بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

1 جمادى الاخرى 1448ھ 12 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

اپنی اولاد کو محروم کرنے کے لیے جائیداد دیگر رشتہ داروں کو ہبہ کرنا یا انتقال کے بعد رشتہ داروں میں تقسیم کرنے کی وصیت کرنا

سوال

ایک عورت کے اپنے بچے موجود ہیں اور اس کی اپنی ملکیت میں کچھ مال زمین یا جائیداد ہے۔ وہ عورت یہ چاہتی ہے کہ اس کی وفات کے بعد اس کی جائیداد اس کے بچوں کو نہ ملے، بلکہ اس کے بھائیوں، بھتیجوں یا دیگر رشتہ داروں کومل جائے۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا کوئی عورت اپنی وفات کے بعد اپنی جائیداد کے بارے میں اس طرح وصیت کر سکتی ہے کہ اس کے شرعی وارث خصوصاً اس کے بچے، وراثت سے محروم ہوجائیں؟

2۔ اگر وہ اپنی زندگی میں اپنی جائیداد کسی دوسرے رشتہ دار کو ہبہ کرنا چاہے تو اس کا کیا حکم ہے، اور اس کی شرعی حدود کیا ہیں؟

3۔ ایسی صورت میں خاندان کے افراد کی شرعی ذمہ داری کیا ہے؟ کیا اسے سمجھانا اور اس عمل سے روکنا ضروری ہے؟

4۔ اگر وہ سمجھانے کے باوجود اپنی بات پر قائم رہے تو کیا اس کے ساتھ سختی سماجی بائیکاٹ یا قطع تعلق کرنا جائز ہے ؟ اگر جائز نہیں تو اصلاح کے لیے کس حد تک سختی یا تادیب کی جاسکتی ہے؟

  براه کرم قرآن و سنت اور فقہ حنفی کی روشنی میں اس مسئلے کا مکمل حکم بیان فرما دیں۔

جواب

1 ۔واضح رہے کہ وراثت ایک ایسا حق ہے کہ جس سے نہ کسی وارث کو محروم کیا جا سکتا ہے، نہ ہی اللہ تعالی کی طرف سے اس کے مقرر کردہ حصہ کو کم کیا جا سکتا ہے، اگر کوئی شخص اپنے شرعی ورثاء کو محروم کرنے کے لیے  اپنی جائیداد دیگر رشتہ داروں وغیرہ میں تقسیم کرتا ہے، تو اس کا یہ عمل شرعاً ناجائز ہوتا ہے ایسا کرنے والوں متعلق  احادیث میں سخت وعیدیں آئی ہیں ، چنانچہ   "حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: جس شخص نے اپنے وارث کی میراث کاٹی تو روزِ قیامت اللہ تعالیٰ اس کی جنت کی میراث کاٹ دے گا۔"

نیز کوئی شخص اگر اپنی زندگی میں اپنے شرعی وارث کے علاوہ کسی اجبنی   کے لیے وصیت کرتا ہے تو وہ وصیت اس کی وفات کے بعد اس کے متروکہ اموال کے  ایک تہائی مال میں  نافذ العمل ہوتی ہے، اس سے زیادہ میں  نافذ العمل ہونا مرحوم کے ورثاء کی رضامندی پر موقوف ہوتا  ہے۔

 لہذا صورتِ مسئولہ میں مذکورہ خاتون کی یہ چاہت کہ اس کے انتقال کے بعد اس کی جائیداد اس کے شرعی ورثاء (اولاد وغیرہ) کو نہ ملے بلکہ اس کے بھائیوں، بھتیجوں یا دیگر رشتہ داروں کومل جائے، اولاد کو جائیداد سے محروم کرنے کی وجہ سے  شرعاً ناجائز ہے۔

تاہم اگر وہ  یہ وصیت کر بھی لیتی ہے کہ  میری ساری جائیداد شرعی ورثاء کے علاوہ  بھائیوں بھتیجوں اور رشتہ داروں کو ملے ، تو  اس کی یہ وصیت صرف ایک تہائی ترکہ میں  نافذ کی جائے گی، بقیہ  دو تہائی ترکہ اس کے شرعی ورثاء میں ان کے شرعی حصوں کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔

2۔اگر وہ اپنی اولاد کو محروم کرنے کے لیے اپنی جائیداد کسی رشتہ دار کوشرعی طریقہ کے مطابق  ہبہ کرے  گی تو ہبہ تو منعقد ہو جائے گا، لیکن وہ خاتون ورثاء کو وراثت سے محروم کرنے کی وجہ سے گناہ گار ہوگی۔

3،4۔خاندان کے دیگر افراد کو چاہیے کہ وہ اسے حکمت و نرمی سے سمجھائیں، اور وہ خاتون اپنی اولاد کو محروم کر کے جن رشتہ داروں کو  ہبہ کرنا چاہتی ہے، ان کو بھی چاہیے کہ وہ اس سے جائیداد قبول نہ کریں، اسے واپس کر کے اسے گناہ سے بچائیں۔

چوں کہ ہر شخص اپنی جائیداد کا مالک ہے، وہ اس میں ہر جائز تصرف کا حق رکھتا ہے، اس لیے اگر خاتون  نرمی سے سمجھانے  کے باوجود بھی نہ سمجھے تو اس سے قطع تعلقی نہ کی جائے، اور نہ ہی اس پر کسی قسم کی سختی کی اجازت ہو گی۔

مشکاۃ المصابیح میں ہے: 

"وعن أنس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من قطع ميراث وارثه قطع الله ميراثه من الجنة يوم القيامة ."

(کتاب الفرائض ،باب الوصایا،الفصل الثالث،ج:1، ص:462،ط:مکتبۃ البشر ٰی)

فتاوی شامی میں ہے:

"(وتجوز بالثلث للاجنبي) عند عدم المانع (وإن لم يجز الوارث ذلك لا الزيادة عليه إلا أن تجيز ورثته بعد موته) ولا تعتبر إجازتهم حال حياته أصلا بل بعد وفاته (وهم كبار) يعني يعتبر كونه وارثا أو غير وارث وقت الموت لا وقت الوصية، على عكس إقرار المريض للوارث."

(کتاب الوصایا، ج:6، ص:650، ط: سعید)

 تکملۃ رد المحتار   میں ہے: 

"الإرث جبري لايسقط بالإسقاط."

(کتاب الدعوی، باب التحالف، فصل في دفع الدعاوی، ج: 7، ص: 505، ط: ایچ ایم سعید)

 فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805100523
تاریخ12-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں