بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

8 جمادى الاخرى 1448ھ 19 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

قرض لے کر مشروط پرافٹ لینا سود ہے/ اور اس کے متبادل ایک جائز صورت

سوال

میں ایک فلیٹ خرید رہا ہوں، جس کے لیے تیس لاکھ روپے کم پڑ رہے ہیں، ایک رشتہ دار نے میزان بینک میں اپنے پیسے رکھے ہوئے ہیں جس پر اُسے ماہانہ آمدن ہوتی ہے، وہ رشتہ دار کہہ رہا ہے کہ تیس لاکھ آپ مجھ سے لے لیں، لیکن جتنا پرافٹ مجھے میزان سے ملتا ہے اتنا آپ مجھے ماہانہ دیا کریں، اور اصل رقم ادائیگی کے وقت تک آپ پر بدستور باقی رہے گی، کیا یہ معاملہ سودی ہوگا یا نہیں؟

کیا اس کو اس تیس لاکھ کے عوض اپنے مذکورہ فلیٹ میں شراکت دار بناسکتا ہوں اور پھر یہی پرافٹ میں اسے ماہانہ دیتا رہوں، چاہے مجھے اس فلیٹ میں نقصان اُٹھانا پڑے یا فائدہ، اور اس کی اصل رقم مجھ برقرار رہے گی؟

اگر نہیں تو پھر ایسی کیا صورت ہوسکتی ہے کہ یہ رقم اس سے لے کر اس کو ماہانہ رقم بھی دیتا رہوں اور پھر بعد میں میرے پاس تیس لاکھ روپے کا بندوبست ہوجائے تو میں اسے اس کی یہ رقم مکمل واپس بھی کردوں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر سائل اپنے مذکورہ رشتہ دار سے مذکورہ رقم بطورِ قرض لےکر ماہانہ اسے اصل رقم کے علاوہ اضافی رقم دے گا تو وہ سود شمار ہوگا، اور سود کی حرمت  اور اس پر وعید صریح نصوص سے ثابت ہے، ارشادِ باری تعالی ہے:

" ٱلَّذِينَ يَأۡكُلُونَ ٱلرِّبَوٰاْ لَا يَقُومُونَ إِلَّا كَمَا يَقُومُ ٱلَّذِي يَتَخَبَّطُهُ ٱلشَّيۡطَٰنُ مِنَ ٱلۡمَسِّۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمۡ قَالُوٓاْ إِنَّمَا ٱلۡبَيۡعُ مِثۡلُ ٱلرِّبَوٰاْۗ وَأَحَلَّ ٱللَّهُ ٱلۡبَيۡعَ وَحَرَّمَ ٱلرِّبَوٰاْۚ فَمَن جَآءَهُۥ مَوۡعِظَةٞ مِّن رَّبِّهِۦ فَٱنتَهَىٰ فَلَهُۥ مَا سَلَفَ وَأَمۡرُهُۥٓ إِلَى ٱللَّهِۖ وَمَنۡ عَادَ فَأُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلنَّارِۖ هُمۡ فِيهَا خَٰلِدُونَ"

’’جولوگ سود کھاتے ہیں وہ (قیامت میں) اُٹھیں گے تو اس شخص کی طرح اُٹھیں گے جسے شیطان نے چھوکر پاگل بنادیا ہو، یہ ذلت آمیز عذاب اس لیے ہوگا کہ انہوں نے کہا تھا کہ بیع بھی تو سود کی طرح ہوتی ہے، حالانکہ اللہ نے بیع یعنی خرید وفروخت کو حلال کیا ہے اور سود کو حرام قرار دیا ہے۔

لہٰذا جس شخص کے پاس اس کے پروردگار کی طرف سے نصیحت آگئی اور وہ (سودی معاملات سے) باز آگیا تو ماضی میں جو کچھ ہوا، وہ اسی کا ہے اور اس کی (باطنی کیفیت) کا معاملہ اللہ کے حوالہ ہے۔ اور جس شخص نے لوٹ کر پھر وہی کام کیاتو ایسے لوگ دوزخی ہیں، وہ ہمیشہ اس میں رہیں گے۔‘‘۔ ۔(البقرۃ: ۲۷۵)

سود سے باز نہ آنے والوں کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے اعلانِ جنگ ہے:

" يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَذَرُواْ مَا بَقِيَ مِنَ ٱلرِّبَوٰٓاْ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ 278 فَإِن لَّمۡ تَفۡعَلُواْ فَأۡذَنُواْ بِحَرۡبٖ مِّنَ ٱللَّهِ وَرَسُولِهِۦۖ"

 ’’اے ایمان والو! اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور جو سود باقی رہ گیا ہے، وہ چھوڑدو، اگر تم سچ مچ ایمان والے ہو۔ اور اگر ایسا نہیں کرتے تو تم اللہ اور اس کے رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) سے لڑنے کے لیے تیار ہوجاؤ۔‘‘                                                            (البقرۃ: ۲۷۸- ۲۷۹) 

اسی طرح حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  نے سود لینے اور دینے والے، سودی حساب لکھنے والے اور سودی شہادت دینے والے سب پر لعنت فرمائی ہے:

" عن جابر، قال: لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم أكل الربا، وموكله، وكاتبه، وشاهديه، وقال: هم سواء."

(مسلم شریف، باب الربا، باب لعن آكل الربا ومؤكله،ج: 3، ص: 1219، ط: دار إحياء التراث العربي)

ترجمہ: "حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے سود کھانے والے، کھلانے والے، اس کی گواہی دینے والے اور اس کا معاملہ لکھنے والے سب پر لعنت فرمائی اور فرمایاکہ یہ سب برابر ہے۔"

جس بستی میں سود ہوتا ہے وہ بستی سود کی وجہ سے ہلاک و برباد ہوجاتی ہے، ایک مقام پر ارشاد ہے:

" عن عبد الرحمن بن عبد الله بن مسعود عن أبيه: إذا ظهر الزنا و الربا في قرية أذن الله بهلاكها."

(كتاب الكبائر للذهبي، الكبيرة الثانية عشرة، ص: 63، ط: دار الندوة الجديدة)

ترجمہ: "حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: جب کسی بستی میں زنا اور سود پھیل جائے، اللہ تعالیٰ اس بستی والوں کو ہلاک کرنے کی اجازت دیتا ہے۔"

سود خور سخت عذاب میں مبتلا ہوں گے، حدیث شریف میں ہے:

" عن أبي هريرة، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " أتيت ليلة أسري بي على قوم بطونهم كالبيوت، فيها الحيات ترى من خارج بطونهم، فقلت: من هؤلاء يا جبرائيل؟ قال: هؤلاء أكلة الربا."

(سنن ابن ماجة، کتاب التجارۃ، باب التغلیظ فی الربا، ج:2، ص:763، ط:دار إحیاء الکتب العربیة)

ترجمہ: "حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: جس شب مجھے (معراج میں) سیر کرائی گئی، میں ایک جماعت کے پاس سے گزرا جس کے پیٹ کمروں کے مانند تھے، ان میں بہت سے سانپ پیٹوں کے باہر سے دکھائی دے رہے تھے، میں نے کہا: جبرائیل! یہ کون لوگ ہیں؟  کہنے لگے کہ سود خور ہیں."

سود  کا گناہ ماں سے زنا کرنے کے گناہ سے بھی بدتر ہے، حدیث شریف میں ہے:

" عن أبي هريرة، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "الربا سبعون حوبا، أيسرها أن ينكح الرجل أمه."

(سنن ابن ماجة، کتاب التجارۃ، باب التغلیظ فی الربا، رقم الحدیث:2274، ج:2، ص:763، ط:دار إحیاء الکتب العربیة)

ترجمہ: "حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپﷺ نے فرمایا: سود میں ستر گناہ ہیں، سب سے ہلکا گناہ ایسے ہے، جیسے مرد اپنی ماں سے زنا کرے۔"

مذکورہ تفصیل کی رو سے صورتِ مسئولہ میں سائل کا اپنے مذکورہ رشتہ دار سے مذکورہ رقم لے کر اُسے بطورِ قرض ماہانہ بنیاد پر کوئی مخصوص رقم نفع کے عنوان سے دینا سودی معاملہ ہونے کی وجہ سے شرعاً ناجائز ہوگا۔ اس قسم کا معاملہ کرنا صریح حرام اور ناجائز ہوگا۔

البتہ سائل اگر اپنے اس رشتہ دار سے اس کی یہ رقم بطورِ قرض نہ لے، بلکہ دونوں مل کر مشترکہ طور پر یہ فلیٹ خرید لیں، تو ایسی صورت میں سائل اور اس کا مذکورہ رشتہ دار اپنی اپنی رقم کے تناسب سے اس فلیٹ میں حصہ دار ہوں گے۔

فلیٹ کی خریداری کا معاملہ کرتے ہوئے اس سے اس کا حصہ کرایہ پر لینے کی شرط نہ لگائے۔ بلکہ فلیٹ خریدنے کے بعد ایک دوسرے معاملے کے ذریعے سائل اپنے رشتہ دار سے فلیٹ میں اس کا اس کا حصہ باقاعدہ کرایہ پر لے لے، یعنی اس کے حصے کو سائل ایک متعین کرایہ پر لے لے، اور اس کے ساتھ یہ وعدہ کرلے کہ جب میرے پاس تیس لاکھ روپے ہوجائیں گے، تو آپ اتنی رقم پر اس فلیٹ میں سے اپنا حصہ مجھے فروخت کردینا اور میں آپ سے آپ کا حصہ تیس لاکھ روپے میں خرید لوں گا لیکن یہ خرید و فروخت کا معاملہ صرف وعدہ کے درجے میں ہو، شرط کے درجے میں نہ ہو، ورنہ تو یہ کرایہ کا معاملہ بھی فاسد ہوجائے گا۔

تو جب تک سائل کے پاس پوری رقم دینے کا بندو بست نہیں ہوتا، اس وقت تک کرایہ کا معاملہ چلائے اور جب وہ رقم دے سکے تو آپس کی رضامندی سے کرایہ کا معاملہ ختم کرکے نئے سرے وعدے کے مطابق رقم طے کرکے اس حصے کو سائل اپنے رشتہ دار سے خرید لے۔

معاملہ کے جواز کی دوسری صورت یہ ہے کہ تیس لاکھ رقم کے بقدر رشتہ دار کو اس فلیٹ میں شریک کرلے اور اس کو اس کا حصہ کا مالک بھی بنادے، پھر ایک دوسرے معاملے یعنی بیع بالتقسیط کا معاملہ کرلے، یعنی اس کے حصے کو اس سے تیس لاکھ سے زیادہ رقم( جو بھی آپس کی رضامندی سے طے ہو) میں متعین قسطوں پر خرید لے، اور ماہانہ یا جو بھی ایام آپس میں طے ہو، ان میں قسط کی ادائیگی کرتا رہے، لیکن جتنی رقم طے ہوجائے وقت پر ادا نہ کرنے کی وجہ سے کوئی اضافی رقم (لیٹ پیمنٹ چارجز، جرمانہ) کی شرط نہ ہو، اگر اضافہ(جرمانہ) کی شرط ہوگی تو پورا معاملہ فاسد ہوجائے گا۔

الدر المختار میں ہے:

" وفي الأشباه كل قرض جر نفعا حرام."

(كتاب البيوع، باب المرابحة والتولية، فصل في القرض، ج: 5، ص: 166، ط: ایچ ایم سعید)

بحوث في قضايا فقهية معاصرة میں ہے:

" حقيقة البيع بالتقسيط:البيع بالتقسيط بيع بثمن مؤجل يدفع إلى البائع في أقساط متفق عليها، فيدفع البائع البضاعة المبيعة إلى المشتري حالّة، ويدفع المشتري الثمن في أقساط مؤجلة، وإن اسم (البيع بالتقسيط) يشمل كل بيع بهذه الصفة سواء كان الثمن المتفق عليه مساويا لسعر السوق، أو أكثر منه، أو أقل، ولكن المعمول به في الغالب أن الثمن في (البيع بالتقسيط) يكون أكثر من سعر تلك البضاعة في السوق، فلو أراد رجل أن يشتريها نقدا، أمكن له أن يجدها في السوق بسعر أقل ولكنه حينما يشتريها بثمن مؤجل بالتقسيط، فإن البائع لا يرضى بذلك إلا أن يكون ثمنه أكثر من ثمن النقد، فلا ينعقد البيع بالتقسيط عادة إلا بأكثر من سعر السوق في بيع الحال."

(أحكام البيع بالتقسيط، ص: 11، ط: دار القلم)

فقط والله اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805100997
تاریخ19-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں