دوسرے کا بیٹا گود لینے کے احکامات
سوال
ایک شخص اپنا بچہ پیدا ہوتے ہی دوسرے کسی رشتہ دار کو دیتا ہے، جس کی پرورش وہ دوسرا شخص کرتا ہےاور اس کو اپنا حقیقی بیٹے جیسا سمجھتا ہے، حقیقی والدین کا اس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتاہے، یہ ہمارے علاقے میں بہت عام ہوچکا ہے، اب سوال یہ ہے کہ ایسا کرنا شرعاً درست ہے یا نہیں؟ نیز حقیقی والدین اس طرح کرنے سے گناہ گار ہوں گے یا نہیں؟ نیز اس میں جواز کی کوئی صورت ہے جس کو اختیار کرنے سے جانبین گناہ بچ جائیں؟
جواب
1۔واضح رہے کہ شریعتِ مطہرہ میں کسی ایسے بچہ کو گودلینا اور منہ بولا بیٹا بنانا جو کسی اور کا بچہ ہو اور کی پرورش اور دیکھ بھال کرنا جائز ہے، زمانہ جاہلیت میں یہ رواج تھا کہ لوگ دوسروں کے بچوں کو گود لیا کرتے تھے اور ان کی پرورش کیا کرتے تھے، لیکن اس میں یہ خرابی پائی جاتی تھی کہ اس بچہ کی نسبت اپنے حقیقی والد کی بجائے اپنی طرف کیا کرتے تھے، جس کی شریعت مطہرہ نے اصلاح کی اور اس بات پر نکیر فرمائی اور لوگوں کو یہ حکم دیا کہ ایسے بچے کی نسبت اپنے حقیقی والد ہی کی طرف کی جائے، اسی طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کو اپنا منہ بولا بیٹا بنایا تھا اور لوگ ان زید بن حارثہ کی بجائے زید بن محمد ہی کہا کرتے تھے، پھر جب شریعت نے اس پر نکیر فرمائی، تو پھر ان کو زید بن حارثہ کہا جانے لگا۔
لہٰذا کسی بچہ کو گودلینا اور اپنا منہ بولا بیٹا بنانا جائز ہے، لیکن جس کو منہ بولا بیٹا بنایا جائے، اس کے لیے ضروری ہے کہ اس بچہ کی نسبت اس کے اصل والد ہی کی طرف کی جائے، جس شخص نے بچہ کو گود لیا ہے، اس کی طرف نسبت کرنا اور والد کی جگہ اس کا نام لکھنا ناجائز اور حرام ہے اور یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ جس بچے کو گود لیا جارہا ہےوہ گود لینے سے حقیقی بیٹا نہیں بنے گا اور نہ ہی اس پر حقیقی بیٹے والے احکامات جاری ہوں گے بلکہ وہ اپنے حقیقی ماں باپ کا بیٹا ہی رہے گا، اس کے اور اس کے والدین کے درمیان میراث بھی جاری ہوگی اور والدین اور اولاد کے درمیان دیگر تمام احکامات بھی جاری ہوں گے۔
قرآن کریم میں ہے:
"وَمَا جَعَلَ أَدْعِيَاءَكُمْ أَبْنَاءَكُمْ ۚ ذَٰلِكُمْ قَوْلُكُم بِأَفْوَاهِكُمْ ۖ وَاللَّهُ يَقُولُ الْحَقَّ وَهُوَ يَهْدِي السَّبِيلَ . ادْعُوهُمْ لِآبَائِهِمْ هُوَ أَقْسَطُ عِندَ اللَّهِ ۚ فَإِن لَّمْ تَعْلَمُوا آبَاءَهُمْ فَإِخْوَانُكُمْ فِي الدِّينِ وَمَوَالِيكُمْ ۚ "[4، 5]
تفسير قرطبی میں ہے:
"قوله تعالى: (وما جعل أدعياءكم أبناءكم) أجمع أهل التفسير على أن هذا نزل في زيد بن حارثة. وروى الأئمة أن ابن عمر قال: ما كنا ندعو زيد بن حارثة إلا زيد ابن محمد حتى نزلت:" ادعوهم لآبائهم هو أقسط عند الله" [الأحزاب: 5]."
(سورة الاحزاب، ج:14، ص:118، ط:دار الكتب المصرية)
فتاوی عالمگیری میں ہے:
"اللقيط وهو في الشريعة اسم لحي مولود طرحه أهله خوفا من العيلة أو فرارا من تهمة الزنا مضيعه آثم ومحرزه غانم.
والالتقاط مندوب إليه، وإن غلب على ظنه ضياعه كأن وجده في الماء، أو بين يدي سبع، فواجب."
(كتاب اللقيط، ج:2، ص:285، ط:دار الفكر)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

