بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

4 جمادى الاخرى 1448ھ 15 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

شوہر کا چار ماہ تک ازدواجی تعلق قائم نہ ہونے کی وجہ سے نکاح کے ختم ہونے کا دعوٰی کرنا

سوال

میری بیٹی کی شادی 10 جون 2026 کو ہوئی تھی، میں نے اس کی منگنی کی تھی، تو اس کے منگیتر اور سسرال والوں نے اسے بہت اکسایا، اور جلدی شادی مانگی، میں نے منع کیا تو میری بیٹی کو بہت باغی کردیا، اور مجبوراً میں نے اس کا نکاح کروادیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں کچھ بھی نہ دو، لیکن میں نے پھر بھی پانچ دن بعد قرض لےکر فرنیچر، کپڑے اور جیولری دے دی۔

اس کا شوہر اور ساس تقریباً چار سے پانچ ماہ اس کے ساتھ رہے، اور اب لڑکا کہہ رہا ہے کہ میرا نکاح فاسد ہوگیا ہے؛ اس لیے کہ ہمارا آپس میں کوئی ازدواجی تعلق قائم نہیں ہوا، لڑکی کے ساتھ میرا کوئی رشتہ نہیں بنا، جبکہ میری بیٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے درمیان میاں بیوی والے تعلقات قائم ہوئے ہیں، اور ہم ساتھ رہے ہیں، مجھے کوئی طلاق بھی نہیں دی، اور اب بلاوجہ کہہ رہے ہیں کہ نکاح فاسد ہوگیا، نکاح نامہ بھی لڑکے کے پاس ہے، جوکہ وہ ہمیں نہیں دے رہاہے۔

میری بیٹی کے ساتھ وہ لوگ غلط کررہے ہیں، اور بول رہے ہیں کہ چار ماہ تک تعلق قائم نہ ہونے کی وجہ سے نکاح فاسد ہوگیا ہے۔آپ قرآن وسنت کی روشنی میں اس مسئلے کا حل بتائیں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں شوہر کا یہ دعوٰی کرنا کہ چار ماہ تک ازدواجی تعلق قائم نہ ہونے کی وجہ سے نکاح فاسد ہوگیا ہے، شرعاً درست نہیں، یہ بے بنیاد بات ہے، اس لیے کہ محض تعلقات قائم نہ ہونے سے نکاح فاسد نہیں ہوتا ہے، خواہ کتنا ہی عرصہ گزر جائے، جبکہ بیوی کا بیان ہے کہ تعلقات قائم ہوئے تھے۔

لہٰذا اگر شوہر نے طلاق کے الفاظ نہیں کہے تھے، اور نہ ہی بیوی سے ازدواجی تعلق قائم نہ کرنے کی قسم کھائی تھی، تو ایسی صورت میں نکاح بدستور برقرار ہے، خود ختم نہیں ہوا ہے۔

شوہر پر لازم ہے کہ وہ بیوی کو اپنے ساتھ رکھے، اور اس کے تمام حقوق ادا کرے، اس طرح بلاوجہ بیوی کو چھوڑدینا اور معلق رکھنا درست نہیں ہے، شریعتِ مطہرہ نے شوہر کو اپنی  بیوی کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھنے اور حسنِ سلوک کرنے کی ترغیب دی ہے، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اہل و عیال کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے والے کو بہترین شخص قرار دیا ہے۔ اور حجۃ الوداع کے موقع پر مردوں کو اپنی بیویوں کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے کی خاص طور پر وصیت فرمائی، اور مردوں کو پابند کیا کہ اگر بیویاں شریعت کے دائرہ میں رہتے ہوئے شوہر کی اطاعت کرتی رہیں تو ان پر کسی قسم کی زیادتی کا اختیار نہیں۔

         ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

" وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ فَإِنْ كَرِهْتُمُوهُنَّ فَعَسَى أَنْ تَكْرَهُوا شَيْئًا وَيَجْعَلَ اللَّهُ فِيهِ خَيْرًا كَثِيرًا "(النساء: 19)

ترجمہ:" اور ان عورتوں کے ساتھ خوبی  کے  ساتھ گزران کرو،  اور اگر وہ تم کو ناپسند ہوں تو  ممکن ہے  کہ تم ایک شے   کو ناپسند کرو  اور اللہ تعالیٰ اس کے اندر  کوئی  بڑی منفعت رکھ دے۔"(ازبیان القرآن)

سنن ترمذ ی میں ہے:

" عن محمد بن عمرو، قال: حدثنا أبو سلمة ، عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «أكمل المؤمنين إيمانا أحسنهم خلقا»، وخيركم خيركم لنسائهم."

ترجمہ: " سب سےکامل ایمان اس شخص کا ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں، اور تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو اپنی بیویوں کے حق میں سب سے بہتر ہو۔"

(‌‌أبواب الرضاع عن رسول الله صلى الله عليه وسلم، ‌باب ‌ما ‌جاء ‌في ‌حق ‌المرأة ‌على ‌زوجها، ج:2، ص:454، ط:دار الغرب الاسلامی)

وفیہ ایضا:

" عن شبيب بن غرقدة ، عن سليمان بن عمرو بن الأحوص قال: حدثني أبي «أنه شهد حجة الوداع» مع رسول الله صلى الله عليه وسلم، فحمد الله وأثنى عليه، وذكر ووعظ، فذكر في الحديث قصة، فقال: ألا واستوصوا بالنساء خيرا، فإنما هن عوان عندكم، ليس تملكون منهن شيئا غير ذلك، إلا أن يأتين بفاحشة مبينة، فإن فعلن فاهجروهن في المضاجع واضربوهن ضربا غير مبرح، فإن أطعنكم فلا تبغوا عليهن سبيلا، ألا إن لكم على نساءكم حقا، ولنسائكم عليكم حقا، فأما حقكم على نساءكم فلا يوطئن فرشكم من تكرهون ولا يأذن في بيوتكم لمن تكرهون، ألا وحقهن عليكم أن تحسنوا إليهن في كسوتهن وطعامهن."

ترجمہ: " میرے والد نے مجھ سے بیان کیا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع میں شریک تھے۔ آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان فرمائی، پھر لوگوں کو نصیحت فرمائی اور انہیں وعظ و تذکیر کیا۔ اس حدیث میں آپ ﷺ نے ایک موقع پر ارشاد فرمایا:

خبردار! عورتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے کی میری وصیت قبول کرو، کیونکہ وہ تمہارے زیرِ نگرانی ہیں، اور تم ان کے بارے میں اس کے علاوہ کسی چیز کے مالک نہیں ہو .............. خبردار! تمہارا تمہاری بیویوں پر ایک حق ہے اور تمہاری بیویوں کا تم پر ایک حق ہے۔ تمہارا ان پر حق یہ ہے کہ وہ تمہارے بستر پر ایسے شخص کو نہ آنے دیں جسے تم ناپسند کرتے ہو، اور تمہارے گھروں میں ایسے شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہ دیں جسے تم پسند نہیں کرتے۔ اور تم پر ان کا حق یہ ہے کہ تم ان کے کھانے اور لباس کے معاملے میں ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو۔"

(أیضاً، ص:455)

فتاوٰی شامی میں ہے:

" (هو) لغة اليمين. وشرعا (الحلف على ترك قربانها) مدته ولو ذميا (والمولي هو الذي لا يمكنه قربان امرأته إلا بشيء) مشق (يلزمه) إلا لمانع كفر.

(قوله: هو لغة اليمين) وجمعه ألايا وفعله آلى يولي كتصريف أعطى فتح (قوله: وشرعا الحلف إلخ) يشمل التعليق بما يشق فإنه يسمى يمينا كما قدمناه في باب التعليق، ولهذا قال في الفتح: وفي الشرع هو اليمين على ترك قربان الزوجة أربعة أشهر فصاعدا بالله تعالى، أو بتعليق ما يستشقه على القربان. قال: وهو أولى من قول الكنز الحلف على ترك قربانها أربعة أشهر لأن مجرد الحلف يتحقق في نحو إن وطئتك فلله علي أن أصلي ركعتين أو أغزو فإنه لا يكون بذلك موليا لأنه ليس مما يشق في نفسه وإن تعلق إشقاقه بعارض ذميم من النفس من الجبن والكسل اهـ وهذا وارد على المصنف، وما أجاب به في البحر رده في النهر وشرح المقدسي."

(کتاب الطلاق، باب الإیلاء، ج:3، ص:422، ط:سعید)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805100919
تاریخ15-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں