دودھ کی ماہانہ خریدوفروخت کے سلسلے میں جس دن دودھ وصول نہ کیاجائے اس دن کی قیمت واجب الاداء قراردینے کاحکم
سوال
ہم نے دودھ کے دکاندارسےیہ معاہدہ کیا ہواہے کہ ہم روزانہ کی بنیادپراپنامطلوبہ دودھ وصول کریں گے،اورادائیگی مہینہ کے آخرمیں کریں گے۔
ایک دن ہمیں دودھ کی ضرورت نہیں تھی،توہم نےدکاندارسے کہا کہ آج کا کھاتہ حساب سے کاٹ دیں،اس نے جواباً کھاتہ ختم کردیا ،اورکہاکہ مہینہ کے آخرمیں وہ پورے مہینہ کی رقم لے گا۔
کیا اس معاملہ میں بیع فاسدہ کی خرابی تولازم نہیں آتی؟
جواب
روزانہ کی بنیاد پردودھ کی مطلوبہ مقدار دودھ والے سے لینا اور مہینہ کے آخر میں کل مقدار کی قیمت ادا کرنا ادھار خریدوفروخت کامعاملہ ہے،جس کاحکم یہ ہےکہ مہینہ بھرمیں جتنے کلودودھ گاہک وصول کرےگا، اتنی ہی مقدار کی قیمت اداکرنا اس پرلازم ہوگا، جس دن دودھ وصول نہ کرے اس دن کی قیمت لازم نہیں ہوگی، لہٰذا صورت مسئولہ میں دکاندار کے لیےصرف اس مقدار دودھ کی قیمت وصول کرناجائز ہوگا، جس مقدار دودھ سائل نے مہینہ بھرمیں وصول کیاہو، زائد قیمت مانگنا شرعاً جائز نہیں ہوگا، کیوں کہ جس دن دودھ نہیں خریدا گیا اس دن کی قیمت بلاعوض شمار ہوگی، اور بلاعوض کسی پر رقم لازم کرنا دوسرے کے مال کو بلا سبب شرعی لیناہے، جس کی شرعا اجازت نہیں۔
نیز دکاندار نے اگرابتداء میں عقد میں یہ شرط لگارکھی ہو کہ سائل مہینہ بھرمیں دودھ وصول کرے یانہ کرے،بہرصورت مکمل مہینہ کے دودھ کی متعین قیمت اداکرنے کاپاپند ہوگا، تواس صورت میں مذکورہ معاملہ شرط فاسد کی وجہ سے فاسد ہوگا، بصورت دیگراگریہ بات بعد میں کی گئی ہو، توبیع فاسد تونہ ہوگی، تاہم زائد رقم کامطالبہ کرنا دکاندار کے لیے جائز نہیں ہوگا۔
فتاوی شامی میں ہے:
"لا يجوز لأحد من المسلمين أخذ مال أحد بغير سبب شرعي"
(کتاب الحدود، باب التعزیر، ج: 4، ص: 61، ط: سعید)
وفيه أيضًا:
"(قوله ولا بيع بشرط) شروع في الفساد الواقع في العقد بسبب الشرط «لنهيه صلى الله عليه وسلم عن بيع وشرط»، لكن ليس كل شرط يفسد البيع نهر. وأشار بقوله بشرط إلى أنه لا بد من كونه مقارنا للعقد؛ لأن الشرط الفاسد لو التحق بعد العقد، قيل يلتحق عند أبي حنيفة، وقيل: لا وهو الأصح كما في جامع الفصولين"
(كتاب البيوع، باب البيع الفاسد، مطلب في البيع بشرط فاسد، ج:5، ص:84، ط:سعيد)
فقط واللہ اعلم
دارالافتاء — جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

