماها هبة أو قرضا ونوى الزكاة فإنها تجزيه، وهو الأصح ‌هكذا ‌في ‌البحر ‌الرائق ناقلا عن المبتغى والقنية."

‌‌(كتاب الزكاة، الباب الأول، ج: 1، ص: 170، ط: رشیدیه)

وفیه أيضا:
"ولا يجوز دفعها إلى ولد الغني الصغير كذا في التبيين. ولو كان كبيرا فقيرا جاز، ويدفع إلى امرأة غني إذا كانت فقيرة، وكذا إلى البنت الكبيرة إذا كان أبوها غنيا؛ لأن قدر النفقة لا يغنيها وبغنى الأب والزوج لا تعد غنية كذا في الكافي ... والأفضل في الزكاة والفطر والنذر الصرف أولا إلى الإخوة والأخوات."

‌‌(كتاب الزكاة، الباب السابع، ج: 1، ص: 189، ط:  رشیدیه)

فتاوی شامی میں ہے:
"ويشترط أن يكون الصرف (تمليكا) لا إباحة كما مر (لا) يصرف... (و) لا إلى (غني) يملك قدر نصاب فارغ عن حاجته الأصلية من أي مال كان ... (و) لا إلى (طفله)بخلاف ولده الكبير وأبيه وامرأته الفقراء وطفل الغنية فيجوز لانتفاء المانع."

‌‌(كتاب الزكاة، باب مصرف الزكاة، ج: 2، ص: 344، ط: سعید)

فقط والله اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805101173
تاریخ15-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں