بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

12 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

پہلے سودے کی رقم ادا کرنے کے لیے نیا معاملہ کرنے کا حکم

سوال

زید نے عمرو کو سات موٹر سائیکلیں سات لاکھ روپے میں ایک سال کے ادھار پر فروخت کیں۔ ایک سال بعد عمرو کے پاس سات لاکھ روپے یکمشت ادا کرنے کے لیے رقم نہیں تھی۔

عمرو نے زید سے کہا کہ وہ اسے مزید موٹر سائیکلیں قسطوں پر فروخت کر دے۔ چنانچہ زید نے ایک بارگین والے سے سات موٹر سائیکلیں سات لاکھ دس ہزار روپے میں خریدیں اور ان پر قبضہ کیا۔  پھر وہ موٹر سائیکلیں عمرو کو دس لاکھ روپے میں ماہانہ پچاس ہزار روپے کی قسطوں پر فروخت کر دیں۔ اس کے بعد عمرو نے وہ موٹر سائیکلیں ایک تیسرے شخص(زید کے علاوہ ) کو سات لاکھ روپے نقد میں فروخت کر کے زید کو پہلے سودے کے سات لاکھ روپے ادا کر دیے۔

اس نئے معاملے کے ذریعے عمرو نے پہلے سودے کے سات لاکھ روپے یکمشت ادا کر دیے، اور اب اس پر دوسرے سودے کے دس لاکھ روپے ماہانہ پچاس ہزار روپے کی قسطوں میں ادا کرنا لازم ہیں۔ 

کیا دوسرا معاملہ شرعاً درست ہے؟ اور زید کے لیے اس معاملے سے نفع لینا کیسا ہے؟

جواب

صورت مسئولہ میں اگر واقعۃً زید نے مزید موٹر سائیکلیں سات لاکھ  دس ہزار میں خرید کر اس پر قبضہ کرنے کے  بعد کر عمرو  کو دس لاکھ روپے میں  ماہانہ 50 ہزار  ادا کرنے کے شرط پر فروخت کی تھیں ، اور قسط  میں  تاخیر کی صورت میں کسی قسم کے جرمانہ کی شرط نہیں لگائی تھی، تو یہ  دوسرا سودا شرعاً درست  تھا ، اور دوسرے سودے سے موٹر سائیکلیں آگے فروخت کرکے پہلے سودے کے سات  لاکھ روپے ادا کرنا اور زید کا وصول کرنا جائزہوگا۔

مجلۃ الاحکام العدلیہ میں ہے :

"‌البيع ‌مع ‌تأجيل ‌الثمن وتقسيطه صحيح  يلزم أن تكون المدة معلومة في البيع بالتأجيل والتقسيط."

(الفصل الثانی فی بیان المسائل المتعلقۃ فی البیع  بالتاجیل والنسیئة، ج:1، ص:228، ط:دار الجیل)

فقط والله اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805100900
تاریخ03-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں