بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

12 نومبر 2026 ء

دارالافتاء

 

بہن کے سسرال یا بہنوئی کے گھر میں بغیر اجازت کے داخل ہونے کا حکم

سوال

 کیا کوئی شخص اپنی بہن کے سسرال یا بہنوئی کے گھر بغیر اجازت،بغیر اطلاع، جب مرضی دل کرے ملنے آسکتا ہے؟ جبکہ بہنوئی یہ بات پسند نہ کرتا ہو اور وہ شخص بضد ہو کہ اس سلسلے میں (بہنوئی کے گھر میں آنے میں) اسے کسی سے بھی اجازت لینے یا اطلاع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ برائے کرم اس کی شرعی رہنمائی فرمائیں!

جواب

دوسرے کے گھروں میں بلا اجازت جانا اور داخل ہونا شرعاً ناجائز ہے، قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے اس کے بارے میں واضح فرمادیا ہے کہ دوسروں کے گھروں میں بغیر اجازت کے مت داخل ہو۔

لہٰذا صورت مسئولہ میں مذکور شخص کا اپنی بہن کےسسرال یا بہنوئی کے گھر اس کی اجازت کے بغیر جانا درست نہیں، بلکہ بہن کے سسرال یا کسی دوسرے کے گھر میں جانے سے پہلے انہیں اطلاع دینا اور ان سے  اجازت لینا ضروری ہے۔

قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

"يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَدۡخُلُواْ بُيُوتًا غَيۡرَ بُيُوتِكُمۡ حَتَّىٰ تَسۡتَأۡنِسُواْ وَتُسَلِّمُواْ عَلَىٰٓ أَهۡلِهَاۚ ذَٰلِكُمۡ خَيۡرٞ لَّكُمۡ لَعَلَّكُمۡ تَذَكَّرُونَ (27)"

ترجمہ: "اے ایمان والو تم اپنے (خاص رہنے کے) گھروں کے سوا دوسرے گھروں میں داخل مت ہو جب کہ (ان سے) اجازت حاصل نہ کرلو اور اجازت لینے سے قبل ان کے رہنے والوں کو سلام نہ کرلو یہی تمہارے لیے بہتر ہے، (یہ بات تم کو اس لیے بتلائی ہے) تاکہ تم خیال رکھو (اور اس پر عمل کرو)۔" (ازبیان القرآن)

تفسیر ابن کثیر میں ہے:

"هذه آداب شرعية، أدب الله بها عباده المؤمنين وذلك في الاستئذان أمرهم أن لا يدخلوا بيوتا غير بيوتهم حتى يستأنسوا، أي يستأذنوا قبل الدخول، ويسلموا بعده، وينبغي أن يستأذن ثلاث مرات، فإن أذن له وإلا انصرف."

(سورة النور، الآية: 27، ج: 6، ص: 33، ط: دار الكتب العلمية)

بدائع الصنائع میں ہے:

"(وأما) حكم الدخول في بيت الغير فالداخل لا يخلو إما أن يكون أجنبيا أو من محارمه فإن كان أجنبيا فلا يحل له الدخول فيه من غير استئذان لقوله تبارك وتعالى {يا أيها الذين آمنوا لا تدخلوا بيوتا غير بيوتكم حتى تستأنسوا وتسلموا على أهلها} [النور: 27] قيل تستأنسوا أي تستأذنوا وقيل تستعلموا وهما متقاربان لأن الاستئذان طلب الإذن والاستعلام طلب العلم والإذن إعلام وسواء كان السكن في البيت أو لم يكن لقوله تعالى {فإن لم تجدوا فيها أحدا فلا تدخلوها حتى يؤذن لكم} [النور: 28]."

(کتاب الاستحسان، ج: 5، ص: 125، ط: دار الكتب العلمية)

فقط واللہ اعلم

دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


فتویٰ نمبر 144805100274
تاریخ01-11-2026

تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن یا اس سے زائد وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں