صحت یابی پر دیگ پکوانے کی نیت کرنے کا حکم
سوال
ایک شخص کی بیوی کا پاؤں پھسل گیا، جس کی وجہ سے اس کی ٹانگ پر چوٹ آگئی، ڈاکٹر نے پوری ٹانگ پر پلاسٹر باندھ دیا، جو تقریباً 19 یا 20 دن تک رہا۔ اس شخص نے ارادہ کیا اور نیت کر لی کہ جب میری بیوی کی ٹانگ سے پلاسٹر اتر جائے گا تو ایک دیگ پکوا کر غریبوں اور رشتہ داروں کو کھلاؤں گا، اور اس میں سے ایک بالٹی بھر کر شب جمعہ کے موقع پر جو ساتھی بیان سننے آتے ہیں ان کو کھلاؤں گا، جب بیوی کی ٹانگ سے پلاسٹر اتر گیا ، تو دیگ پکوانے سے ایک دن پہلے اس شخص نے اپنی بیوی کو بتایا کہ میں نے اس طرح نیت کی تھی اور ابھی کل دیگ بنواؤں گا۔ چنانچہ اگلے دن دیگ پکوا دی۔
اب دریافت طلب امور یہ ہیں:
1۔ شبِ جمعہ میں جو لوگ بیان سننے آتے ہیں، ان میں صاحبِ نصاب اور غریب دونوں طرح کے لوگ ہوتے ہیں۔ کیا مذکورہ دیگ میں سے سب لوگ کھا سکتے ہیں یا صرف غریب اور مستحق افراد ہی کھا سکتے ہیں؟
2۔ جس شخص نے دیگ پکوا کر غریبوں کو کھلانے کی نیت کی تھی، کیا وہ خود، اس کی بیوی اور بچے بھی اس دیگ میں سے کھا سکتے ہیں؟
3۔ مذکورہ دیگ کا شرعی حکم کیا ہے؟ کیا یہ نذر و منت کی دیگ شمار ہوگی یا عام صدقہ کی؟ نیز کیا اس میں سے صاحبِ نصاب افراد بھی کھا سکتے ہیں؟
جواب
صورتِ مسئولہ میں مذکورہ شخص نے اگر واقعی صرف دل میں یہ ارادہ اور نیت کی تھی کہ بیوی کی ٹانگ سے پلاسٹر اترنے پر دیگ پکوا کر غریبوں اور رشتہ داروں کو کھلائے گا، اور شبِ جمعہ کے بیان میں آنے والے ساتھیوں کے لیے بھی کھانے کا انتظام کرے گا۔ اس نے زبان سے نذر یا منت کے الفاظ ادا نہیں کیے،تو اس سے شرعاً نذر و منت کے حکم میں نہیں، اور نیت پر عمل کرنا لازم نہیں ہوئی، اور بعد میں جب اپنی بیوی سے تکلم کر کے کہا کہ میں نے اس طرح نیت کی تھی، تو چونکہ اس میں اپنی نیت کی خبر دی ہے، اپنے اوپر الزام نہیں کیا ہے، اس لیے اس سے بھی نذر منعقد نہیں ہوئی ۔لہٰذا مذکورہ کھانا نفلی صدقہ اور تبرع کے حکم میں ہے۔
1۔ چونکہ یہ نفلی صدقہ ہے، اس لیے شبِ جمعہ کے بیان میں آنے والے صاحبِ نصاب اور غیر صاحبِ نصاب دونوں افراد اس میں سے کھا سکتے ہیں، صرف غرباء اور مستحقین کے لیے مخصوص نہیں ہے۔
2۔ مذکورہ شخص خود، اس کی بیوی اور بچے بھی اس کھانے میں سے کھا سکتے ہیں، اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں۔
3۔ مذکورہ دیگ نذر و منت کی دیگ نہیں، بلکہ نفلی صدقہ ہے؛ لہٰذا اس کے احکام بھی نفلی صدقہ والے ہوں گے، جس میں مال دار افراد اور خود صدقہ کرنے والے کے لیے بھی کھانے کی گنجائش ہے۔
بدائع الصنائع میں ہے:
"فركن النذر هو الصيغة الدالة عليه وهو قوله: " لله عز شأنه علي كذا، أو علي كذا، أو هذا هدي، أو صدقة، أو مالي صدقة، أو ما أملك صدقة، ونحو ذلك."
(كتاب النذر، بيان ركن النذر وشرائطه،ج: 4، ص: 81، ط: دار الكتب العلمية)
العرف الشذی میں ہے:
"ومنها أنه عمل اللسان لا القلب فقط، وصيغته صيغة الشرط والجزاء."
(أبواب النذور والأيمان، ج: 1، ص: 279، ط: سعيد)
بدائع الصنائع میں ہے:
"وأما صدقة التطوع فیجوز صرفها إلی الغنی لأنها تجري مجری الهبة".
( كتاب الزكاة، فصل شرائط ركن الزكاة، فصل الذي يرجع إلى المؤدى إليه، ج: 2، ص: 48، ط: سعید)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

