بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 جُمادى الأولى 1448ھ 10 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

مردانہ لباس میں سونے اور چاندی کے بٹن لگانے کا شرعی حکم

سوال

مردانہ لباس میں سونا ، چاندی ، پلاٹینیم اور دیگر دھات سے گندھے ہوئے بٹن لگوائے جائے ، تو کیا شرعی اعتبار سے اس کی گنجائش ہے ؟

نیز اگر اس کی اجازت ہے تو کیا ان کے لیے کوئی شرعی وزن مقرر ہے ، جس طرح چاندی کی انگوٹھی میں مردوں کے لیے 4.374 ملی گرام وزن مقرر ہے ۔

نیز یہ بھی بتائیں کہ مجموعی اعتبار سے تمام بٹن کے وزن کا اعتبار ہوگا یا ہر بٹن کا علیحدہ وزن معتبر ہوگا۔

جواب

صورتِ مسئولہ میں مردانہ لباس میں سونے اور چاندی کے بٹن لگوانے کی شرعاً اجازت ہے، بشرطیکہ وہ کپڑے میں اس طرح گندھے ہوئے ہوں کہ کپڑے ہی کے تابع شمار ہوں، یعنی لباس کے ساتھ پیوست ہوں باآسانی کپڑے سے علیحدہ نہیں کیے جاسکتے ہوں اور مستقل زیور کی حیثیت نہ رکھتے ہوں۔ ایسی صورت میں ان کا استعمال شرعاً جائز ہے۔

البتہ اگر سونے یا چاندی کے بٹن کپڑے سے الگ ہوں اور انہیں بعد میں لباس میں لگایا جاتا ہو، مثلاً ڈبل کف والے بٹن، جو کپڑے سے علیحدہ کیے جاسکتے ہیں، تو ان کا استعمال مردوں کے لیے جائز نہیں ہے۔ نیزسونے اور چاندی کے علاوہ دیگر دھاتوں، مثلاً پیتل،پلاٹینیم، تانبے وغیرہ کے بٹن لگوانا بھی شرعاً جائز ہے، خواہ وہ کپڑے میں گندھے ہوئے ہوں یا الگ لگائے جاتے ہوں، بشرطیکہ ان میں کوئی دوسری شرعی ممانعت نہ ہو۔

لہٰذا اس مسئلے میں اصل اعتبار بٹنوں کے وزن کا نہیں، بلکہ اس امر کا ہے کہ وہ کپڑے کے تابع ہیں یا مستقل حیثیت رکھتے ہیں۔ 

فتاوی شامی میں ہے :

"لا بأس بعروة القميص وزره من الحرير لأنه تبع وفي التتارخانية عن السير الكبير لا بأس بأزرار الديباج والذهب وفيها عن مختصر الطحاوي لا يكره علم الثوب من الفضة ويكره من الذهب."

(كتاب الحظر والإباحة، فصل في اللبس، ج: 6، ص: 355، ط: سعيد)

الأبواب والتراجم لصحيح البخاري  میں ہے:

"وأما الثوب المزرر بالذهب إذا كان الثوب من غير حرير فهو مباح عندنا كما في "الدر المختار" إذ قال: وفي "شرح الوهبانية" عن "المنتقى": لا بأس بعروة القميص وزرّه من الحرير لأنه تبع، وفي "السير الكبير": لا بأس بأزرار الذهب والديباج، إلى آخر ما ذكر. وفي "فتاوى رشيدية": أن العبرة في إباحة أزرار الذهب والفضة للمساحة لا الوزن، بخلاف الخاتم فإن العبرة فيها للوزن، انتهى."

(باب خواتيم الذهب، ج:6، ص: 199، ط:دار البشائر الإسلامية للطباعة، بيروت)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

"كُرتے میں سونے کے بٹن

سوال [۹۳۵۲]: سونا استعمال کرنا مردوں کے لیے حرام ہے، لیکن سابق صدر مفتی حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن صاحب علیہ الرحمہ نے اپنے فتاویٰ دار العلوم میں لکھا ہے کہ "سونے کا بٹن مردوں کے لیے کرنا جائز ہے"۔ دلیل درمختار وغیرہ سے پیش کر کے یہ فرمایا کہ "چونکہ یہ بٹن مستقل نہیں، بلکہ لباس کے تابع ہیں، لہذا درست ہے" (۱)۔ آیا واقع میں یہ درست بھی ہے یا نہیں؟ کیوں کہ بہت دنوں کے بعد اس نگاہ پہنچی ہے، اس لیے تعجب ہو رہا ہے، ورنہ حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے فتویٰ کو دیکھنے کے بعد لب کشائی کی گنجائش نہیں رہ جاتی۔

الجواب حامداً ومصلياً:

 اگر سونے کے بٹن کرتے میں گندھے ہوئے ہیں (۲)، تو یہ کرتے کے تابع ہو کر جائز ہے: "لا بأس بإزرار الديباج أو الذهب"۔ الدرالمختار علی ہامش ردالمحتار: (۳۴۸/۵)-(۳)۔

اور اگر الگ بنے ہوئے ہیں اور کرتے میں لگاتے ہیں جیسا کہ آج کل رواج ہے تو نا جائز ہے، اس لیے کہ اس صورت میں وہ کرتے کے تابع نہیں ہوں گے (۱)، فقط واللہ تعالیٰ اعلم۔"

(الفصل الثالث في مصنوعات الذهب وغيره(سونے وغیرہ کی مصنوعات کا بیان) ،ج:19، ص: 352، ط: ادارہ الفاروق)

فتاوی مفتی محمود میں ہے:

"(۳) مرد کے لیے سونے کے بٹن اور گھڑی کا چین لگانے کے متعلق شرعی احکام کیا ہیں؟

ج: (۳) سونے کے بٹن جائز ہیں، ولا باس بازرار  الذهب (درمختار)۔ گھڑی کا چین بھی جائز ہے، والخيط الذي تربط  به الساعة(شامی) لیکن اس کے استعمال سے بچے تو بہتر ہے۔"

(شرکت اور مضاربت کا بیان، ج: 8، ص: 141، ط: اشتیاق اے مشتاق پریس، لاہور)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805100646
تاریخ10-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں