بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

12 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

حکومت کی طرف سے مالی امداد میں وراثت کی تقسیم کا حکم

سوال

ایک لڑکی کی شادی کو تقریباً چار ماہ گزرے تھے کہ اس کا شوہر پہاڑوں میں ہونے والے ایک بلاسٹ کے واقعے میں شہید ہوگیا۔ شوہر کی وفات کے بعد مذکورہ لڑکی نے شرعی عدت پوری کی۔ عدت مکمل ہونے کے بعد اس کے والدین اسے اپنے گھر لے آئے۔ اب حکومت اور محکمۂ ماربل کی جانب سے اس کے مرحوم شوہر کے نام پر کچھ رقم بطورِ امداد و معاوضہ دی جا رہی ہے۔ اس رقم کے حصول کے لیے مذکورہ لڑکی کا شناختی کارڈ ضروری قرار دیا گیا ہے۔ لہٰذا، دریافت طلب امر یہ ہے کہ:

(1) کیا حکومت اور محکمۂ ماربل کی طرف سے مرحوم شوہر کے نام پر ملنے والی رقم مذکورہ بیوہ کا حق ہے یا تمام ورثاء کا؟

(2) اور اگر یہ رقم وراثت میں شمار ہوگی تو مرحوم کے دیگر شرعی ورثاء کی موجودگی میں بیوہ کا حصہ کتنا ہوگا؟ 

جواب

صورتِ مسئولہ میں حکومت کی طرف سے جو رقم دی جا رہی ہے، وہ مذکورہ بیوہ کے شوہر کے ذاتی مال میں داخل نہیں ہے، بلکہ یہ رقم حکومت مذکورہ بیوہ کو بطورِ مالی امداد کے دے رہی ہے۔ لہذا، اس صورت میں یہ مالی امداد حکومت جس کے نام پر جاری کرے گی، اسی کو ملے گی؛ اس رقم میں کسی قسم کی وراثتی تقسیم نہیں ہوگی۔

لہذا، حکومت کی طرف سے دی جانے والی مکمل رقم مذکورہ بیوہ کو دی جائے گی۔

بدائع الصنائع میں ہے:

"لأن الإرث إنما يجري في المتروك من ملك أو حق للمورث على ما قال «- عليه الصلاة والسلام - من ترك مالا أو حقا فهو لورثته»ولم يوجد شيء من ذلك فلا يورث ولا يجري فيه التداخل؛ لما ذكرنا، والله سبحانه وتعالى أعلم."

(کتاب الحدود، فصل فی شرائط جواز اقامة الحدود، ج:7 ص: 57 ط: دار الکتب العلمیة)

امداد الفتاوی میں ہے:

"چوں کہ میراث مملوکہ اموال میں جاری ہوتی ہے اور یہ وظیفہ محض تبرع واحسانِ سرکار ہے، بدون قبضہ کے مملوک نہیں ہوتا، لہذا آئندہ جو وظیفہ ملے گا اس میں میراث جاری نہیں ہوگی، سرکار کو اختیار ہے جس طرح چاہیں تقسیم کردے۔"

( کتاب الفرائض، عنوان: عدم جریان میراث در وظیفہ سرکاری تنخواہ، ج:4 ص:343  ط: دارالعلوم)

فقط و اللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805100601
تاریخ01-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں