خریداری کے بعد دکاندار کے پاس امانت رکھوایا گیا ڈنر سیٹ آگ میں جل جانے پر تاوان کا حکم
سوال
میں نے گل پلازہ کراچی میں ایک گاہک کو ڈنر سیٹ فروخت کیا تھا، گاہک نے اس کی پوری قیمت ادا کردی تھی اور سودا مکمل ہوگیا تھا۔ اس کے بعد گاہک نے خود کہا کہ یہ ڈنر سیٹ فی الحال دکان میں ہی رہنے دیں، میں بعد میں لے جاؤں گا، چنانچہ اس نے اپنا خریدا ہوا سامان ہمارے پاس بطورِ امانت رکھوا دیا۔ اس کے بعد گل پلازہ میں آگ لگ گئی، جس میں مذکورہ ڈنر سیٹ بھی جل کر ضائع ہوگیا، حالاں کہ اس کے جلنے میں میری کوئی غفلت یا لاپرواہی نہیں تھی۔ اب گاہک مطالبہ کررہا ہے کہ اسے نیا ڈنر سیٹ دیا جائے یا اس کی ادا کردہ رقم واپس کی جائے۔
سوال یہ ہے کہ جب گاہک نے خود اپنا خریدا ہوا سامان ہمارے پاس بطورِ امانت رکھوایا تھا اور وہ ہماری کسی غفلت کے بغیر آگ میں جل کر ضائع ہوگیا، تو کیا شرعاً ہمارے ذمے اس کا تاوان لازم ہے یا نہیں؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں اگر گاہک نے ڈنر سیٹ خریدنے کے بعد اس پر قبضہ کرلیا تھا، خواہ حقیقی قبضہ ہو یا حکمی، اور اس کے بعد اپنی مرضی سے ڈنر سیٹ دکان دار کے پاس بطورِ امانت رکھوا دیا تھا، تو ایسی صورت میں ڈنر سیٹ دکاندار کے پاس امانت تھا، ایسی صورت میں مذکورہ ڈنر سیٹ اگر واقعۃً گل پلازہ میں آگ لگنے کی وجہ سے دکان دار کی کسی غفلت، کوتاہی یا تعدّی کے بغیر جل کر ضائع ہوگیا ہے تو دکاندار پر اس کا تاوان لازم نہیں ہوگا، اور نہ ہی گاہک کو نیا ڈنر سیٹ دینا یا اس کی ادا کردہ قیمت واپس کرنا لازم ہوگا۔
واضح رہے کہ قبضۂ حکمی (تخلیہ) کی صورت یہ ہے کہ دکان دار نے فروخت کردہ ڈنر سیٹ کو اپنے دیگر سامان سے الگ اور ممتاز کرکے خریدار کے سامنے رکھ دیا ہو اور اسے قبضہ کرنے اور اپنے ساتھ لے جانے کا مکمل اختیار دے دیا ہو، یعنی خریدار اگر چاہتا تو اسی وقت ڈنر سیٹ اپنے ساتھ لے جاسکتا تھا اور اس میں دکاندار کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں تھی، تو اس صورت میں شرعاً تخلیہ کے ذریعے خریدار کا قبضہ مکمل ہوجاتا ہے، اگرچہ اس نے ڈنر سیٹ اپنے ہاتھ میں اٹھایا نہ ہو۔
البتہ اگر گاہک نے ڈنر سیٹ پر نہ حقیقی قبضہ کیا تھا اور نہ ہی مذکورہ طریقے سے قبضۂ حکمی (تخلیہ) پایا گیا تھا، تو محض سودا مکمل ہونے اور قیمت ادا کرنے سے خریدار کا قبضہ مکمل نہیں ہوگا، لہٰذا قبضے سے پہلے ڈنر سیٹ آگ میں جل کر ضائع ہونے کی صورت میں سودا ختم ہوجائے گا اور دکان دار پر گاہک کی ادا کردہ قیمت واپس کرنا لازم ہوگا۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"ولو كان البيع باتًّا، فقبضه المشتري بإذن البائع أو بغير إذنه ... فأودعه البائع، فهلك عند البائع، يهلك على المشتري، ويلزمه الثمن بالإجماع."
(كتاب البيوع، فصل في حكم البيع، 5 /266، ط: دار الكتب العلمية)
فتاویٰ شامی میں ہے:
"ثم التسليم يكون بالتخلية على وجه يتمكن من القبض بلا مانع ولا حائل."
"(قوله: على وجه يتمكن من القبض) فلو اشترى حنطة في بيت ودفع البائع المفتاح إليه وقال: خليت بينك وبينها، فهو قبض، وإن دفعه ولم يقل شيئا لا يكون قبضا."
(كتاب البيوع، مطلب فيما يكون قبضًا للمبيع، 4 /561 -562، ط:سعید)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

